ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون لانچ ہوتے ہی مقبول، خریداروں کو ڈیلیوری کے لیےکتنا انتظار کرنا پڑے گا؟

جمعہ 23 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون ’ڈوؤ‘ فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے جسے صارفین کی جانب سے ابتدائی طور پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ فون کی طلب سپلائی سے بڑھنے کے باعث پری آرڈرز شروع ہونے کے چند ہی منٹوں بعد ڈیلیوری کی متوقع تاریخ جنوری کے آخر تک جا پہنچی۔

ایپل کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس نئے فون کو کمپنی کی فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق آئی فون ڈیو کی کامیابی نہ صرف ایپل کے مستقبل کے لیے اہم ہوگی بلکہ اس سے سام سنگ اور ہواوے جیسی کمپنیوں کے زیرِ اثر فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں بھی بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کے نئے آئی پیڈ منی کی تفصیلات لیک، 28 اکتوبر کو متعارف کرائے جانے کا امکان

فون کی فروخت جمعے سے شروع ہوئی جبکہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایپل اسٹور کھلنے سے پہلے ہی خریداروں کی قطاریں لگ گئیں۔ کمپنی نے صارفین کے ردعمل کو غیر معمولی قرار دیا ہے تاہم محدود اسٹاک کے باعث مختلف ممالک میں فون کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

آئی فون ’ڈوؤ‘ کی قیمت بھی صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ آسٹریلیا میں 512 جی بی میموری والے ماڈل کی قیمت 3,899 آسٹریلوی ڈالر جبکہ ہانگ کانگ میں 256 جی بی ماڈل کی قیمت 17,499 ہانگ کانگ ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کی نئی اسمارٹ ڈیوائسز متعارف، صارفین کو کیا نئی سہولیات ملیں گی اور قیمتیں کتنی ہوں گی؟

آئی فون ’ڈوؤ‘ کے ابتدائی جائزوں میں اس کے ڈیزائن اور مضبوط، تقریباً غیر نمایاں قبضے کو سراہا گیا ہے۔ فولڈ ایبل فونز کی اسکرین پر درمیان میں بننے والی شکن طویل عرصے سے اس ٹیکنالوجی کی بڑی خامی سمجھی جاتی رہی ہے تاہم نئے فون میں اس مسئلے کو کم کرنے کی کوشش کو مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ماہرین نے کیمرے میں ٹیلی فوٹو لینس کی عدم موجودگی اور بعض تھرڈ پارٹی ایپس کو نئی اسکرین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق فون کو فولڈ کرنے کے بعد اس کی چھوٹی اسکرین روزمرہ کے بعض کاموں کے لیے روایتی آئی فونز جتنی سہولت فراہم نہیں کرتی۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کا فولڈیبل آئی فون خریدنا پیسوں کا ضیاع ہے، سی ای او فون کمپنی نتھنگ

ٹیکنالوجی تجزیہ کار مارکس براؤنلی کے مطابق جو صارفین فون کو بنیادی طور پر پیغامات، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ براؤزنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں ان کے لیے یہ فون موزوں انتخاب ثابت نہیں ہو سکتا۔ تاہم نئی ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھنے والے اور زیادہ قیمت برداشت کرنے والے صارفین کے لیے یہ ایک منفرد تجربہ ہو سکتا ہے۔

مارکیٹ ریسرچ ادارے آئی ڈی سی کے مطابق فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں ایپل کی آمد اس ٹیکنالوجی کو وسیع پیمانے پر مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ادارے کی پیش گوئی ہے کہ 2026 میں فولڈ ایبل فونز کی مجموعی مارکیٹ ویلیو میں ایپل کا حصہ 44 فیصد جبکہ فروخت ہونے والے یونٹس میں حصہ 31 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کی کامیابی کا راز کیا ہے؟ اسٹیو جابز کی ’فرنیچر کہانی‘ نے راز کھول دیا

آئی ڈی سی کا مزید اندازہ ہے کہ 2027 تک ایپل فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں آمدنی اور فروخت ہونے والے یونٹس، دونوں اعتبار سے سرفہرست آ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اب ایپل کے لیے اصل چیلنج ابتدائی جوش و خروش کو مستقل طلب میں تبدیل کرنا، فون کی دستیابی بہتر بنانا اور صارفین کو اس نئے ڈیزائن کا عادی بنانا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

محسن نقوی کا نواب شاہ کا اچانک دورہ، صدر آصف علی زرداری کو اہم پیغام پہنچایا

ایران سے کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، جے ڈی وینس امن معاہدے کی کوشش کے بجائے ملک میں کرپشن پر توجہ دیں، ڈونلڈ ٹرمپ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری، ڈیزل 4 روپے اور پیٹرول 3 روپے فی لیٹر سستا

خواجہ سعد رفیق نے عمران خان سے ملاقاتوں کو 28ویں آئینی ترمیم اور گورنر راج سے جوڑ دیا

مستونگ، فورسز نے بارود سے بھری گاڑی تباہ کر کے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک

ویڈیو

کوہاٹ میں سونے کی غیرقانونی کان کنی اور عسکریت پسندوں کا گٹھ جوڑ : حکومت کیا کرنے جارہی ہے؟

تربیلا ڈیم توسیعی منصوبے میں حادثہ، خیبرپختونخوا میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا

کیا بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں؟

کالم / تجزیہ

فلسفہ وغیرہ !

جے یو آئی تحریک انصاف کے راستے پر؟

پانچ سوال، جو امریکا کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے