مودی حکومت کا جابرانہ فیصلہ:دہائیوں بعدجنتر منتر سے احتجاجی مقام کا درجہ واپس لے لیا گیا

جمعرات 15 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں احتجاج کے لیے مشہور مقام جنتر منتر کو 33 سال بعد باضابطہ احتجاجی مقام کی حیثیت سے ختم کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر انسانی حقوق کے کارکنوں اور احتجاجی گروہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے اختلافِ رائے محدود کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دہلی پولیس نے پیر کو جاری حکم نامے میں کہا کہ جنتر منتر کو احتجاجی مقام کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔ یہ مقام 1993 میں احتجاجی مظاہروں کے لیے مختص کیا گیا تھا، جہاں مزدور تنظیمیں، سابق فوجی، طلبہ، خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروہ اور بدعنوانی کے خلاف سرگرم کارکن اپنے مطالبات پیش کرتے رہے ہیں۔

یہ مقام بھارتی پارلیمنٹ اور سرکاری دفاتر کے قریب واقع ہے، جس کی وجہ سے مظاہرین کے لیے حکمرانوں اور ذرائع ابلاغ تک اپنی آواز پہنچانا آسان تھا۔

یہ فیصلہ حکومت مخالف نوجوانوں کی تنظیم ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے احتجاج کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ یہ تنظیم انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے خلاف مظاہرے کررہی ہے۔ ناقدین کو خدشہ ہے کہ اس عمل سے اہل ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی سے محروم ہوسکتے ہیں۔

انسانی حقوق کی کارکن شبنم ہاشمی نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنتر منتر احتجاج کے لیے ایک اہم مقام تھا اور اسے بند کرنا اختلافِ رائے محدود کرنے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کاکروچ پارٹی کے احتجاج نے شدت اختیار کرلی، سینکڑوں مظاہرین گرفتار، اسٹیڈیمز جیلوں میں تبدیل

دہلی پولیس نے اپنے فیصلے کے دفاع میں سپریم کورٹ کی ہدایت کا حوالہ دیا ہے، جس کے مطابق احتجاج کے لیے مناسب متبادل مقامات مختص کیے جانے چاہییں۔ حکام نے دہلی میں مظاہروں کے لیے 3 متبادل مقامات کی نشاندہی کی ہے، جن میں شہر کے وسط میں واقع رام لیلا میدان بھی شامل ہے۔

تاہم کارکنوں کا کہنا ہے کہ احتجاجی مقامات کو شہر کے مرکزی حصے سے دور منتقل کرنے سے مظاہروں میں شرکت، ذرائع ابلاغ کی توجہ اور احتجاج کے اثرات کم ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب جنتر منتر کے قریبی رہائشیوں نے مظاہروں کے باعث سڑکوں کی بندش، شور اور گندگی کی شکایات کرتے ہوئے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

احتجاجی گروہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ اس پابندی کے باوجود اپنے مطالبات کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp