فلسطینی وزارتِ صحت (غزہ) نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تازہ ترین شماریاتی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے اسپتالوں میں 7 شہداء اور 24 زخمیوں کو لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ کی نسرین کی دردناک داستان: ایک ہی جنگ میں 2 شوہروں اور 2 معصوم بچوں کی شہادت
فلسطینی وزارتِ صحت کی رپورٹ میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے ہونے والے جانی نقصان کے اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 11 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کے نفاذ سے اب تک غزہ میں ایک ہزار 534 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اس عرصے کے دوران 5 ہزار 486 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے ملبے تلے دبے فلسطینیوں کی لاشیں نکالنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اب تک ملبے تلے سے 841 شہدا کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جس سے جنگ بندی کے بعد سامنے آنے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی حملوں کے 3 سال مکمل، صیہونی فوج کے مظالم جاری، شہدا کی تعداد 74 ہزار سے تجاوز کرگئی
فلسطینی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 74 ہزار 494 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 604 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارتِ صحت کی تازہ رپورٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں میں لائے جانے والے شہدا اور زخمیوں کے علاوہ جنگ بندی کے نفاذ سے اب تک اور 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے مجموعی جانی نقصان کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔










