نیپرا نے بجلی مزید مہنگی کردی، صارفین پر 16ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیپرا نے اگست 2026 کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی صارفین پر 16 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا، اکتوبر کے بلوں میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 1.11 روپے اضافہ ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور پری پیڈ ٹیرف اختیار کرنے والے صارفین اس اضافی چارج سے مستثنیٰ ہوں گے۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگست 2026 کی مثبت فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ 1.11 روپے فی کلو واٹ آور مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق کے الیکٹرک اور سابق واپڈا کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کمرشل، زرعی اور بڑے صارفین کے لیے بجلی مہنگی، صنعتی صارفین کا بنیادی ٹیرف برقرار

نوٹیفکیشن کے مطابق تقسیم کار کمپنیاں اور کے الیکٹرک اگست کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ اکتوبر 2026 کے بلوں میں وصول کریں گے۔ اضافی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق اضافی بجلی استعمال پیکیج کے تحت آنے والے صارفین پر بھی ہوگا۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بتایا تھا کہ اگست میں بجلی کی اوسط حقیقی فیول لاگت 8.83 روپے فی یونٹ رہی، جبکہ منظور شدہ ریفرنس فیول لاگت 7.10 روپے فی یونٹ تھی۔ اس بنیاد پر سی پی پی اے نے فی یونٹ 1.73 روپے اضافی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا تھا۔

نیپرا نے مختلف ایڈجسٹمنٹس کے بعد حقیقی فیول لاگت 8.21 روپے فی یونٹ مقرر کی اور سی پی پی اے کی جانب سے مانگے گئے 1.73 روپے کے بجائے 1.11 روپے فی یونٹ اضافی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی۔

اگست میں اضافی فیول لاگت کی بڑی وجہ اسپاٹ مارکیٹ سے مہنگی ایل این جی کی درآمد رہی، کیونکہ قطر سے طے شدہ گیس کی فراہمی فورس میژر کی وجہ سے متاثر رہی۔ اس کے علاوہ کوئلے کی درآمد میں اضافہ اور سستی پن بجلی اور جوہری بجلی کی پیداوار توقع سے کم رہنے کے باعث بھی بجلی کی پیداواری لاگت بڑھی۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی مزید مہنگی، ملک بھر کے صارفین پر اضافی بوجھ عائد

اعداد و شمار کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار میں پن بجلی کا حصہ تقریباً 41 فیصد مقرر کیا گیا تھا تاہم یہ 38 فیصد سے کچھ کم رہا، جبکہ جوہری بجلی کا متوقع حصہ 16.4 فیصد تھا لیکن کراچی کے جوہری بجلی گھروں میں خرابی کے باعث یہ 10 فیصد رہا۔

پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے نتیجے میں درآمدی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا حصہ 15.6 فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ اس کا ہدف 7.4 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔

پن بجلی پر کوئی ایندھن لاگت نہیں آتی، جبکہ جوہری بجلی کی فی یونٹ اوسط ایندھن لاگت کم استعمال کے باعث 2.50 روپے کے بجائے 3.15 روپے رہی۔ درآمدی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 17 روپے فی یونٹ جبکہ مقامی کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 5.50 روپے فی یونٹ رہی۔

ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 45.93 روپے فی یونٹ رہی، جو فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے کی 45.25 روپے فی یونٹ لاگت سے بھی زیادہ ہے۔ فرنس آئل کی لاگت میں 73 ہزار روپے فی ٹن پٹرولیم لیوی بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صارفین پر 9 ارب 80 کروڑ روپے کا نیا بوجھ، نیپرا کا فی یونٹ بجلی 75 پیسے مہنگی کرنے کا فیصلہ

نیپرا کے مطابق فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا ہر ماہ جائزہ لیا جاتا ہے اور عام طور پر اس کا اطلاق صارفین کے بلوں پر صرف ایک ماہ کے لیے ہوتا ہے۔ ٹیرف نظام کے تحت ایندھن کی قیمتوں میں تبدیلی ماہانہ بنیاد پر خودکار طریقہ کار کے ذریعے صارفین کو منتقل کی جاتی ہے، جبکہ بجلی کی خریداری کی قیمت، صلاحیت چارجز، آپریشن و مرمت کے متغیر اخراجات اور نظام کے استعمال کے چارجز میں سہ ماہی تبدیلیاں بنیادی ٹیرف میں شامل کی جاتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp