ورزش کے بعد دل کی دھڑکن کتنی جلد معمول پر آتی ہے؟ ایک آسان ٹیسٹ خطرات سے آگاہ کرسکتا ہے

بدھ 21 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورزش ختم کرنے کے ایک منٹ بعد دل کی دھڑکن میں کتنی کمی آتی ہے یہ معمولی سا فرق آپ کی مجموعی صحت، دل کی کارکردگی اور مستقبل میں جان لیوا بیماریوں کے خطرے سے متعلق اہم اشارے فراہم کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پھیپھڑوں کے سرطان سے متعلق 13 عام غلط فہمیاں، حقیقت کیا ہے؟

اگر سیڑھیاں چڑھتے ہوئے آپ کا دل تیزی سے دھڑکنے لگتا ہے یا سڑک پر بس پکڑنے کے لیے تھوڑا سا دوڑنے کے بعد ہی سانس پھولنے لگتا ہے تو یہ اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ آپ کی جسمانی فٹنس بہتر نہیں ہے۔

تاہم ورزش ختم ہونے کے بعد آپ کے دل کی دھڑکن کتنی جلد معمول پر واپس آتی ہے یہ بھی آپ کی اندرونی صحت کے بارے میں بہت کچھ بتا سکتی ہے۔

اس مقصد کے لیے ایک سادہ ٹیسٹ کیا جاتا ہے جسے ہارٹ ریٹ ریکوری کہا جاتا ہے۔ اس میں ورزش کے دوران دل کی تیز ترین دھڑکن اور ورزش ختم کرنے کے تقریباً ایک منٹ بعد دل کی دھڑکن کے درمیان فرق معلوم کیا جاتا ہے۔

نیویارک یونیورسٹی کے گراسمین اسکول آف میڈیسن کی ماہر امراضِ قلب نیکا گولڈ برگ کے مطابق ہارٹ ریٹ ریکوری دل اور دوران خون کی صحت جانچنے کا ایک اہم پیمانہ ہے۔ اس سے ہائی بلڈ پریشر اور دل کے سنگین مسائل کے خطرے کا اندازہ لگانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

تاہم اس ٹیسٹ کی اہمیت صرف دل کی صحت تک محدود نہیں۔ اس کا خراب نتیجہ جسم کے دیگر حصوں میں چھپے صحت کے مسائل کی ابتدائی نشاندہی بھی کر سکتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس کا تعلق کسی شخص کی مجموعی طور پر موت کے خطرے سے بھی سامنے آیا ہے۔

سنہ1999  میں امریکا کی کلیولینڈ کلینک کے سائنسدانوں نے ایک اہم تحقیق شائع کی جس میں تقریباً 2 ہزار 400 بالغ افراد کی ہارٹ ریٹ ریکوری جانچی گئی اور اگلے 6 برس تک ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیے: ماہرین صحت نے سن اسکرین سے متعلق عام غلط فہمی دور کردی

تحقیق میں معلوم ہوا کہ جن افراد کی ورزش کے بعد دل کی دھڑکن معمول پر آنے کی رفتار کم تھی ان میں تحقیق کے دوران موت کا امکان دوسرے افراد کے مقابلے میں تقریباً 4 گنا زیادہ تھا۔

بعد ازاں دنیا کے مختلف حصوں میں ہونے والی تحقیقات میں بھی ایسے ہی نتائج سامنے آئے۔ اس طرح ہارٹ ریٹ ریکوری کسی شخص کی مختلف وجوہات سے موت کے خطرے کا ایک اہم پیش گو پیمانہ بن کر سامنے آئی خواہ بظاہر اس کے دل میں کوئی خرابی موجود نہ ہو۔

تحقیقات کے مطابق نوجوان اور درمیانی عمر کے افراد میں یہ پیمانہ بعض صورتوں میں ہائی بلڈ پریشر کے مقابلے میں بھی موت کے خطرے سے زیادہ مضبوط تعلق رکھتا ہے۔

گھر بیٹھے ہارٹ ریٹ ریکوری کیسے جانچیں؟

ہارٹ ریٹ ریکوری معلوم کرنے کے لیے کسی پیچیدہ مشین یا مہنگے آلات کی ضرورت نہیں۔ گھر میں موجود گھڑی، موبائل فون کے ٹائمر یا اسمارٹ واچ کی مدد سے بھی اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

البتہ ورزش کا نیا معمول شروع کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔ اگر ورزش کے دوران چکر آئیں، سینے میں درد یا جکڑن محسوس ہو یا جسمانی مشقت کے مقابلے میں غیرمعمولی طور پر سانس پھولنے لگے تو فوراً ورزش روک دیں۔ پہلے سے دل کے مرض میں مبتلا افراد ڈاکٹر کی نگرانی کے بغیر یہ ٹیسٹ نہ کریں۔

ٹیسٹ کرنے کا طریقہ

پہلا مرحلہ: سب سے پہلے اپنے پاس ایک کاغذ، قلم اور ٹائمر رکھیں۔ اگر آپ کے پاس اسمارٹ واچ یا جسمانی سرگرمی ریکارڈ کرنے والا کوئی دوسرا آلہ موجود ہے تو اس سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔

دوسرا مرحلہ: اپنی زیادہ سے زیادہ ممکنہ دل کی دھڑکن معلوم کریں۔ اگر آپ کے پاس اسمارٹ واچ ہے تو اس میں یہ معلومات دستیاب ہو سکتی ہیں۔ بصورت دیگر ایک عمومی اندازے کے مطابق 220 میں سے اپنی عمر منفی کر دیں۔ مثال کے طور پر اگر عمر 40 سال ہے تو زیادہ سے زیادہ دل کی دھڑکن تقریباً 180 فی منٹ ہوگی۔

تیسرا مرحلہ: اب ایسی ورزش کریں جس سے آپ کے دل کی دھڑکن اس کی زیادہ سے زیادہ ممکنہ رفتار کے 70 سے 85 فیصد تک پہنچ جائے۔ اس مقصد کے لیے اپنی جسمانی استعداد کے مطابق دوڑنا، سائیکل چلانا یا روئنگ مشین استعمال کرنا مناسب ہو سکتا ہے۔

چوتھا مرحلہ: ورزش ختم کرتے ہی اپنی دل کی دھڑکن نوٹ کریں، جب یہ ابھی تیز رفتار سے دھڑک رہا ہو۔ اس کے لیے اسمارٹ واچ یا فٹنس ٹریکر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: دل کے دورے کے بارے میں سب سے بڑی غلط فہمی کیا ہے؟

اگر یہ سہولت موجود نہ ہو تو گردن پر انگلی رکھ کر 10 سیکنڈ تک دھڑکنیں گنیں اور حاصل ہونے والی تعداد کو 6 سے ضرب دے دیں۔ اس طرح ایک منٹ میں دل کی دھڑکن کا اندازہ ہو جائے گا۔

پانچواں مرحلہ: اب بیٹھ کر یا لیٹ کر ایک منٹ آرام کریں اور دوبارہ اپنی دل کی دھڑکن گنیں۔

چھٹا مرحلہ: پہلی مرتبہ نوٹ کی گئی دھڑکن میں سے ایک منٹ آرام کے بعد والی دھڑکن منفی کر دیں۔ حاصل ہونے والا عدد آپ کی ہارٹ ریٹ ریکوری ہوگا۔

دل کی دھڑکن میں کتنی کمی اچھی علامت ہے؟

ماہرین کے مطابق ورزش ختم کرنے کے بعد دل کی دھڑکن جتنی جلد معمول پر واپس آئے، عموماً جسمانی فٹنس اتنی ہی بہتر سمجھی جاتی ہے۔

ایک منٹ کے دوران دل کی دھڑکن میں کم از کم 18 دھڑکنوں کی کمی اچھی ریکوری کی علامت سمجھی جا سکتی ہے۔

تاہم یہ تعداد ہر شخص میں یکساں نہیں ہوتی اور اس کا انحصار عمر سمیت دیگر عوامل پر بھی ہے۔

اس کے برعکس اگر ایک منٹ کے دوران دل کی دھڑکن میں کمی 12 دھڑکنوں سے بھی کم ہو تو یہ مستقبل میں صحت کے مسائل کے خطرے کی نشاندہی کر سکتی ہے۔

دل کی دھڑکن کی بحالی کا موت کے خطرے سے کیا تعلق ہے؟

ماہرین کے مطابق ہارٹ ریٹ ریکوری اور موت کے خطرے کے درمیان تعلق کی ایک اہم وجہ ویگس نرو ہو سکتی ہے۔

یہ جسم کا ایک اہم اعصاب ہے جو دماغ کو دل، جگر، آنتوں اور دیگر اعضا سے جوڑتا ہے اور ان کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں کردار ادا کرتا ہے۔ یہ اعصاب اس بات کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے کہ جسم دباؤ اور خطرے کی حالت یعنی ‘فائٹ اور فلائٹ’ میں ہے یا آرام اور ہاضمے کی حالت یعنی ‘ریسٹ اینڈ ڈائجسٹ’ میں۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر میں ورزش اور صحت کے علوم کی پروفیسر لنڈسے باٹمز کے مطابق دل کی کارکردگی کو کنٹرول کرنے والے دو نظام ہوتے ہیں، جنہیں ایک گاڑی کے ایکسیلیریٹر اور بریک سے تشبیہ دی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بالوں کو کتنی بار برش کرنا چاہیے؟ ماہرین نے عام غلط فہمی دور کر دی

ورزش کے دوران ایکسیلیریٹر کی طرح کام کرنے والا سمپیتھٹک نروس سسٹم متحرک ہو جاتا ہے جس سے جسم دباؤ اور سرگرمی کی حالت میں چلا جاتا ہے۔ دل تیزی سے دھڑکنے لگتا ہے اور خون کی نالیاں پھیل جاتی ہیں تاکہ پٹھوں تک زیادہ آکسیجن پہنچ سکے۔

جب ورزش ختم ہوتی ہے تو جسم کو اس دوران پیدا ہونے والے میٹابولک فضلے، مثلاً لیکٹک ایسڈ اور دیگر مادوں کو صاف کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس عمل کے لیے بھی آکسیجن درکار ہوتی ہے۔

لِنڈسے باٹمز کے مطابق پٹھوں سے ان مادوں کو خارج کرنے کے لیے خون کی روانی زیادہ رکھنا ضروری ہوتا ہے اسی لیے ورزش ختم ہونے کے فوراً بعد بھی دل کچھ وقت تک تیزی سے دھڑکتا رہتا ہے۔

جب جسم یہ عمل مکمل کر لیتا ہے تو اس کا دوسرا نظام، یعنی پیراسمپیتھٹک نروس سسٹم، متحرک ہو جاتا ہے۔ اسے گاڑی کے بریک سے تشبیہ دی جا سکتی ہے کیونکہ یہ جسم کو دوبارہ آرام اور ہاضمے کی حالت میں لے آتا ہے۔

مزید پڑھیں: دل کی دھڑکن اتنی غیر یکساں کیوں، یہ کس بات کے اشارے ہوسکتے ہیں؟

جیسے جیسے جسمانی فٹنس بہتر ہوتی ہے، جسم ان دونوں نظاموں کے درمیان زیادہ مؤثر انداز میں تبدیلی کرنے لگتا ہے۔ اس صلاحیت کو ویگل ٹون کہا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بہتر ویگل ٹون کے متعدد فوائد ہیں۔ اس کا تعلق بہتر ذہنی صحت، دماغی کارکردگی، مضبوط مدافعتی نظام اور جسم میں سوزش کی کم سطح سے بھی ہے۔ اس کے علاوہ یہ مجموعی طور پر موت کے خطرے میں کمی سے بھی منسلک ہے۔

ورزش سے ہارٹ ریٹ ریکوری بہتر بنائی جا سکتی ہے

اگر آپ کی ہارٹ ریٹ ریکوری کا نتیجہ تشویش ناک ہو تو ماہر امراضِ قلب نیکا گولڈ برگ ڈاکٹر سے باقاعدہ معائنہ کروانے اور دل سے متعلق خطرات کا مکمل جائزہ لینے کا مشورہ دیتی ہیں۔

تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ ہارٹ ریٹ ریکوری کا خراب نتیجہ کوئی حتمی فیصلہ نہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ باقاعدہ ورزش اور جسمانی سرگرمی کے ذریعے اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے، جس سے موت کا خطرہ بھی معمول کی سطح تک کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

لِنڈسے باٹمز اور نیکا گولڈ برگ دونوں دل اور دورانِ خون کی صحت بہتر رکھنے کے لیے باقاعدہ ورزش کی سفارش کرتی ہیں۔

نیکا گولڈ برگ کے مطابق معتدل رفتار سے چہل قدمی، سائیکل چلانا، جاگنگ، دوڑنا یا تیراکی کرنا ہارٹ ریٹ ریکوری بہتر بنانے کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ رقص بھی جسمانی سرگرمی کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔

مزید پڑھیے: عمر بڑھنے کے ساتھ صحت کے بارے میں 7 عام غلط فہمیاں اور ان کی سائنسی حقیقت

ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی سے نہ صرف دل کی صحت بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ ورزش کے بعد دل کی دھڑکن معمول پر آنے کی رفتار میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

معروف پاکستانی کاروباری شخصیت محمد نعیم ڈار ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن سیالکوٹ کے صدر نامزد

ضمنی الیکشن: پی پی 203 میں ن لیگ کامیاب، این اے 77 گوجرانوالہ میں بھی لیگی امیدوار کو برتری

وسط مدتی انتخابات نے ’امریکا کو تاریخ میں ایک بہت بڑا قدم پیچھے دھکیل دیا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعتراف

چین نے گرین ٹیکنالوجی سے دنیا بدل دی، پاکستان نے بھی17 گیگاواٹ سولر پینلز منگوا لیے

سینیگال کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، متعدد افراد ہلاک

ویڈیو

پاکستان بھر میں دیوالی کی تقریبات، امن اور برداشت کا پیغام

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں واپسی اور شکست کی کوئی گنجائش نہیں، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

ایران سے جنگ بندی اور جوہری مذاکرات کی بحالی کی کوششیں، پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس متحرک

کالم / تجزیہ

انور مسعود کی دیوارِ گریہ

امریکی الیکشن جو ریفرنڈم بن گیا

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ