غزہ میں نسل کشی کی رپورٹ سے لے کر نوبیل انعام تک، ناوی پلے کی جیت پر عالمی سیاست میں بھونچال

اتوار 11 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں سال کا نوبیل امن انعام حاصل کرنے والی سابق اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کی سربراہ اور جج ناوی پلے نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پر امریکی پابندیوں کو ‘ناقابلِ قبول’ اور ان ہونی قرار دے دیا ہے۔

عالمی عدالت انصاف کے گرد بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بین الاقوامی اداروں پر عائد پابندیوں کے خلاف رواں سال کی نوبیل امن انعام یافتہ ناوی پلے نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈین ادیبہ این کارسن نے سال 2026 کا ادب کا نوبیل انعام جیت لیا

ناروے کے شہر اوسلو میں واقع نوبیل پیس سینٹر کے ایک پروگرام میں نڈرنبرگ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے 85 سالہ جنوبی افریقی قانون دان ناوی پلے نے کہا کہ بین الاقوامی عدالتوں، بالخصوص دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے وجود کو برقرار رکھنے پر اس وقت شدید تناؤ اور تشویش پائی جاتی ہے۔

آئی سی سی عملے کو دھمکیاں اور امریکی پابندیاں

ناوی پلے نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ آئی سی سی کے صدہا اہلکار اور ملازمین اس وقت محسوس کر رہے ہیں کہ وہ شدید خطرے کی زد میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایک ملک کی جانب سے ججوں کے جاری کردہ عدالتی احکامات کی پاداش میں ان پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ انہوں نے ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بالکل غیر متوقع اور ‘ناقابلِ قبول’ قرار دیا۔

نوبیل انعام کا اعلان اور امریکا کی نا پسندیدگی

ناروے کی نوبیل کمیٹی نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ آئی سی سی کی سابق جج ناوی پلے کو رواں برس کے اعلیٰ ترین نوبیل امن انعام سے نوازا گیا ہے۔

اس اعلان کے چند ہی گھنٹوں بعد امریکا نے آئی سی سی کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا، جس پر اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کے دیگر رکن ممالک کی جانب سے فوری مذمت کی گئی۔

مزید پڑھیں:آپٹوجینیٹکس پر تحقیق، جرمن اور امریکی سائنسدان نوبیل انعام کے حقدار

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا کہ واشنگٹن جسے وہ ‘سرکش عدالت’ کہتے ہیں اس کے ساتھ تمام مالی و انتظامی لین دین پر پابندی عائد کرے گا۔

اس طرح ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے دی ہیگ کی اس عدالت کے خلاف طویل عرصے سے جاری مہم مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی نے امریکی پابندیوں کو بین الاقوامی قانون پر حملہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور اپنے بیان میں خبردار کیا کہ ‘تاریخ اس لمحے کا فیصلہ کرے گی’۔

امریکا اور اسرائیل کا شدید ردعمل

ناوی پلے کو یہ اعزاز ملنے پر امریکا اور اس کے اتحادی اسرائیل نے شدید تنقید اور مذمت کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو طویل عرصے سے خود نوبیل امن انعام حاصل کرنے کے خواہشمند رہے ہیں، نے نیویارک کے شہر سیکیورِس میں اپنے حامیوں کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوبیل کمیٹی کے اس فیصلے کو ‘شرمناک اور ذلت آمیز’ قرار دیا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ناوی پلے کا نام پہلے کبھی نہیں سنا۔ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ آئی سی سی کے رکن ممالک سے عدالت کی رکنیت چھوڑنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک ‘تعصب پسند’ شخصیت کو انعام دے کر نوبیل کمیٹی اپنا ‘اخلاقی قطب نما’ کھو چکی ہے۔

جبکہ اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اس انعام سے ‘اسرائیل مخالف نفرت’ کو جواز ملا ہے، اور طنزاً کہا کہ نازیمبصر اور پروپیگنڈا کرنے والے جوزف گوئبلز یقیناً ‘جہنم سے اس فیصلے پر داد دے رہے ہوں گے’۔

ناوی پلے کا کردار

ناوی پلے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں بطور جج خدمات سر انجام دینے کے علاوہ 2008 سے 2014 تک اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کی ہائی کمشنر بھی رہ چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نوبیل انعام یافتہ سائنسدان ڈیوڈ گراس نے دنیا کے خاتمے کی مدت بتادی

وہ اقوامِ متحدہ کے خود مختار بین الاقوامی کمیشن آف انکوائری (سی او آئی) کی سربراہ بھی تھیں، جس نے گزشتہ سال اپنی رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ غزہ میں نسل کشی ہو رہی ہے۔

تاہم یہ ادارہ براہ راست اقوامِ متحدہ کی طرف سے بات نہیں کرتا۔ اسرائیل نے کمیشن آف انکوائری کی اس رپورٹ اور نتائج کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں ‘تحریف شدہ اور جھوٹا’ قرار دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp