کرسچیان امان پور کا سی این این چھوڑنے کا اعلان، 43 سالہ سفر اختتام کے قریب

بدھ 21 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سی این این کی چیف انٹرنیشنل اینکر کرسچیان امان پور نے جون 2027 میں نیٹ ورک سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی نشریاتی ادارے کے ساتھ ان کی 43 سالہ طویل وابستگی اختتام پذیر ہو جائے گی۔

سی این این کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امان پور نے کہا کہ انہوں نے کئی ماہ تک غور و فکر کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سی این این  کی خاتون رپورٹر کے سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ ٹرمپ سیخ پا، وائٹ ہاؤس بھی آگ بگولا

ان کا کہنا تھا کہ کئی ماہ سوچ بچار اور چند بے خواب راتوں کے بعد میں نے سی این این سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے، جو 43 شاندار برسوں تک ان کا ساتھی رہا۔

کرسچیان امان پور نے 1983 میں اٹلانٹا میں سی این این کے مرکزی دفتر میں بین الاقوامی اسائنمنٹ ڈیسک پر ابتدائی سطح کی معاون کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے نیویارک بیورو میں رپورٹر کی حیثیت سے کام کیا اور وقت کے ساتھ نیٹ ورک کی نمایاں بین الاقوامی نامہ نگاروں میں شمار ہونے لگیں۔

اپنے طویل صحافتی کیریئر کے دوران امان پور نے دنیا بھر کے تنازعات، جنگوں اور سیاسی پیش رفتوں کی وسیع پیمانے پر رپورٹنگ کی۔

انہوں نے متعدد عالمی رہنماؤں اور بااثر شخصیات کے انٹرویوز بھی کیے۔

مزید پڑھیں: عالمی میڈیا میں انقلاب برپا کرنے والے، سی این این کے بانی ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

وہ اس وقت سی این این انٹرنیشنل کے عالمی امور کے معروف پروگرام امان پور کی میزبان ہیں، جبکہ دی امان پور آور کی میزبانی بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

امان پور کی علیحدگی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سے چند ہفتے قبل اسکائی ڈانس نے وارنر برادرز ڈسکوری کو 110 ارب ڈالر میں خریدنے کا عمل مکمل کیا تھا۔

اس معاہدے کے نتیجے میں سی این این اور سی بی ایس نیوز ایک ہی ملکیتی انتظام کے تحت آ گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp