فرانس کے شہر مارسیلے کے قریب ایک اسکول میں 14 سالہ طالب علم نے ہنٹنگ رائفل سے فائرنگ کر کے ہیڈ ٹیچر اور ایک خاتون اسٹاف ممبر کو زخمی کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس میں مارسیلے کے قریب واقع جوزف لاکینل کالج میں ایک 14 سالہ طالب علم نے گٹار کے کیس میں ہنٹنگ رائفل چھپا کر اسکول کے اندر داخلہ لیا۔
اوباگنے کے میئر جاں پیئر سکولاری نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم نے کالج کے کوریڈور میں پرنسپل اور ایک ٹیچر کی طرف دو بار فائرنگ کی۔
اس اچانک اور ہولناک واقعے کے نتیجے میں اسکول بھر میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور بچوں نے جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف دوڑ لگا دی۔
یہ بھی پڑھیں:فلسطینیوں کے حق میں فرانس، برطانیہ میں بڑے مظاہرے، دنیا کی بڑی طاقتیں ششدر رہ گئیں
خوش قسمتی سے اسکول کے ایک سپروائزر نے پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی انتہائی دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 سالہ حملہ آور کو قابو کر کے اس سے ہتھیار چھین لیا۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی چوٹیں جان لیوا نہیں ہیں۔
طلبا کی آپ بیتی اور خوف و ہراس کے لمحات
واقعے کے وقت اسکول میں موجود ایک طالب علم نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اس کی ریاضی کی ٹیچر نے پہلی گولی کی آواز کو قریبی تعمیراتی کام کا شور سمجھ کر نظر انداز کر دیا تھا، تاہم اس کے بعد ہونے والی دوسری فائرنگ کے فورا بعد سائرن بج گیا اور کلاسیں خالی ہو کر کوریڈور میں آ گئیں۔
طالب علم نے بتایا کہ ہم شدید خوف و ہراس کا شکار تھے اور ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔ باہر جانے کے دو راستے تھے، جن میں ایک کھیلوں کے ہال اور دوسرا باہر کی طرف جاتا تھا۔ بقا کی جبلت نے کام کیا اور میں نے فوری طور پر باہر کی طرف دوڑ لگا دی۔
سیاسی ردعمل اور ملک گیر احتجاج سے لاتعلقی
صدر ایمانوئل میکرون کے جانشین کی دوڑ میں سرفہرست دائیں بازو کی رہنما مارین لے پین نے اس واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اسکولوں میں سیکیورٹی کا کنٹرول کھو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول، جو کہ پناہ گاہیں ہونے چاہییں، اب ایسی جگہیں بن چکے ہیں جہاں لوگ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور عدم تحفظ اسکولوں کے اندر داخل ہو چکا ہے جہاں بہت سے طلبا اور اساتذہ خوف کے سائے میں جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں:فرانس میں ’بلاک ایوری تھنگ‘ مظاہرے، ہنگامہ آرائی اور تصادم
فائرنگ کے اس واقعے کے بعد صدر میکروں کے تعلیمی اور وزرائے داخلہ اسی روز کالج کا دورہ کرنے والے ہیں۔
دوسری طرف پولیس یونین کے ترجمان ایڈی سڈ نے بی ایف ایم ٹی وی کو بتایا کہ اس فائرنگ اور ملک بھر کے ہائی اسکولوں میں 3 ہفتوں سے جاری پرتشدد احتجاجی لہر کے درمیان بظاہر کوئی تعلق نہیں ہے، کیونکہ جوزف لاکینل کالج میں کسی قسم کی ناکہ بندی یا ہڑتال نہیں کی گئی تھی۔
فرانس میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران ہائی اسکولوں میں فنڈز کی کمی اور عملے کی کمی کے خلاف طلباء کی طرف سے احتجاجی مظاہرے اور ہڑتالیں دیکھنے میں آ رہی ہیں، جن میں سے بعض پرتشدد بھی ہو چکی ہیں۔
ان حالات کے درمیان تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے ملک بھر میں بحث جاری ہے، جہاں تعلیمی عملے اور طلبا کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔











