31 دسمبر تک چھتوں پر ساڑھے 3 فٹ اونچی حفاظتی دیواریں تعمیر کرنے کی ہدایت، خلاف ورزی پر عمارت سیل اور پتنگ بازی پر 5 سال قید و 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منائی جائے گی۔ سیکریٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اجلاس میں بسنت کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔
مزید پڑھیں:لاہور کے بعد کوئٹہ میں بھی بسنت، شہری تہوار کے لیے کتنے تیار؟
حکام کے مطابق 31 دسمبر 2026 تک پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھتوں پر کم از کم ساڑھے 3 فٹ اونچی مضبوط حفاظتی دیواریں تعمیر کرنا لازم ہوگا۔ اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیروں اور سیڑھیوں کی مرمت بھی مقررہ تاریخ تک مکمل کرنا ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا معائنہ کرائیں گے، جبکہ غیر تسلی بخش رپورٹ کی صورت میں کمزور عمارتوں اور غیر محفوظ چھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔
لاہور میں 12 سے 14 مارچ 2027 تک بسنت، چھتوں پر حفاظتی دیواریں بنانا لازم قرار
31 دسمبر تک چھتوں پر ساڑھے 3 فٹ اونچی حفاظتی دیواریں تعمیر کرنے کی ہدایت، خلاف ورزی پر عمارت سیل اور پتنگ بازی پر 5 سال قید و 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
@KulAalam @Sherazi_Silmian @ehtishamulhaq87 https://t.co/O4HWdwBk87— Media Talk (@mediatalk922) October 23, 2026
محکمہ داخلہ کے مطابق چھت کی پائیداری اور حفاظت کی ذمہ داری مالک مکان پر ہوگی۔ بجلی کی تاریں چھت کے قریب ہونے کی صورت میں عمارت کے مالکان بسنت سے پہلے انہیں محفوظ بنانے کے پابند ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کے مجاز افسران چھتوں کا معائنہ کریں گے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ہدایات یا قانون کی خلاف ورزی پر عمارت سیل کرسکتے ہیں۔ پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی بھی مقررہ حدود کے مطابق نگرانی کی جائے گی۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز مفت نصب کرے گی۔ پولیس شہروں میں کسی بھی غیر محفوظ یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع دینے کے لیے شہریوں کو ایمرجنسی 15 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب: بسنت، ہارس اینڈ کیٹل شو، میلہ چراغاں سمیت مختلف مذہبی تہواروں کی بحالی کا اعلان
ترجمان کے مطابق بسنت کی مقررہ تاریخوں سے پہلے اور بعد میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ خلاف ورزی پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوسکتا ہے۔ سیکریٹری داخلہ نے عوام پر زور دیا کہ تفریح پر انسانی جانوں کے تحفظ کو ترجیح دیں اور تمام قوانین و حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔











