پاکستان اور مالدیپ نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم کی روک تھام سمیت داخلی سلامتی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان مالدیپ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، شہباز شریف
ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی روابط بڑھانے، سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے اور متعلقہ شعبوں میں تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوست ممالک کے ساتھ سیکیورٹی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان مالدیپ کے ساتھ داخلی سلامتی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کی مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان سے اہم ملاقات،
ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال، pic.twitter.com/Kpm9x4czl9— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) October 21, 2026
طلال چودھری نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ جیسے مشترکہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان باہمی تعاون کے ذریعے ان مسائل کے حل کے لیے مالدیپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے مالدیپ کے وزیر داخلہ کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور مالدیپ کا تجارت، معیشت اور دفاع میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے درپیش چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کر سکتے ہیں، انہوں نے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے تعاون اور روابط کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں اسپیشل سیکرٹری داخلہ محمد شعیب اکبر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔










