سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی ملاقات، اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 23 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی ملاقات، سی پیک، معاشی ترقی اور ماحولیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق۔

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے ایک اہم ملاقات کی، جس میں پاک چین دوستی، سی پیک، معاشی ترقی، امن و امان، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ماحولیاتی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں ہیں، بلکہ یہ خاندان سے خاندان اور نسل در نسل محبت، اعتماد اور لازوال دوستی کا ایک مضبوط رشتہ ہے۔ انہوں نے سی پیک کو دونوں ممالک کی دوستی کا تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت نے اس عظیم منصوبے کو آگے بڑھانے میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے اسپیکر پنجاب اسمبلی مریم اورنگزیب کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

مریم اورنگزیب نے صوبائی حکومت کے اہداف پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں 2029 تک کاروبار دوست معاشی تبدیلی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے برآمدات میں اضافے، ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر تیزی سے کام جاری ہے۔

سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات

ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر نے بتایا کہ بیجنگ کے کامیاب ماڈل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب میں سموگ کے تدارک کے لیے سال بھر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس میں ماحول دوست ٹیکنالوجی اور مؤثر نگرانی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ چین کے تعاون سے اگلے سال ایک بین الاقوامی سطح کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پنجاب میں ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تعداد 69 تک بڑھا دی گئی ہے جبکہ اسے 100 تک لے جانے کا ہدف ہے۔

یہ بھی پڑھیے پنجاب میں سیاحت پر 78 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں، سیاحت معاشی ترقی کا باعث بنے گی، مریم اورنگزیب

انہوں نے مزید کہا کہ سپر سیڈرز اور بیلرز کے استعمال سے فصلوں کی باقیات جلانے کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے تاکہ زرعی باقیات کو معاشی وسائل میں تبدیل کر کے ایک نیا ٹرینڈ قائم کیا جا سکے۔ اسی طرح گرین انرجی اور ای موبلٹی کے فروغ کے تحت صوبے کے طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی ماحول دوست سفر کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

صحت اور تعلیم کے شعبے میں اصلاحات

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس وقت لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی جدید سہولتوں کی فراہمی اور ضلعی کینسر مراکز کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے۔

ملاقات کے دوران چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے پاک چین تعاون کے فروغ میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، جس پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ان کی آمد اور مسلسل تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp