بنگلہ دیش ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی جگہ لینے پر رضامند

جمعہ 9 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش نے ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی جگہ لینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

پاکستان کے ٹورنامنٹ میں شرکت کے باعث ایشین ہاکی فیڈریشن نے بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن کو 6 ٹیموں پر مشتمل ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی تھی، جس کی میزبانی بھارت 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان کی عدم شرکت پر بنگلہ دیش کی شمولیت کا امکان

ٹورنامنٹ میں میزبان بھارت کے علاوہ چین، جاپان، ملائیشیا، جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مقابلے جالندھر اور موہالی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹورنامنٹ کے لیے بھارت جانے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ مقابلے کسی غیر جانب دار مقام پر منتقل کیے جائیں یا پاکستان کے میچز غیر جانب دار مقام پر کرائے جائیں۔

تاہم ہاکی انڈیا نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول یا مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا تھا کہ بھارت میں قومی ٹیم نہ بھیجنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ دوطرفہ صورت حال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ’ادھار‘ لیکر چین روانہ، ’اب یہ کس کا وژن ہے؟‘

انہوں نے زور دیا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں اور عہدیداروں کی سلامتی اور عزت و وقار فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔

محی الدین احمد وانی نے ایشین چیمپیئنز ٹرافی اور ہاکی کی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ٹیم انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے تمام رکن ممالک، بشمول بھارت، کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تھا۔

یہ پیش رفت بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت متوقع ہے۔

بھگونت مان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پالیسی کے تحت پڑوسی ممالک کو کثیر ملکی کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت ہے، تاہم بھارت اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سیریز پر پابندیاں برقرار ہیں۔

پاکستان کی شرکت کے لیے درکار اجازت ناموں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا تھا کہ کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں کوئی مسئلہ نہیں، تاہم ممکن ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان انفرادی سیریز نہ ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان ہاکی ٹیم کا بھارت جانا حکومتی اجازت سے مشروط

ایشین چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد ایشین ہاکی فیڈریشن کرتی ہے، جس میں ایشیا کی نمایاں قومی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ بھارت ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن ہے، جس نے 2023 میں چنئی میں ٹائٹل جیتا اور 2024 میں چین کے شہر ہولون بوئر میں بھی کامیابی حاصل کرکے اعزاز برقرار رکھا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال بھی دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے تمل ناڈو میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

آپ کا بچہ اکیلے میں کس سے باتیں کرتا ہے؟ خیالی دوستوں کی حیران کن حقیقت

حنا الطاف کو فلائٹ میں ناخوشگوار تجربہ، پاس بیٹھا مسافر کیا کرتا رہا؟

پیٹ بھر کر کھانا کھانے کے باوجود رات کو کچھ کھانے کی طلب کیوں ہوتی ہے؟ جانیے دلچسپ وجوہات

غزہ: ریت کا پشتہ خیموں پر گرنے سے خاتون اور 3 بچے شہید

بنگلہ دیشی حکومت نے حسینہ واجد کی نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست مسترد کر دی

ویڈیو

اقبال کے کلام اور فکر کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر بصیرہ عنبرین

16 برس قبل تباہ ہونے والا اسکول پی ٹی آئی حکومت 13 برس میں تعمیر نہ کرسکی

اسلام آباد کی سڑکوں پر چلتی پھرتی کافی شاپ، آنکھوں میں بڑے خواب سجائے نوجوان کی دلچسپ کہانی

کالم / تجزیہ

اقبال اور سعودی عرب

ہارا ہوا ٹرمپ کیا کرے گا؟

انور مسعود کی دیوارِ گریہ