محمد رضوان نے معاذ صداقت سے متعلق کیا واقعہ سنایا؟

پیر 12 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کی قومی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بچپن کا واقعہ یاد کیا، جب وہ اپنے بھائی ہارون کے ساتھ پشاور میں ان کے گھر آئے تھے اور پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب رکھتے تھے۔

محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کل ہی کی بات ہو، جب ایک نوجوان لڑکا اپنے بھائی ہارون کے ساتھ ان کے گھر آیا تھا۔ اس کی آنکھوں میں امید اور دل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا عزم تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی بیٹر معاذ صداقت کی تاریخ ساز اننگز، تیز ترین سنچری بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے

رضوان نے کہا کہ آج اسی لڑکے معاذ صداقت کو پاکستان کی شرٹ پہنے دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ ان کے شاندار سفر کا آغاز ثابت ہو۔

انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے خوابوں پر یقین رکھیں اور کبھی ہمت نہ ہاریں۔ خواب پورے ہونے میں وقت لگ سکتا ہے، لیکن محنت، صبر اور اللہ پر بھروسے کے ساتھ بہت کچھ ممکن ہے۔

محمد رضوان نے پاکستان کے ٹی 20 کپتان صاحبزادہ فرحان اور پوری ٹیم کو سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز جیتنے پر مبارک باد بھی دی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0–2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان موبائل فون کے فرانزک تجزیے کے لیے این سی سی آئی اے میں پیش

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہ اپنی پہلی ٹی 20 بین الاقوامی سنچری مکمل کرنے سے صرف 4 رنز دور رہ گئے۔

صاحبزادہ فرحان نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے، جبکہ فخر زمان نے 22 اور حسن نواز نے ناقابل شکست 19 رنز کا حصہ ڈالا۔

216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عمران رندھاوا نے 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، سلمان مرزا نے 2 جبکہ صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp