خیبر پختونخوا کے علاقے خانپور ٹیکسلا میں جندیال کے مقام پر ماہرین آثار قدیمہ نے 100 میٹر لمبی اور 50 میٹر چوڑی قدیم تاریخی عمارت (اسٹرکچر) دریافت کر لی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے قریب ہزار سال پرانے گکھڑ دور کے تاریخی مقامات سیاحوں کے لیے کھول دیے گئے
اس اہم دریافت سے گندھارا کی تاریخ، تہذیب اور شہری فن تعمیر کو سمجھنے کے لیے نئے باب کھل گئے ہیں۔
جمعے کے روز جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جندیال ڈی‘ کے نام سے موسوم یہ تاریخی اثر قدیم فصیل دار شہر سرکپ کے باہر مشہور یونانی انداز تعمیر کے جندائل مندر کے بالکل سامنے واقع ہے۔ اس ساخت کی نشان دہی سب سے پہلے سنہ 1864 میں الیگزینڈر کننگھم نے کی تھی تاہم ایک صدی سے زائد عرصے تک یہ علاقہ تحقیق سے محروم رہا۔
اگست 2026ء کے وسط میں شروع کی جانے والی کھدائی کے دوران یہاں سے بڑی اور مضبوط دیواریں برآمد ہوئی ہیں۔
ماہرین فی الوقت یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ عمارت عوامی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی تھی یا مذہبی نوعیت کی تھی۔
مزید پڑھیے: اسلام آباد: بدھ مت کے تاریخی آثار، شاہ اللہ دتہ غاروں کو عالمی توجہ کا مرکز بنانے کی تیاری
یہ اہم دریافت خیبر پاتھ پروجیکٹ کے تحت محکمہ آثار قدیمہ خیبر پختونخوا اور اطالوی ٹیم نے مل کر کی ہے۔
ماہرین کی رائے
محکمہ آثار قدیمہ خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالصمد نے اس دریافت کو خطے کی تاریخی اہمیت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جندیال میں ہونے والی اس دریافت سے ثابت ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سر زمین اب بھی اپنے اندر کئی اہم تاریخی راز چھپائے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح سائنسی تحقیق کو فروغ دینا، بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانا اور پھیلتی ہوئی شہری آبادی سے ان انمول تاریخی اثاثوں کو محفوظ بنانا ہے۔
خیبر پاتھ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اولیویری نے کہا کہ اس عمارت کا وسیع رقبہ اور اس کا اسٹریٹجک مقام سرکپ اور پورے خطہ گندھارا کے قدیم منظر نامے کے حوالے سے نئے اور اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔
مزید پڑھیں: خانپور کے ریڈ بلڈ مالٹوں میں خاص کیا ہے؟
واضح رہے کہ ‘خیبر پاتھ پروجیکٹ’ پچھلے ایک سال سے سوات سے لے کر خانپور ٹیکسلا تک صوبے کے 8 مختلف تاریخی مقامات پر جاری ہے جس میں سرسکھ کی قدیم فصیلوں کی کھدائی و تحفظ اور یونیسکو کی مجوزہ فہرست میں شامل بازیرا، باریکوٹ پر تحقیق شامل ہے۔











