غزہ کی نسرین کی دردناک داستان: ایک ہی جنگ میں 2 شوہروں اور 2 معصوم بچوں کی شہادت

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اکتوبر 2023 میں غزہ پر اسرائیلی جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک 34 سالہ نسرین تومان کے لیے کوئی ایک رات بھی ایسی نہیں گزری جو آنسوؤں کے بغیر بیتی ہو۔ نسرین محض 3 سال کے قلیل عرصے میں 2 بار بیوہ ہو چکی ہیں اور اپنے 2 ننھے بچوں کی شہادت کا صدمہ جھیل چکی ہیں۔

اسرائیلی حملوں سے قبل نسرین وسطی غزہ کے النصیریت کیمپ میں اپنے 35 سالہ شوہر سامی اور 2 بچوں، 5 سالہ محمود اور 2 سالہ لیث کے ساتھ ایک خوشحال اور باوقار زندگی گزار رہی تھیں۔ اپنے آنسو ضبط کرتے ہوئے نسرین بتاتی ہیں’میرا ایک مکمل گھرانہ تھا، ہم میاں بیوی کے ساتھ ساتھ ایک بہترین دوست بھی تھے۔‘

سب کچھ بدل گیا

8 جون 2024 کو نسرین اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ خان یونس کے علاقے المواصی میں موجود رشتہ داروں سے مل کر واپس گھر پہنچیں۔ بچے گلی میں کھیل رہے تھے اور تمام حالات معمول کے مطابق تھے کہ اچانک شدید بمباری اور گولیوں کی آوازیں آنے لگیں۔ نسرین کے شوہر فوراً بچوں کو گھر کے اندر لانے کے لیے باہر بھاگے تاکہ گھر میں موجود خاندان کے 25 افراد کو محفوظ کیا جا سکے۔

جب وہ حالات کا جائزہ لینے دوبارہ باہر نکلے تو ایک اسرائیلی کواڈ کاپٹر ڈرون نے ان کے سر پر گولی مار کر انہیں موقع پر ہی شہید کر دیا۔ اس کے چند ہی منٹوں بعد، اسرائیلی طیاروں نے اس مکان پر بمباری کر دی۔

یہ بھی پڑھیے انجلینا جولی نے غزہ کی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کردیں، فوری امداد کا مطالبہ

نسرین یاد کرتی ہیں’کچھ لمحوں کے لیے میری بصارت ختم ہو گئی اور چاروں طرف گرد و غبار پھیل گیا۔ جب دھول چھٹی تو ہر طرف چیخ و پکار، خون اور جسم کے ٹکڑے بکھرے ہوئے تھے۔ میں اپنے بچوں کو پکارنے لگی۔‘

نسرین نے جب اپنے دونوں بچوں کو زمین پر بے حس و حرکت پڑے دیکھا، جن میں سے ایک کے سر پر شدید چوٹیں تھیں اور دوسرا ایسا لگ رہا تھا جیسے سو رہا ہو، تو وہ سمجھ گئیں کہ دونوں شہید ہو چکے ہیں۔ ان کے جیٹھ نے بچوں کو ان کی گود میں رکھ دیا۔ نسرین کہتی ہیں، ’میں بولنے کی صلاحیت کھو چکی تھی، بس خاموشی سے آنسو بہہ رہے تھے۔‘

وہ 2 گھنٹے تک اپنے بچوں کے لاشوں کو گود میں لیے تباہ شدہ مکان میں محصور رہیں، یہاں تک کہ ریڈ کراس کی مدد سے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

8 جون 2024 کا دن النصیریت کیمپ پر اسرائیلی فوج کے اس آپریشن کے لیے جانا جاتا ہے جس میں 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے نام پر 4 گھنٹے میں 89 عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا اور 274 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ نسرین کے شوہر اور بچوں کے علاوہ ان کی بہن، ساس، 2 جیٹھ اور دیگر رشتہ داروں سمیت خاندان کے 18 افراد اس ایک دن میں شہید ہو گئے۔

ایک مشکل فیصلہ

خاندان کے خاتمے کے بعد نسرین المواصی میں اپنے والدین کے خیمے میں چلی گئیں۔ ساڑھے 4 ماہ بعد، ان کے مرحوم شوہر کے بھائی (جو ان کی مرحومہ بہن کے شوہر بھی تھے) نے نسرین کو شادی کی تجویز دی تاکہ وہ اپنی مرحومہ بہن کے 4 بچوں کی دیکھ بھال کر سکیں۔

ابتدا میں شدید انکار کے بعد نسرین نے محض اپنی بہن کے بچوں، خصوصاً ایک سالہ سب سے چھوٹے بچے کی خاطر شادی کی رضامندی ظاہر کردی۔ نسرین بتاتی ہیں کہ اس شادی میں کوئی جذباتی تعلق نہیں تھا بلکہ یہ 2 دکھے ہوئے انسانوں کا ایک دوسرے کی کمی کو پورا کرنے کا ایک فیصلہ تھا۔

یہ بھی پڑھیے غزہ جنگ کے آغاز سے اسرائیلی حملوں میں 262 فلسطینی صحافی شہید

بعد میں اپنی والدہ کے مشورے اور بچوں کی یاد کو بہلانے کے لیے انہوں نے دوبارہ ماں بننے کا فیصلہ کیا۔

دوسرا بڑا صدمہ

تاہم، شادی کے 8 ماہ بعد 8 جولائی 2025 کو ایک بار پھر ان کی دنیا اجڑ گئی۔ ان کے دوسرے شوہر محمد صبح بچوں کے ساتھ ناشتہ کرنے کے بعد دوست سے ملنے نکلے ہی تھے کہ النصیریت کے العودہ اسپتال کے قریب ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے۔

نسرین کے لیے یہ دوسرا صدمہ پہلے سے بھی زیادہ دردناک تھا۔ اس وقت وہ حاملہ تھیں۔ شوہر کی شہادت کے 4 ماہ بعد انہوں نے ایک بیٹی کو جنم دیا جس کا نام سدرہ رکھا گیا۔

غم کے سایے میں جنم لینے والی زندگی

سدرہ کی پیدائش نے نسرین کے پرانے زخموں کو ایک بار پھر تازہ کر دیا۔ سدرہ، جو اب ایک سال کی ہونے والی ہے، نسرین کے لیے غم کے اس صحرا میں ایک عارضی سہارا تو ہے لیکن انہیں اس بات کا شدید رنج ہے کہ ان کی بیٹی اپنے باپ کے بغیر بڑی ہوگی۔

اب نسرین اپنی بیٹی کے ساتھ غزہ میں اپنے والدین کے گھر رہتی ہیں اور اپنے تمام تر احساسات اپنی بیٹی پر مرکوز کر دیے ہیں۔

وہ کہتی ہیں’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میری زندگی میں اتنے مظالم لکھے ہوں گے۔ بعض اوقات لگتا ہے کہ یہ کسی فلم کی کہانی ہے، لیکن اس خونریز جنگ میں، کچھ بھی ممکن ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp