ترکیہ اور اسپین نے جدید جیٹ تربیتی طیارے ’حُرجیٹ‘ کا مشترکہ ورژن تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس میں اسپین کی ذیلی کمپنیوں اور صنعتی اداروں کا کردار بھی شامل ہوگا۔
ترکیہ کے سیکریٹری برائے دفاعی صنعت حلوک گورگن کے مطابق اس منصوبے کے تحت تیار ہونے والا طیارہ مستقبل میں دونوں ممالک کا مشترکہ دفاعی پلیٹ فارم بن سکتا ہے۔
حلوک گورگن نے انقرہ میں منعقدہ ’آئی ڈی اے ترکیہ ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس انڈسٹریل کوآپریشن ڈیز‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپین کی فضائیہ کے لیے حُرجیٹ کا انتخاب دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی نمایاں مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا ترکیہ پر پابندیاں ختم کرنے کا اعلان، ایف-35 طیاروں کی فروخت پر بھی غور
انہوں نے بتایا کہ طیارے کے ابتدائی ورژن ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز تیار کرکے اسپین کو فراہم کرے گی، بعد ازاں اسپین کے ذیلی ٹھیکیداروں کی شمولیت اور وہاں اضافی سرٹیفکیشن کے مراحل مکمل ہونے کے بعد اس کا ایک مشترکہ ورژن تیار کیا جائے گا۔
گورگن کے مطابق، ابتدائی طور پر یہ طیارہ اسپین کی فضائیہ کی ضروریات پوری کرے گا، جس کے بعد اسے نیٹو کے دیگر رکن ممالک اور ترکیہ کے دوست ممالک کو بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔
📌Savunma Sanayii (@SavunmaSanayii) Başkanı Prof. Dr. Haluk Görgün (@halukgorgun), HÜRJET'in İspanya'ya özel versiyonu geliştirileceğini söyledi.
📌Görgün, Türk savunma ve havacılık sanayisinin bu yılki ihracatının 7,4 milyar doları aştığını bildirdi.https://t.co/0ZBawRDE8m
— DefenseHere (@defensehere_tr) October 14, 2026
ان کا کہنا تھا کہ اس تعاون سے دونوں ممالک کے دفاعی اور فضائی صنعت کے شعبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
یہ تقریب اوستیم ڈیفنس اینڈ ایوی ایشن کلسٹر نے ترکیہ کی وزارتِ قومی دفاع اور دفاعی صنعت کے سیکریٹریٹ کے تعاون سے انقرہ کے کانگریسیم مرکز میں منعقد کی، گورگن نے اسپین کی شرکت کو نئے صنعتی تعاون کے ماڈل کے تحت اہم پیش رفت قرار دیا۔
ترکیہ کی دفاعی برآمدات میں اضافہ
حلوک گورگن نے بتایا کہ ترکیہ کی دفاعی صنعت کی برآمدات رواں سال 7.4 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں، جو گزشتہ سال کی مجموعی برآمدات کے برابر ہیں۔
ان کے مطابق ملک کی دفاعی صنعت میں 4 ہزار سے زائد کمپنیاں کام کر رہی ہیں، جبکہ اس شعبے سے وابستہ ملازمین کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار ہے۔ ملازمین کی اوسط عمر 34 سال ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی برآمدات میں سال کے آخری 2 ماہ کے دوران عموماً نمایاں اضافہ ہوتا ہے، جس کے باعث توقع ہے کہ رواں سال کی مجموعی برآمدات گزشتہ سال کی سطح سے بڑھ جائیں گی۔
مزید پڑھیں: ترکیہ کا ففتھ جنریشن جنگی طیارہ ’ کآن‘ اڑان بھرنے کو تیار، امریکی صدر سے بڑے سرپرائز کی امید
انہوں نے اس پیش رفت کو ترکیہ کے صنعتی ماڈل کا نتیجہ قرار دیا، جس کے تحت ملک نے دفاعی سازوسامان کی براہِ راست خریداری کے بجائے مقامی ڈیزائن، تیاری اور برآمدات پر توجہ مرکوز کی ہے۔
دوسری جانب اسپین کے علاقے ویلینسیا کے نائب وزیرِ صنعت فیلیپ خاویر کاراسکو ٹوریس نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ تعاون سے علاقے کی دفاعی اور سیکیورٹی صنعتوں کو وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے ترک صنعت کاروں کو آئندہ ستمبر میں ویلینسیا میں ہونے والی دفاعی اور سیکیورٹی صنعت کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔











