اسلام آباد پولیس نے غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورشن لگانے کا اعلان کیا ہے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق سری نگر ہائی وے، فیصل ایونیو اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر عارضی ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: کشمیر چوک پر تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا اعلان
سری نگر ہائی وے پر ریڈ زون سے کورال تک مختلف مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑا جائے گا۔
پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے استعمال کرنے والے شہری سہروردی روڈ، سروس روڈ جی 8 اور نائنتھ ایونیو کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کریں۔
ٹریفک ایڈوائزری /مورخہ 08 اکتوبر 2026
غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے باعث سری نگر ہائی وے،فیصل ایونیو، سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔
1۔ سری نگرہائی وے ریڈزون تا کرال تک مختلف مقامات پر ڈائیورشن ہوگی۔
سری نگر ہائی وے والی ٹریفک سہروردی روڈ، سروس روڈ… pic.twitter.com/YcN18gZWbw
— Islamabad Police (@ICT_Police) October 8, 2026
زیرو پوائنٹ سے کورال جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو سے سفر کرے، جبکہ کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانے ایئرپورٹ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ، آئی جے پی روڈ اور فقیر ایپی روڈ استعمال کریں۔
ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ اگر کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ یا کلب روڈ بند کیے جاتے ہیں تو شہری لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد میں راستوں کی صورتحال کیا ہے؟
اسلام آباد سے شہر سے باہر جانے والے شہریوں کو جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہری بنی گالا اور پارک روڈ کے راستے اختیار کریں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ڈائیورشنز کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے، اس لیے شہری اپنے سفر کے لیے معمول سے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت رکھ کر گھروں سے نکلیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔










