سیشن کورٹ لاہور نے آذربائیجان کی خاتون ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم تنویر کی عبوری ضمانت میں 27 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ تاہم، ملزم کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ضمانت میں توسیع کے باوجود کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے ملزم کو احاطۂ عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا، جس کے خلاف وکلا نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر احتجاج کیا۔
سیشن کورٹ لاہور میں ملزم تنویر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تفتیش میں شامل نہیں ہو رہا۔ اس پر عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو کمرۂ عدالت میں ہی شاملِ تفتیش کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے بھارت: یونیورسٹی طالبہ کا مبینہ اغوا اور گینگ ریپ، جنگی جہاز اور فوجی گاڑیاں کیوں نذر آتش کی جارہی ہیں؟
ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے مطابق، غیر ملکی خاتون نے کہا ہے کہ تنویر وہ شخص نہیں جس پر انہوں نے الزام عائد کیا تھا۔ وکیل نے استدعا کی کہ خاتون کو پاکستان بلایا جائے یا ویڈیو لنک کے ذریعے ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔
عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں 27 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
سماعت کے دوران پولیس کی بھاری نفری سیشن کورٹ پہنچ گئی۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں اور ملزم کے ساتھ آنے والے افراد کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل ہوئی۔ پولیس اہلکار ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کرتے رہے، جبکہ اس دوران دونوں جانب سے تشدد کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ بعد ازاں پولیس نے ملزم کے ساتھیوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیے بھارت میں گینگ ریپ کی شکار ہسپانوی خاتون سیاح پاکستان اور پاکستانیوں کے بارے میں کیا کہتی ہیں؟
ملزم تنویر کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ عدالت کی جانب سے 27 اکتوبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کے باوجود سی سی ڈی نے ان کے موکل کو حراست میں لے لیا۔ اس واقعے کے خلاف ملزم کے وکلا نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر احتجاج بھی کیا۔
واضح رہے کہ تنویر کے خلاف آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے الزام میں لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج ہے۔











