پاکستانی اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز انڈسٹری کو مستقل طور پر خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ پانچ برس سے عملی طور پر انڈسٹری سے دور ہیں اور اس عرصے میں انہوں نے اپنی کاروباری سرگرمیوں، مالی خودمختاری اور ذاتی زندگی پر توجہ مرکوز رکھی۔
کومل عزیز خان نے جمعے کے روز انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ اب شوبز میں واپسی کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ ان کے مطابق، انڈسٹری سے دور رہنے کے دوران انہوں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ آیا وہ ایک کامیاب کاروبار قائم کر سکتی ہیں اور اس شعبے سے دور رہ سکتی ہیں جو کبھی ان کی زندگی کا اہم حصہ تھا۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال ان کے لیے خود شناسی، خود سے محبت اور ذاتی طور پر سنبھلنے کا سفر رہے۔ اس دوران انہوں نے شہرت کی چکاچوند سے دور ہو کر اپنی ذات کو سمجھنے اور ذہنی و روحانی سکون حاصل کرنے پر توجہ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات زندگی میں سکون اور اطمینان حاصل کرنے کے لیے انسان کو ان چیزوں سے بھی دور ہونا پڑتا ہے جنہیں وہ ہمیشہ سے جانتا آیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: کومل عزیز کی زندگی کا سب سے بڑا خوف کیا ہے، اداکارہ نے بتا دیا
کومل عزیز خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے فیصلے کا اعلان کرنے کے لیے اس وقت کا انتخاب کیا جب وہ اپنی زندگی اور کاروبار میں بہتر مقام حاصل کر چکی تھیں۔ وہ چاہتی تھیں کہ مداحوں کو ان کی غیر موجودگی اور شوبز سے دوری کے حوالے سے وضاحت مل سکے۔
اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ تاحال شادی کے مرحلے میں داخل نہیں ہوئیں، تاہم انہیں یقین ہے کہ ہر چیز اپنے مقررہ وقت پر ہوگی۔ انہوں نے مداحوں سے اپنے اچھے نصیب اور کاروبار میں برکت کے لیے دعا کرنے کی درخواست بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’می ٹو‘ مہم کو پاکستان میں ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا، کومل میر
اداکارہ نے اپنے پیغام میں مداحوں کی محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اتنی محبت ملی جس کی وہ شاید خود کو مستحق بھی نہیں سمجھتی تھیں۔
واضح رہے کہ کومل عزیز خان آخری مرتبہ 2021 کے ڈرامے ’مہلت‘ میں نظر آئی تھیں۔ اسی سال ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران انہوں نے پاکستانی اداکاروں کی مقبولیت اور انڈسٹری کی چمک دمک کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے تھے جسے شوبز کے بارے میں ان کی بدلتی ہوئی سوچ کا اشارہ سمجھا گیا۔










