بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم ’فتنۃ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دالبندین میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 4 کارندے گرفتار
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔










