پی ایس ایل انتظامیہ کا ہانگ کانگ سکسرز کی طرز پر 6 کھلاڑیوں پر مشتمل نئے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غور

جمعرات 22 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ آف سیزن میں 6 کھلاڑیوں پر مشتمل نیا ٹورنامنٹ متعارف کرانے پر غور کررہی ہے، جس کا مقصد لیگ کو سال بھر متحرک رکھنا اور آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے بتایا کہ مجوزہ ٹورنامنٹ کو ‘ایچ بی ایل پی ایس ایل سکسز’ کا نام دیا جاسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا، پی سی بی

پی ایس ایل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر نے کہا کہ نئے ٹورنامنٹ کے حوالے سے کچھ دلچسپ منصوبے زیر غور ہیں، جن میں 6 کھلاڑیوں پر مشتمل مقابلوں کا انعقاد بھی شامل ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہانگ کانگ سکسز کے طرز پر کھیلا جاسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ستمبر میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس کے بعد موجودہ نشریاتی حقوق کے معاہدے کے تحت سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس اقدام کا مقصد فرنچائزز اور نشریاتی حقوق کے شراکت دار کے لیے آمدن کا ایک اور ذریعہ پیدا کرنا ہے۔

سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کو مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کے مطابق مختصر دورانیے کے اس مقابلے سے شائقین کو دلچسپ کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا اور اسے پاکستان کے ان چھوٹے شہروں تک بھی لے جایا جاسکے گا جہاں اب تک پی ایس ایل کے میچز منعقد نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں میں کرکٹ کے شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کو کھیلتے دیکھنے کے خواہش مند ہیں، اس لیے مختصر دورانیے کا ٹورنامنٹ وہاں منعقد کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ میں ٹیلنٹ کا بحران، وسیم اکرم نے پی ایس ایل پر بھی سوال اٹھا دیا

رپورٹ کے مطابق مجوزہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں ایک بڑا چیلنج غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کے مطابق موزوں وقت کا انتخاب ہوگا۔ تاہم، کھلاڑیوں کی کم تعداد اور مختصر دورانیے کے باعث اس ٹورنامنٹ کے لیے انتظامی اور لاجسٹک انتظامات نسبتاً آسان ہوسکتے ہیں۔

پی ایس ایل کا آغاز 2016 میں ہوا تھا، جب اس کے میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔ بعد ازاں مرحلہ وار میچز پاکستان منتقل کیے گئے اور 2020 سے لیگ کے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔ اب تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی پی ایس ایل کے میزبان شہر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ 2027 میں پی ایس ایل مسلسل تیسرے سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ ایک ہی عرصے میں منعقد ہوگی۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل کی جانب سے آئندہ ایڈیشن کے شیڈول، تاریخوں اور کھلاڑیوں کی نیلامی کے مقام کی بھی توثیق متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp