وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ اور اس معاملے میں وفاقی محتسب اور صدر پاکستان کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 12 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ وفاقی محتسب پنشن کی اہلیت طے کرنے کے لیے مقرر مخصوص قانونی طریقہ کار کو نظرانداز نہیں کرسکتا اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والے شخص کو پنشن دینے کا حکم نہیں دیا جاسکتا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق کسی قانونی حق کے تنازع کو محض بدانتظامی قرار دے کر وفاقی محتسب کا دائرۂ اختیار وسیع نہیں کیا جاسکتا۔ پنشن کی درخواست مسترد ہونا بذات خود بدانتظامی نہیں، بلکہ بدانتظامی ثابت کرنے کے لیے من مانی، امتیازی سلوک، غفلت یا بلاجواز تاخیر جیسے عناصر کا موجود ہونا ضروری ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ قانون کے لازمی تقاضے پورے کرنے کی وجہ سے کسی درخواست گزار کو نقصان پہنچنا بدانتظامی کے زمرے میں نہیں آتا۔ ای او بی آئی قانون کے تحت پنشن کے لیے عمومی طور پر کم از کم 15 سال کی شراکت درکار ہے، جبکہ یکم جولائی 2008 یا اس کے بعد بیمہ شدہ ملازمین پر 5 سال کی خصوصی رعایت لاگو نہیں ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ: اپنے 5 سالہ بچے کو زندہ جلانے کے الزام میں نامزد ماں عدم شواہد پر بری
حکم نامے کے مطابق جاوید اقبال بھٹی کی بیمہ شدہ ملازمت 6 سال سے بھی کم تھی، اس لیے وہ پنشن کے قانونی حق کے اہل نہیں تھے۔ انہیں پہلے دی گئی 48 ہزار روپے کی اولڈ ایج گرانٹ بھی پنشن کا حق پیدا نہیں کرتی۔
وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ قانونی اہلیت کی لازمی شرط کو ہمدردی یا انصاف کے عمومی تصور کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جاسکتا۔ فوائد کی اہلیت، رقم اور مدت کا تعین ای او بی آئی قانون کی دفعہ 33 کے تحت ہوگا، جبکہ قانون میں فیصلے کے خلاف نظرثانی اور اپیل کا طریقہ کار بھی موجود ہے۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ بغیر دائرۂ اختیار جاری کیا گیا حکم صدر یا عدالت کی توثیق سے قانونی حیثیت حاصل نہیں کرسکتا۔ فیصلے کی وجوہات درج کرنا محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ قانونی بنیاد واضح کرنا ضروری ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔











