خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں مزید 8 لاکھ سے 9 لاکھ بچوں کو داخل کرنے کی گنجائش موجود ہونے کے باوجود معذول صوبائی حکومت نے ہر ضلع میں وزیراعلیٰ ماڈل اسکول قائم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ تاہم، ان سکولوں کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی غرض سے تیار کردہ اشتہار کو روک لیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کی تعداد 34 ہزار 784 ہے، جہاں تقریباً 59 لاکھ بچے زیرِ تعلیم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کے 18 سرکاری اسکولوں کے 54 کمرے مخدوش، 6 اسکول ناقابل استعمال قرار
ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے حالیہ سروے کے مطابق ان اسکولوں میں مزید 8 لاکھ سے 9 لاکھ بچوں کو داخلہ دینے کی گنجائش موجود ہے۔
دوسری جانب، محکمہ تعلیم نے ساڑھے چار ہزار سرکاری اسکولوں کو مرحلہ وار آؤٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی ہے، جن میں سے لگ بھگ 500 اسکول آؤٹ سورس کیے جا چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے دوران محکمہ تعلیم نے اُس وقت کے وزیراعلیٰ کو تجویز دی تھی کہ پشاور یا نوشہرہ میں ایچی سن کالج کی طرز پر ایک معیاری تعلیمی ادارہ قائم کیا جائے، جس پر 8 ارب روپے خرچ ہونے کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا تھا۔
تاہم وزیراعلیٰ نے اس تجویز کو ترک کرتے ہوئے ہر ضلع میں وزیراعلیٰ ماڈل اسکول تعمیر کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
محکمہ تعلیم نے بعدازاں وزیراعلیٰ کو ہر ضلع میں اسکول تعمیر کرنے کے بجائے منصوبے کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کرنے پر آمادہ کیا۔
منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 7 اور دوسرے مرحلے میں مزید 20 اسکول تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ ابتدائی منصوبہ بندی میں معذول وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع خیبر اور معذول وزیرِ تعلیم کے ضلع ہری پور میں 2، 2 اسکول قائم کرنے کے علاوہ کوہاٹ، نوشہرہ اور ملاکنڈ میں بھی اسکول تعمیر کرنے کی تجویز شامل تھی۔
یہ اسکول چھٹی سے 12 ویں جماعت تک کے طلبہ و طالبات کے لیے ہوں گے۔ اگر ان کے لیے نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں تو ہر اسکول پر 3 ارب روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے 200 کنال اراضی درکار ہوگی۔
مزید پڑھیں:بلاول بھٹو سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، پشاور اسکول سانحے پر بریفنگ
مجوزہ عمارت میں مختلف تعلیمی اور انتظامی ضروریات کے لیے الگ الگ بلاکس تعمیر کیے جائیں گے۔ تاہم اگر پہلے سے موجود عمارتوں کو استعمال کیا جائے تو ان کی تزئین و آرائش پر فی اسکول 10 کروڑ روپے خرچ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ اسکولوں کے لیے موزوں مقامات کے انتخاب کی غرض سے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جانی تھیں، جبکہ جگہ کے انتخاب کے لیے سخت شرائط بھی تجویز کی گئی تھیں۔
موجود دستاویزات کے مطابق اسکول آبادی سے 2 کلومیٹر کے فاصلے پر ہونا چاہیے اور اس کے قریب کم از کم 2 پرائمری اسکول موجود ہوں۔
لڑکوں کے اسکول میں 5 ویں جماعت میں کم از کم 35 اور لڑکیوں کے اسکول میں کم از کم 25 طالبات کا داخلہ ہونا ضروری قرار دیا گیا تھا۔
اسی طرح، مجوزہ مقام سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر کوئی دوسرا سیکنڈری اسکول موجود نہ ہونے کی شرط بھی رکھی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ ماڈل اسکولوں کو بورڈ آف گورنرز یا ڈائریکٹرز کے تحت چلانے کی تجویز بھی دی گئی تھی۔ منصوبے کے مطابق ان اسکولوں میں تعینات اساتذہ کے تبادلے صرف دوسرے ماڈل اسکولوں میں کیے جا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:اسکول سے باہر بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ
ان اداروں میں نصاب قدرے مختلف رکھنے کے ساتھ تدریس کا طریقۂ کار بھی عام سرکاری اسکولوں سے مختلف بنانے کی تجویز تھی۔
ذرائع کے مطابق کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اشتہار تیار کر لیا گیا تھا، تاہم اسے روک دیا گیا۔ اس معاملے پر مؤقف جاننے کے لیے سیکریٹری تعلیم عنایت وسیم سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔










