امریکا کی ریاست وائیومنگ میں زیرِ تعلیم 32 سالہ چینی طالبہ آئیلی وانگ کو اپنے ساتھی طالب علم کی چائے میں زہریلا کیمیکل ملانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمہ نے پولیس کی پوچھ گچھ کے ایک روز بعد چین واپس جانے کی کوشش کی، تاہم اسے لاس اینجلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے حراست میں لے لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وانگ پر الزام ہے کہ اس نے ساتھی طالب علم کی چائے تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والے کافی میکر کے پانی میں ایکریلامائڈ نامی کیمیکل ملایا۔
یہ بھی پڑھیں: سسرالیوں کو زہر دے کر مارنے کا معاملہ: زندہ بچ جانے والے خالو سسر نے مجرمہ کو معاف کردیا
متاثرہ طالب علم کی شناخت عدالتی دستاویزات میں ’کے ٹی‘ کے نام سے کی گئی ہے۔ وہ کینسر، اعصابی اور جینیاتی بیماریوں کے علاج سے متعلق نئی ٹیکنالوجی پر تحقیق کررہا تھا اور اس کی تحقیق پیٹنٹ کے مراحل میں تھی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ طالب علم کی اہلیہ اور دیگر افراد نے کافی میکر کے پانی کی جانچ کرکے مشتبہ کیمیکل کی نشاندہی کی، جس کے بعد یونیورسٹی پولیس کو اطلاع دی گئی، بعدازاں مشترکہ دفتر میں نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے گئے۔
🇨🇳 Aili Wang, a University of Wyoming microbiology graduate student from China, has been arrested on accusations she poisoned the tea of a colleague who had pending patents and with whom she didn’t get along, and then tried to flee the country after police questioned her.
Wang… pic.twitter.com/ooy00hR79n
— Byron Wan (@Byron_Wan) October 14, 2026
حلف نامے کے مطابق وانگ کو 27 ستمبر کو ساتھی طالب علم کی میز کی تلاشی لیتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ یکم اکتوبر کی ویڈیو میں وہ اس کی نوٹ بکس کے صفحات کی تصاویر بناتی اور انہیں دیکھتی دکھائی دی۔ اس نے مبینہ طور پر اپنے مگ میں موجود مائع سے ساتھی کا مگ بھی دھویا۔
یونیورسٹی میں دونوں طلبہ کے نگران پروفیسر مارک گوملسکی کے مطابق وانگ اپنی ڈاکٹریٹ کی تحقیق کے دفاع کی پہلی کوشش میں ناکام ہوگئی تھی۔
جبکہ اس کا ساتھی آر این اے کو بیکٹیریا کے ذریعے انسانی خلیوں تک پہنچانے کے طریقے پر کامیاب تحقیق کررہا تھا۔ پروفیسر نے کہا کہ اس واقعے نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹروں کی مبینہ طبی غفلت، بزرگ مریض کو غلط دوا دینے کی ویڈیو وائرل
پولیس کے مطابق وانگ نے گزشتہ موسمِ گرما میں آن لائن خریداری کی ویب سائٹ ای بے سے 2 مرتبہ ایکریلامائڈ خریدا اور بعدازاں مبینہ طور پر اپنا اکاؤنٹ حذف کرنے کی درخواست بھی دی۔
5 اکتوبر کو پوچھ گچھ کے دوران اس نے کہا تھا کہ اس نے کئی برس سے یہ کیمیکل استعمال نہیں کیا۔
اگلے روز لاس اینجلس ایئرپورٹ سے گرفتاری کے وقت اس کے پاس متعدد لیپ ٹاپ، ڈیجیٹل اسٹوریج ڈیوائسز اور دستاویزات موجود تھیں۔
مزید پڑھیں: سر درد کے علاج کا بھیانک انجام، خوفناک تجربے نے خاتون کی زندگی داؤ پر لگا دی
عدالت نے وائیومنگ منتقل کیے جانے کے بعد اس کے ضمانتی مچلکے کی رقم بڑھا کر 15 لاکھ ڈالر نقد مقرر کردی۔
وانگ کو سنگین نوعیت کے حملے اور جسمانی نقصان پہنچانے کے الزام میں 10 سال تک قید اور 10 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
پروفیسر کے مطابق متاثرہ طالب علم اب بھی تھکن، توجہ مرکوز کرنے میں دشواری اور بائیں ہاتھ میں حس کم ہونے جیسی علامات کا شکار ہے۔











