سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی اور مری میں 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر کے تمام تر عوامی اجتماعات، جلسے جلوسوں اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور امن و امان کی برقرار رکھنے کے پیش نظر راولپنڈی اور مری کی ضلاعی انتظامیہ نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے دونوں اضلاع میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 144 نافذ کرنے کا باضابطہ حکم جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کی مدتِ نفاذ
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ریٹائرڈ) ندیم ناصر کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا: جنوبی اضلاع میں سیکیورٹی اقدامات سخت، 4 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ، ہنگو میں 3 روزہ کرفیو نافذ
اس دوران ضلع بھر میں ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور سیاسی و عوامی احتجاج پر مکمل طور پر پابندی عائد ہوگی۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں 5 یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
سخت پابندیاں اور ممنوعہ اقدامات
نوٹیفکیشن کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ امن و امان کی بقا کے لیے اسلحہ کی نمائش، ڈنڈے اور پیٹرول بم لے کر چلنے پر مکمل ممنوعیت ہوگی۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی خدشات اور قانون کی پاسداری
ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن میں واضح کیا ہے کہ یہ تمام سخت اقدامات ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد
راولپنڈی اور سیاحتی مقام مری میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قبل از وقت حفاظتی تدابیر کے تحت دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا جاتا رہا ہے۔
حساس ترین اضلاع میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ الرٹ پر ہیں، تاکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی بلا تعطل جاری رہ سکے۔











