صارفین کو 1.2 ارب روپے کا ریلیف، بینکنگ محتسب نے 29 ہزار سے زائد شکایات نمٹا دیں

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز نے کہا ہے کہ مالیاتی فراڈ کی سرگرمیاں وسیع پیمانے پر پھیل چکی ہیں، جو بینکوں اور ان کے صارفین کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔

انہوں نے بینک صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس اور مالیاتی معلومات کو محفوظ رکھیں اور کسی بھی تیسرے شخص کے ساتھ خفیہ تفصیلات شیئر نہ کریں۔

بینکنگ محتسب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران ادارے نے 29 ہزار ایک سے زائد شکایات نمٹائیں اور شکایت کنندگان کو مجموعی طور پر 1.2 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بینکاری صارفین کو بروقت انصاف کے لیے عدلیہ اور بینکنگ محتسب کے تعاون پر اتفاق

اس عرصے میں ادارے کو 33 ہزار 625 نئی شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 5 ہزار 927 شکایات وزیراعظم کے پورٹل کے ذریعے بھیجی گئیں۔

سراج الدین عزیز نے صارفین کو خبردار کیا کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور دیگر مالیاتی اسناد کسی غیر متعلقہ شخص کو فراہم نہ کریں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا نیا ڈیجیٹل والٹ ’زی والٹ‘ کیا ہے، صارفین کو کیا سہولیات ملیں گی؟

انہوں نے موبائل فون پر موصول ہونے والے مشکوک لنکس سے بھی محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی لنک پر کلک کرنے سے پہلے اس کے مستند اور قابل اعتماد ذریعے سے جاری ہونے کی تصدیق کرلی جائے۔

بینکنگ محتسب پاکستان کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، 2026 کی پہلی ششماہی میں ادارے نے بینک صارفین کو 762.76 ملین روپے کا ریلیف فراہم کیا تھا۔

یہ اعداد و شمار جنوری تا جون کے عرصے سے متعلق ہیں، جبکہ تازہ بیان میں جنوری تا ستمبر کے دوران فراہم کردہ ریلیف 1.2 ارب روپے بتایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp