خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کی بازگشت، پولیس کی تیاری مکمل، اشتعال انگیزی کرنے والوں کی ویڈیوز ریکارڈ کرنے کی ہدایت

ہفتہ 10 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کی خبروں کی بازگشت میں خیبر پختونخوا پولیس نے کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی اور احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق سرکاری و نجی املاک کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز خیبر پختونخوا نے پولیس کو خصوصی ہدایات ایک ایسے وقت میں جاری کی ہیں جب وفاق صوبے کے کچھ اضلاع میں ایمرجنسی لگانے کی تیاری کررہا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاق کے خلاف اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے، جس کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خود کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ، وفاقی کابینہ سے کل منظوری لیے جانے کا امکان

پولیس حکام کے مطابق انہیں وفاق کی جانب سے پہلے ہی احتجاج اور مظاہروں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایات مل چکی تھیں۔

’امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا‘

پولیس کو جاری کردہ تحریری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور امن و امان کی صورت حال خراب کرنے میں ملوث عناصر سے قانون کے مطابق انتہائی سختی سے نمٹا جائےگا۔ کسی بھی ہنگامہ آرائی یا احتجاج کے دوران سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور املاک کو کسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ہدایات میں لکھا ہے کہ عوام کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی اجتماع، پُرتشدد سرگرمی یا اشتعال انگیزی کا حصہ بننے سے گریز کریں، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ امن و امان میں خلل ڈالنے، سیکیورٹی فورسز یا عمارتوں پر حملے کرنے یا شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ شہری پُرامن رہیں، قانون کی پاسداری کریں اور شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشنز، سرکاری عمارتوں، بینکوں، پیٹرول پمپس، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ احتجاجی مظاہروں اور کارروائیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی تاکہ بعد میں ضروری قانونی کارروائی میں مدد مل سکے۔

احتجاجی صورت حال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی یقینی بنائی جائے گی۔

پولیس پر دباؤ

پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس وقت خیبر پختونخوا پولیس شدید دباؤ میں ہے، جس کی وجہ صوبے اور وفاق کے درمیان تناؤ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاق چاہتا ہے کہ پولیس پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے میں مدد کرے، جبکہ سہیل آفریدی ایسا نہیں چاہتے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکام کی جانب سے پولیس کو لانگ مارچ روکنے اور غیر قانونی اقدامات کی صورت میں کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: گورنر راج پورے صوبے میں نافذ ہوگا، ایمرجنسی شاید کچھ اضلاع میں لگے، فیصل کریم کنڈی

انہوں نے مزید بتایا کہ وفاق کی جانب سے ایمرجنسی کی صورت میں پشاور اور دیگر اضلاع میں احتجاج اور مشتعل مظاہرین کے سامنے آنے کا خدشہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر تیار ہے۔

دوسری جانب، ایمرجنسی کی خبروں کے بعد پشاور کے حساس علاقوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp