وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے بنکاک، تھائی لینڈ روانہ ہوگئے۔ عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس 12 سے 18 اکتوبر 2026 تک بنکاک میں منعقد ہوں گے۔
وزیر خزانہ پاکستان کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی مالیاتی اداروں، وزرائے خزانہ، پالیسی سازوں، ترقیاتی شراکت داروں، عالمی سرمایہ کاروں اور بینکوں کے نمائندوں کے ساتھ 60 سے زائد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستان معاشی استحکام کی بحالی کے بعد سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پیش رفت کر رہا ہے، جبکہ حکومت ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
عالمی مالیاتی اداروں کی قیادت سے ملاقاتیں
وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک گروپ کی قیادت، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی منظرنامے، اصلاحاتی اقدامات، نجی شعبے کی ترقی اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔
محمد اورنگزیب آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (MENAP) خطے کے وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنرز اور علاقائی مالیاتی اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک، اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی اور دیگر اہم ترقیاتی مالیاتی اداروں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
مختلف ممالک کے وزرائے خزانہ سے دوطرفہ ملاقاتیں
وزیر خزانہ چین، ترکیہ، ایران، برطانیہ اور میزبان ملک تھائی لینڈ کے ہم منصبوں سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں اقتصادی، سرمایہ کاری، تجارتی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے حکام سے ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون اور پاکستان کے اصلاحاتی و سرمایہ کاری ایجنڈے پر بات چیت ہوگی۔
عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پاکستان کے معاشی امکانات پیش کیے جائیں گے
محمد اورنگزیب جے پی مورگن، سٹی، ڈوئچے بینک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، ایم یو ایف جی، مشرق بینک، دبئی اسلامک بینک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
سرمایہ کاری سیمینارز، سرمایہ کار فورمز اور گول میز مباحثوں میں پاکستان کے سرمایہ کاری امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں، ساختی اصلاحات، عالمی سرمایہ منڈیوں تک رسائی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو پیش کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ علی بابا انٹرنیشنل ڈیجیٹل کامرس کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال ہوگا۔
عالمی پالیسی اور موسمیاتی اجلاسوں میں شرکت
وزیر خزانہ جی 24 وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے اجلاس، 17ویں وی 20 وزارتی مکالمے اور موسمیاتی اقدامات کے لیے وزرائے خزانہ کے اتحاد کے 16ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وہ روزگار کے بہتر مواقع سے متعلق وزارتی مکالمے، قرض لینے والے ممالک کے فورم کی گورننگ کونسل کے پہلے اجلاس اور سالانہ اجلاسوں کے عمومی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ خودمختار مالیاتی خطرات میں کمی اور آبادیاتی تبدیلی کو انسانی سرمائے میں اضافے اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنے سے متعلق اعلیٰ سطحی پالیسی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔
عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں سے ملاقاتیں
محمد اورنگزیب فچ ریٹنگز، موڈیز اور ایس اینڈ پی گلوبل سمیت تینوں بڑی عالمی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحاتی اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا۔
بین الاقوامی میڈیا اور پالیسی اداروں سے رابطے
وزیر خزانہ رائٹرز، بلومبرگ، نکی ایشیا، چینل نیوز ایشیا، وال اسٹریٹ جرنل اور اے ایف پی سمیت ممتاز بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وہ اٹلانٹک کونسل اور یوریشیا گروپ کے ساتھ پالیسی مباحثوں میں بھی شرکت کریں گے، جن میں پاکستان کے معاشی منظرنامے، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔
عالمی اجلاسوں کے دوران پاکستان کی جانب سے معاشی استحکام کی بحالی، مالیاتی اور بیرونی شعبے کے بفرز کو مضبوط بنانے، ساختی اصلاحات اور عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی میں پیش رفت کو اجاگر کیا جائے گا۔
سرمایہ کاری، برآمدات، نجی شعبے کی قیادت میں ترقی، روزگار کے مواقع اور مالیاتی شمولیت کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔
پاکستان عالمی اقتصادی و مالیاتی برادری کے ساتھ روابط مضبوط بنا کر معاشی استحکام کو سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت، برآمدات، روزگار اور پائیدار و جامع اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











