پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اگر اپنے ارکانِ اسمبلی اور وزراء کے مسائل حل نہیں کر سکتے اور پولیس و انتظامیہ پر اختیار نہیں رکھتے تو انہیں صوبہ چلانے کا کوئی جواز نہیں۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امجد آفریدی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے دور میں بھی انہوں نے پیش گوئی کی تھی کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ صوابی سے آگے نہیں جا سکے گا۔ ان کے بقول موجودہ مارچ بھی صوبے سے باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی بار بار منصوبہ بندی تبدیل کر رہی ہے اور تاریخ پر تاریخ دے رہی ہے، کیونکہ اسے معلوم ہے کہ اسلام آباد پہنچنا آسان نہیں۔
مزید پڑھیں:لانگ مارچ کے دوران خیبرپختونخوا میں آٹے کے بحران کا خدشہ: قیمتیں آسمان پر، حکومتی اقدامات پر سوالات
امجد آفریدی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کوششیں کرنے والے پہلے اپنے وزراء اور ارکانِ اسمبلی کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ اپنے ارکانِ اسمبلی اور وزراء کو مشکلات سے نہیں نکال سکتے، جبکہ پولیس اور انتظامیہ بھی ان کے کنٹرول میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ ایس ایچ اوز اور ڈپٹی کمشنرز کے تبادلے نہیں کر سکتے اور اپنے ارکانِ اسمبلی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تو انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے بجائے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
پی ٹی آئی کے مارچ کی مدت پر تبصرہ کرتے ہوئے امجد آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو سیمی فائنل قرار دیا گیا تھا اور فائنل ایک ہفتے میں ہونے کی بات کی گئی، لیکن اب دو ماہ کا وقت دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق لانگ مارچ اٹک بھی عبور نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کو ٹیسٹ میچ سے بھی آگے لے گئی ہے۔
دوسری جانب رکنِ صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ’’گول مارچ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف خیبرپختونخوا کے اندر گھوم رہا ہے، جس سے نوجوانوں کی توانائیاں ضائع اور عوام کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مہر سلطانہ نے کہا کہ اگر یہ مارچ بے روزگاری، عوامی مسائل اور صوبے کے حقوق کے لیے ہوتا اور وفاقی حکومت سے مطالبات کیے جاتے تو اس کا کوئی مثبت نتیجہ نکل سکتا تھا۔ اگر پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ساتھ بٹھا کر عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتی تو یہ زیادہ بہتر ہوتا۔
انہوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گورننس کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور پی ٹی آئی کا بنیادی سیاسی ایجنڈا عدالتوں کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔ ان کے بقول اسلام آباد نہ پہنچ پانے کے خدشے کے باعث مارچ کے منصوبے میں بار بار تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:مذاکرات کی امید، لانگ مارچ طویل کرنے کی حکمت عملی یا وقت حاصل کرنے کا منصوبہ؟
مہر سلطانہ نے خبردار کیا کہ اگر لانگ مارچ صوابی سے آگے بڑھتا بھی ہے تو صوبے میں حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پہلے ہی بدامنی اور مختلف مسائل کا شکار ہے اور مزید نقصان برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ اگر مارچ کے نتیجے میں پی ٹی آئی کو سیاسی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر عائد ہوگی۔
گورنر راج سے متعلق سوال پر مہر سلطانہ نے کہا کہ اس حوالے سے پہلے بھی باتیں ہوتی رہی ہیں، تاہم گورنر راج نافذ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق گورنر راج آئینی طریقۂ کار کے تحت نافذ کیا جائے تو اسے غیر آئینی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے زور دیا کہ صوبائی حکومت کو سیاسی مارچوں کے بجائے امن و امان، بے روزگاری، بہتر گورننس اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔










