پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) گروپ نے سال 2026 کی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا، جس کے مطابق گروپ کی مجموعی آمدن میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 62 فیصد جبکہ آپریٹنگ منافع میں 181 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کی منظوری دی گئی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی سی ایل کے سماجی ترقی کے 2 منصوبوں نے ڈریگنز آف ایشیا ایوارڈز 2026 میں اعزازات حاصل کر لیے
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملک کے صف اول کے ٹیلی کام اور انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی خدمات فراہم کرنے والے ادارے پی ٹی سی ایل گروپ نے اس عرصے کے دوران ترقی کی مضبوط رفتار برقرار رکھی، جبکہ فکسڈ لائن، انٹرپرائز اور موبائل کاروبار میں بھی مسلسل بہتری دیکھنے میں آئی۔
پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدن اور منافع میں کتنا اضافہ ہوا؟
مالیاتی نتائج کے مطابق پی ٹی سی ایل گروپ کی مجموعی آمدن میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 62 فیصد اضافہ ہوا۔ اس ترقی کی بنیادی وجوہات میں فکسڈ براڈبینڈ، انٹرپرائز اور ہول سیل شعبوں کی مسلسل بہتر کارکردگی کے ساتھ موبائل کاروبار کی آمدن میں اضافہ شامل ہے۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی ایم ایل کے تحت یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے کامیاب انضمام سے بھی گروپ کی مالیاتی کارکردگی کو نمایاں تقویت ملی۔
گروپ کے مجموعی آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیادوں پر 181 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ خالص منافع 4.7 ارب روپے رہا۔ کمپنی کے مطابق یہ نتائج یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے کامیاب انضمام، آپریشنل استعداد میں مسلسل بہتری اور آمدن میں اضافے کے فوائد کی عکاسی کرتے ہیں۔
پی ٹی سی ایل کی اپنی آمدن میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔ اس دوران فلیش فائبر کی آمدن 26 فیصد اور بزنس سلوشنز کی آمدن 15 فیصد بڑھی۔
اسی طرح کیریئر اینڈ ہول سیل سروسز میں 13 فیصد ترقی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بین الاقوامی کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدن میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔
پی ٹی سی ایل نے اس عرصے کے دوران 11 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا، جبکہ خالص منافع 3 ارب روپے رہا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 343 فیصد بہتری ظاہر کرتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ٹیلی نار پاکستان کے کاروبار کو انضمام کے بعد شامل کیے جانے اور کارپوریٹ و ریٹیل شعبوں میں مسلسل ترقی کے نتیجے میں موبائل کاروبار، پی ٹی ایم ایل، کی آمدن میں سالانہ بنیادوں پر 139 فیصد اضافہ ہوا۔
پی ٹی ایم ایل نے 33.5 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع رپورٹ کیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 181 فیصد زیادہ ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اضافہ ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کے مثبت اثرات، آمدن میں بہتری اور آپریشنل کارکردگی میں اضافے کا نتیجہ ہے۔
دوسری جانب یو مائیکروفنانس بینک، جسے یو بینک بھی کہا جاتا ہے، نے اس مدت کے دوران 18.3 ارب روپے کی آمدن حاصل کی اور آپریٹنگ منافع رپورٹ کیا۔
گزشتہ سال کی اسی مدت میں یو بینک کو آپریٹنگ خسارے کا سامنا تھا، تاہم رواں سال اس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ گزشتہ مدت کے مقابلے میں بینک کے خالص مالیاتی نتائج میں بھی 84 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی، جو اس کی مالیاتی کارکردگی میں مسلسل بحالی کی نشاندہی کرتی ہے۔
فکسڈ براڈبینڈ اور کاروباری خدمات میں ترقی
پی ٹی سی ایل کے مطابق تیسری سہ ماہی کے دوران کمپنی نے صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات مزید بہتر بنانے اور فکسڈ براڈبینڈ مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے۔
کمپنی نے محدود مدت کے لیے اپنی ’آزادی آفر‘ متعارف کرائی، جس کے تحت 100 میگا بٹس فی سیکنڈ فلیش فائبر کنکشن کے ساتھ آئی پی ٹی وی سیٹ ٹاپ باکس فراہم کیا گیا۔
اس کے علاوہ ایپل کے مجاز ڈسٹری بیوٹر مرکنٹائل کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں آئی فون 18 متعارف کرایا گیا، جس کے ساتھ فلیش فائبر کا خصوصی بنڈل بھی پیش کیا گیا۔
پی ٹی سی ایل کے بزنس سلوشنز کے شعبے نے بھی ترقی کا مضبوط رجحان برقرار رکھا۔ کمپنی کے مطابق اس کی بنیادی وجہ آئی سی ٹی خدمات، کلاؤڈ سلوشنز، اداروں کے اپنے مقامات پر مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے، سائبر سیکیورٹی، مینیجڈ سروسز اور ڈیٹا سینٹر سلوشنز کی بڑھتی ہوئی طلب رہی۔ اس دوران بنیادی کنیکٹیویٹی خدمات کی طلب بھی برقرار رہی۔
پی ٹی سی ایل نے زیرِ سمندر کیبل کے ذریعے رابطہ کاری، آئی پی بینڈوڈتھ اور کیریئر صارفین کے لیے ملک کے اندر بینڈوڈتھ خدمات کی فراہمی میں بھی اپنی قائدانہ حیثیت برقرار رکھی۔
کمپنی کے مطابق ان اقدامات سے پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو معاونت فراہم کرنے اور کاروباری اداروں و سروس فراہم کرنے والوں کی بدلتی ہوئی کنیکٹیویٹی ضروریات پوری کرنے میں پی ٹی سی ایل کا کردار مزید مستحکم ہوا۔
موبائل صارفین کی تعداد 7 کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کرگئی
مالیاتی نتائج کے مطابق تیسری سہ ماہی کے دوران پی ٹی ایم ایل کے صارفین کی تعداد میں 15 لاکھ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی صارفین کی تعداد 7 کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
کمپنی کے مطابق نئے صارفین کی شمولیت سے آمدن میں اضافہ ہوا، جبکہ مختلف پیکیجز میں ہم آہنگی، خدمات کے استعمال میں اضافے اور نیٹ ورک کے انضمام سے فی صارف اوسط آمدن میں مسلسل بہتری نے بھی کاروباری ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
پی ٹی ایم ایل نے اس عرصے کے دوران بڑے شہروں میں اپنی فائیو جی کوریج کو مزید وسعت دی، جبکہ سہ ماہی کے اختتام تک ملک کے 25 اضلاع میں نیٹ ورک کے انضمام کے عمل میں پیش رفت ہوئی۔
کمپنی کے مطابق مستقبل قریب میں ملک بھر میں نیٹ ورک کے انضمام، فائیو جی کی توسیع، نیٹ ورک کے معیار، ڈیجیٹل صلاحیتوں اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ان اقدامات کا مقصد مسابقتی حیثیت کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ پائیدار کاروباری ترقی کو فروغ دینا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ سہ ماہی کے دوران تمام صارفین کے لیے فیملی شیئرنگ بنڈلز اور سیلف سروس کی نئی سہولیات بھی متعارف کرائی گئیں، جن کے ذریعے ڈیجیٹل خدمات کو مزید بہتر بنایا گیا۔
ڈیجیٹل شمولیت اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات
پی ٹی سی ایل گروپ نے تیسری سہ ماہی کے دوران ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ اور سماجی خدمات کی فراہمی کے لیے بھی مختلف اقدامات جاری رکھے۔
اعلامیے کے مطابق ’بااختیار پروگرام‘ کے تحت ملک کے 22 اضلاع سے تعلق رکھنے والی 2100 خواتین نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور ڈیجیٹل مالیاتی خواندگی کی تربیت مکمل کی۔
یہ تربیت یو بینک کی جانب سے فراہم کی گئی، جبکہ مستفید ہونے والی خواتین کو یوفون فائیو جی سمز کے ذریعے مفت کنیکٹیویٹی اور یوپیسہ والٹس بھی دیے گئے۔
اس پروگرام سے مستفید ہونے والی کاروباری خواتین نے بلوچستان میں خواتین کی شمولیت سے متعلق صوبائی کانفرنس میں اپنی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی سی ایل نے کنیکٹ ہیر کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں منتخب کسٹمر سروس سینٹرز پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے کام کرنے والی اشاروں کی زبان کی سہولت ’صلہ‘ متعارف کرائی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق اس اقدام سے سماعت سے محروم صارفین کے لیے خدمات تک رسائی بہتر ہوگی، جبکہ مستقبل میں اس سہولت کو مزید وسعت دینے کا امکان بھی موجود ہے۔
پی ٹی ایم ایل نے اقوام متحدہ کے انسدادِ پولیو پروگرام میں بھی شراکت داری کی ہے، جس پر یونیسف نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے ذریعے عمل درآمد کرتا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت ملک بھر میں پولیو کے خلاف مہم میں خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو جی ایس ایم کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔
برانڈنگ اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں
پی ٹی سی ایل کے مطابق کمپنی کی یومِ آزادی مہم ’پاکستان جتنا جوان‘ کے ذریعے گزشتہ 79 برسوں کے دوران پاکستان کے ساتھ کمپنی کے ارتقائی سفر کو اجاگر کیا گیا۔
اس مہم میں پی ٹی سی ایل کی ایک مربوط آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کی حیثیت سے ترقی اور تبدیلی کو بھی نمایاں کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ’ڈریگنز آف پاکستان 2026‘ میں پی ٹی سی ایل نے مجموعی طور پر 5 ایوارڈز حاصل کیے، جن میں ایک سلور، ایک برونز اور 3 بلیک ڈریگنز شامل ہیں۔
یہ ایوارڈز برانڈ مارکیٹنگ اور سماجی اثرات کے شعبوں میں کمپنی کی کاوشوں کے اعتراف میں دیے گئے۔
اسی طرح تیسری سہ ماہی کے دوران پی ٹی ایم ایل نے مربوط برانڈ مہمات کا سلسلہ بھی جاری رکھا، جن میں وسیع تر نیٹ ورک کوریج اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولیات کو نمایاں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی سی ایل گروپ نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 3.1 ارب روپے منافع حاصل کر لیا
آئی فون 18 کے اجرا کے ذریعے صارفین کے ساتھ روابط اور ان کی شمولیت کو مزید مضبوط بنایا گیا۔
کمپنی کے مطابق ’ڈریگنز آف پاکستان 2026‘ میں یوفون اور ٹیلی نار پاکستان نے مارکیٹنگ، تعلقاتِ عامہ، میڈیا، ڈیجیٹل اور مواد کی تیاری سے متعلق اپنی مہمات پر مجموعی طور پر 9 ایوارڈز حاصل کیے۔ ان ایوارڈز میں 2 گولڈ، 2 سلور اور 5 بلیک ڈریگنز شامل ہیں۔










