بابر اعظم اور شاداب خان توقعات پر پورے نہیں اتر رہے، شاہین آفریدی بہتر کپتان ہیں، ماجد بھٹی

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر اسپورٹس صحافی و تجزیہ کار ماجد بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو مستقبل کے لیے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے، کیونکہ بابر اعظم اور شاداب خان جیسے سینیئر کھلاڑی گزشتہ کچھ عرصے سے توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا رہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دینے اور ٹیم میں کارکردگی کی بنیاد پر انتخاب کا نظام مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

’وی نیوز ایکسکلوسیو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماجد بھٹی نے پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز، قومی ٹیم کی کارکردگی، نوجوان کھلاڑیوں کے مستقبل، بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان، صائم ایوب، محمد رضوان اور امام الحق سے متعلق معاملات سمیت آئندہ ورلڈ کپ کی تیاریوں پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔

انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کو صاحبزادہ فرحان کے مقابلے میں کپتانی کے لیے زیادہ موزوں قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سے آزاد کرکے نوجوان وکٹ کیپر روحیل نذیر کو بھی قیادت کے لیے آزمایا جاسکتا ہے۔

’پاکستان اپنے میدانوں پر بڑی ٹیموں کو ہرا سکتا ہے، بیرون ملک کارکردگی مسئلہ ہے‘

ماجد بھٹی نے کہا کہ پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر دنیا کی بڑی ٹیموں کو چیلنج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف 300 رنز بناکر 87 رنز سے کامیابی بھی حاصل کی ہے۔

تاہم ان کے مطابق اصل مسئلہ اس وقت سامنے آتا ہے جب پاکستانی ٹیم بیرون ملک کھیلنے جاتی ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے اپنے میدانوں پر آسٹریلیا کو 0-3 سے شکست دی تھی، لیکن سری لنکا پہنچنے کے بعد بھارت اور آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب یہ دیکھنا ہوگا کہ بڑی ٹیموں کو کس طرح قابو کرنا ہے اور ان کے خلاف کامیابیاں حاصل کرنا ہیں۔

انہوں نے سری لنکا کی نوجوان ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے ون ڈے کرکٹ میں 430 رنز کا ہدف عبور کرکے دوسرا بڑا کامیاب تعاقب کیا، حالانکہ اس کے 4 اہم کھلاڑی انجری سمیت مختلف وجوہات کے باعث پاکستان نہیں آسکے۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ سری لنکا کی نوجوان ٹیم نے ثابت کیا ہے کہ نئے کھلاڑیوں پر اعتماد کرکے بھی بڑی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔

ان کے بقول اگر پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانا ہے تو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کن کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھنا ہے اور کن کی جگہ نوجوانوں کو مواقع دینے ہیں۔

’بابر اعظم گزشتہ ڈیڑھ سال سے توقعات پر پورے نہیں اتر رہے‘

بابر اعظم کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے ماجد بھٹی نے کہا کہ وہ اب بھی پاکستان ٹیم کا حصہ ہیں اور اپنا کردار ادا کررہے ہیں، لیکن ان کا کردار وہ نہیں جو بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی اور روہت شرما ادا کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹی 20 کرکٹ سے الگ کیا، لیکن دونوں ون ڈے کرکٹ میں میچ جتوانے والی کارکردگی دکھا رہے ہیں، جبکہ ویرات کوہلی کی ون ڈے سینچریوں کی تعداد 55 ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو بھی واضح طور پر بتانا ہوگا کہ ٹیم ان سے کس نوعیت کی کارکردگی کی توقع رکھتی ہے اور انہیں کس سطح پر پاکستان کو کامیابیاں دلانی ہیں۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کے اسٹار کھلاڑی ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے انکار نہیں کیا جاسکتا، لیکن انہیں خود بھی سوچنا ہوگا کہ ٹیم کو ان سے کیا درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بابر اعظم توقعات پوری کرتے ہیں اور پاکستان کو میچ جتواتے ہیں تو انہیں ضرور کھیلنا چاہیے، لیکن ان کی رائے میں گزشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے وہ توقعات پر پورے نہیں اتر رہے۔

’سعد بیگ، عرفات منہاس اور حسن نواز کو مسلسل مواقع دینے کی ضرورت‘

نوجوان کھلاڑیوں کے حوالے سے ماجد بھٹی نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت کرکٹرز کی کمی نہیں، لیکن انہیں مناسب مواقع اور اعتماد فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی کے سابق کرکٹر عدنان بیگ کے صاحبزادے ہیں اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔

ان کے مطابق سعد بیگ نے گزشتہ سیزن میں قائداعظم ٹرافی میں ایک ہزار رنز بنائے اور پاکستان سپر لیگ میں کراچی کی نمائندگی بھی کی، لیکن اس کے باوجود انہیں قومی ٹیم میں مناسب مواقع نہیں دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی غازی غوری، کبھی محمد رضوان اور کبھی عثمان خان کو موقع دیا گیا، جبکہ سعد بیگ جیسے کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو نظرانداز کیا جاتا رہا۔

ماجد بھٹی کے مطابق سعد بیگ نے موقع ملنے پر مختصر مگر متاثرکن کارکردگی دکھائی ہے اور وہ موجودہ ڈومیسٹک سرکٹ کے بہتر وکٹ کیپرز میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعد بیگ اپنی وکٹ کیپنگ کے ساتھ بیٹنگ سے بھی متاثر کررہے ہیں۔

عرفات منہاس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی کارکردگی اتفاقی نہیں بلکہ وہ مستقبل کے اہم کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔

ماجد بھٹی کے مطابق عرفات منہاس نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے ابتدائی بین الاقوامی مقابلے میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور اپنے پانچویں میچ میں 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عرفات منہاس نے انگلینڈ جیسے مضبوط حریف کے خلاف بھی دباؤ میں اہم کردار ادا کیا، 50 رنز بنائے اور 6 وکٹیں حاصل کرکے بڑے بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عرفات منہاس کے بھائی سمیر منہاس بھی کرکٹ میں نمایاں نام رہے ہیں، جبکہ ان کے والد کاشف منہاس ملتان کے سابق کرکٹر ہیں۔ خاندان کا ایک تیسرا بیٹا بھی کرکٹ کی تیاری کررہا ہے۔

حسن نواز کے حوالے سے ماجد بھٹی نے کہا کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں اپنے دوسرے ٹی20 بین الاقوامی میچ میں سینچری بنائی تھی۔

ان کے مطابق حسن نواز بنیادی طور پر اوپنر ہیں، لیکن انہیں مڈل آرڈر میں آزمایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حسن نواز کبھی بہت اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں اور کبھی بالکل ناکام ہوجاتے ہیں، تاہم نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد اور تسلسل فراہم کرنا ضروری ہے۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ بعض پسندیدہ کھلاڑیوں کو مسلسل 30 میچز مل جائیں، جبکہ جن کی سفارش کرنے والا کوئی نہ ہو انہیں صرف 2 میچز کے بعد ٹیم سے باہر کردیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مناسب مواقع دیے جائیں تو وہ پاکستان کرکٹ کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

’شاداب خان اچھے کھلاڑی ہیں، مگر بڑی ٹیموں کے خلاف کارکردگی دکھانا ہوگی‘

شاداب خان کی ٹیم میں شمولیت اور مستقبل سے متعلق سوال پر ماجد بھٹی نے کہا کہ وہ ایک اچھے بلے باز، بولر اور فیلڈر ہیں، لیکن ان سے بھی واضح طور پر کارکردگی کا تقاضا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شاداب خان کے سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کے داماد ہونے کی وجہ سے ان کی ٹیم میں شمولیت پر سوالات اٹھتے ہیں اور بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ انہیں سفارش کی بنیاد پر مواقع مل رہے ہیں۔

تاہم ماجد بھٹی نے کہا کہ کسی معروف شخصیت سے رشتہ داری کھلاڑی کے لیے بعض اوقات مشکلات بھی پیدا کردیتی ہے، کیونکہ لوگ اس کی کارکردگی کو اسی تناظر میں دیکھنے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی ٹیموں میں کھلاڑیوں کو واضح طور پر بتایا جاتا ہے کہ ان سے کیا توقعات ہیں اور اگر وہ مطلوبہ کارکردگی نہیں دکھاتے تو ان کی جگہ دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دیا جاتا ہے۔

ماجد بھٹی کے مطابق شاداب خان کی مسلسل شمولیت کے باعث سفیان مقیم، ابرار احمد اور عثمان طارق جیسے اسپنرز کو مناسب مواقع نہیں مل رہے۔

انہوں نے کہا کہ سفیان مقیم ایک بہترین اسپنر ہیں، ابرار احمد کو بھی مواقع نہیں مل رہے، جبکہ مسٹری اسپنر عثمان طارق اچانک منظر سے غائب ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان اگر بڑی ٹیموں کے خلاف میچ جتوانے والی کارکردگی دکھاتے ہیں تو انہیں ضرور کھیلنا چاہیے، لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی ایسی کارکردگی سامنے نہیں آئی۔

ماجد بھٹی نے جاوید میانداد، عمران خان، ظہیر عباس، انضمام الحق، یونس خان اور محمد یوسف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو اس لیے یاد رکھا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے بڑی ٹیموں کے خلاف بڑے میچز جتوائے۔

انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد کا 1986 میں لگایا گیا تاریخی چھکا آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کھلاڑیوں کو بھی سوچنا چاہیے کہ ملک نے انہیں عزت، شہرت اور دولت دی، لیکن انہوں نے بدلے میں پاکستان کرکٹ کو کیا دیا۔

’رضا اللہ کو ہر فارمیٹ میں کھلانا درست نہیں، فٹنس پر بھی توجہ دینا ہوگی‘

نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ کی کارکردگی سے متعلق سوال پر ماجد بھٹی نے کہا کہ ایک ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد انہیں غیر معمولی شہرت ملی، لیکن اس کے بعد وہ مطلوبہ تسلسل برقرار نہیں رکھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ رضا اللہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں کامیابی کے بعد فوری طور پر ٹی20 کرکٹ میں بھی کھلا دیا گیا، حالانکہ ہر کھلاڑی ہر فارمیٹ کے لیے موزوں نہیں ہوتا۔

ان کے مطابق ٹی 20 کرکٹ میں بلے باز فاسٹ بولرز کے خلاف زیادہ جارحانہ انداز اختیار کرتے ہیں، اس لیے اس فارمیٹ کے تقاضے مختلف ہیں۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ بھارتی ٹیم میں بھی کئی ایسے کھلاڑی ہیں جو صرف مخصوص فارمیٹس کھیلتے ہیں، جبکہ پاکستان میں ہوتے تو شاید انہیں تینوں فارمیٹس میں کھلایا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ رضا اللہ کو محنت جاری رکھنی چاہیے اور اپنی سابقہ کامیابیوں پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے کرکٹرز ہمیشہ کہتے ہیں کہ گزشتہ میچ کی کارکردگی تاریخ بن جاتی ہے، ہر نیا دن اور ہر نیا میچ ایک نیا امتحان ہوتا ہے۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ رضا اللہ نے برمنگھم میں جو کارکردگی دکھائی، اس کا انہیں صلہ مل چکا، لیکن اب انہیں مسلسل نئی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی خوراک اور فٹنس پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ برمنگھم سے واپسی کے بعد سوشل میڈیا پر بعض کرکٹرز، جن میں رضا اللہ بھی شامل تھے، کی دعوتوں کی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں پورے بکرے کھائے جارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اچھی خوراک اور مہمان نوازی کا کلچر اپنی جگہ، لیکن پیشہ ور کھلاڑی کے لیے خوراک میں احتیاط اور فٹنس برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

ماجد بھٹی نے عمران خان کی انجری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک فاسٹ بولر کے ان فٹ ہونے سے اس کا کیریئر طویل عرصے کے لیے متاثر ہوسکتا ہے، جیسا کہ عمران خان تقریباً 2 سے 3 سال کرکٹ سے باہر رہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی دعوتوں سے لطف اندوز ضرور ہوں، لیکن اپنی فٹنس کا بھی خیال رکھیں اور ہر میچ میں نئی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔

’صائم ایوب کو ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس بھیجنے کی تجویز‘

فخر زمان اور صائم ایوب کی اوپننگ جوڑی کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے ماجد بھٹی نے کہا کہ فخر زمان ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ٹیم انتظامیہ انہیں آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ تک موقع دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 11 ماہ بعد جنوبی افریقہ، نمیبیا اور زمبابوے میں 50 اوورز کا ورلڈ کپ ہونا ہے اور کوچ مائیک ہیسن اور سلیکشن کمیٹی فخر زمان پر اعتماد کررہے ہیں کہ وہ اہم موقع پر پاکستان کے کام آسکتے ہیں۔

ان کے مطابق فخر زمان کی عمر 36 سال ہوچکی ہے اور ان کے پاس بین الاقوامی کرکٹ کے لیے بہت زیادہ وقت باقی نہیں، تاہم انہیں ورلڈ کپ تک ٹیم میں برقرار رکھنا چاہیے۔

ماجد بھٹی نے پاکستانی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی عمروں سے متعلق ماضی کے تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے بھی اپنی کتاب میں عمر کے حوالے سے بعض حقائق بیان کیے تھے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ فخر زمان کے بارے میں یہ نہیں کہہ رہے کہ انہوں نے اپنی عمر غلط درج کرائی ہے۔

صائم ایوب کے بارے میں ماجد بھٹی نے کہا کہ انہیں مسلسل ناکامیوں کے باوجود صرف بولنگ کی صلاحیت کی بنیاد پر بطور بلے باز ٹیم میں برقرار رکھنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کا کیریئر ختم کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس بھیج کر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب معاذ صداقت جیسے نوجوان کھلاڑی کارکردگی دکھا رہے ہیں تو ٹیم میں مسابقت کا ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلسل ناکامی کے باوجود ایک کھلاڑی کو مواقع دیے جاتے ہیں تو پھر دوسرے نوجوانوں کے ساتھ بھی یہی رویہ اختیار کرنا ہوگا۔

’محمد رضوان اور امام الحق کے معاملات میں فی الحال کوئی بڑی رکاوٹ نظر نہیں آتی‘

محمد رضوان سے متعلق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ماجد بھٹی نے کہا کہ تقریباً 2 ماہ قبل سامنے آنے والے واقعے کے بعد رضوان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی اہم پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ رضوان کا موبائل فون تحویل میں لیے جانے اور دیگر معاملات سے متعلق مختلف اطلاعات سامنے آئی تھیں، لیکن اگر کوئی سنگین مسئلہ ہوتا تو شاید ان کی اتنی آسانی سے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی ممکن نہ ہوتی۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ محمد رضوان کا معاملہ این سی سی آئی اے سے متعلق ہے اور اس کی مکمل تفصیلات متعلقہ ادارے ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔

امام الحق کے حوالے سے ماجد بھٹی نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے اور انہیں یہی معلوم ہوا کہ انگلینڈ میں امام الحق واقعی انجری کا شکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں امام الحق کے بارے میں ایک دو مواقع پر انجری کے حوالے سے سوالات اٹھے اور ان کے میچ نہ کھیلنے کے فیصلوں پر بھی تنقید ہوئی، لیکن موجودہ معاملے میں انہیں انجری حقیقی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ امام الحق کے معاملے کی تحقیقات کے لیے پی سی بی نے کمیٹی بنائی تھی، جس میں ڈاکٹرز اور تکنیکی ماہرین شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کا طبی نظام دنیا کے بہترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے اور اگر وہاں کی میڈیکل رپورٹس کسی کھلاڑی کی انجری کی تصدیق کررہی ہوں تو انہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید طبی سائنس کے ذریعے انجری کی حقیقت معلوم کرنا ممکن ہے اور اگر امام الحق کی انجری جعلی ہوتی تو اب تک ان کے خلاف کارروائی سامنے آچکی ہوتی۔

ماجد بھٹی نے 1987 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف فیصل آباد ٹیسٹ میں سلیم ملک کی مثال دی، جب ویسٹ انڈیز کے خطرناک فاسٹ بولرز کے سامنے ان کا بازو زخمی ہوگیا تھا، لیکن وہ ایک ہاتھ سے بیٹنگ کرنے آئے اور کافی دیر تک مقابلہ کیا۔

انہوں نے آسٹریلیا کے نیتھن لائن سمیت دیگر کھلاڑیوں کی مثالیں بھی دیں جو انجری کے باوجود میدان میں اترے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر امام الحق چاہتے تو انجری کے باوجود کھیل کر خود کو ہیرو ثابت کرنے کی کوشش کرسکتے تھے، لیکن ہر کھلاڑی کا فیصلہ مختلف ہوتا ہے۔

ماجد بھٹی کے مطابق فی الحال محمد رضوان اور امام الحق دونوں کے معاملات میں ایسی کوئی بڑی رکاوٹ نظر نہیں آرہی جو ان کی قومی ٹیم میں واپسی کو ناممکن بنائے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ امام الحق کا معاملہ بھی اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔

’شاہین شاہ آفریدی صاحبزادہ فرحان سے بہتر کپتان ہیں‘

آئندہ ورلڈ کپ کی تیاریوں اور قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے ماجد بھٹی نے کہا کہ پاکستان میں ہر عالمی ٹورنامنٹ کے بعد اگلے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اعلان کردیا جاتا ہے، لیکن نتائج میں خاطر خواہ بہتری نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 ورلڈ کپ میں پاکستان سیمی فائنل تک بھی نہیں پہنچ سکا، اس لیے اب ٹیم کو صرف مستقبل کی تیاریوں کے دعوؤں کے بجائے عملی نتائج دکھانا ہوں گے۔

ماجد بھٹی نے حیدرآباد کے شاعر عنایت علی خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1987 کے ورلڈ کپ کے موقع پر ان کی ایک نظم کا شعر آج بھی یاد ہے: ’ذرا ورلڈ کپ ہو لے، اس کے بعد دیکھیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی بات شروع ہوجاتی ہے، پھر ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور اس کے بعد دوبارہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریاں شروع کردی جاتی ہیں۔

قومی ٹیم کی قیادت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ فرحان اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ٹیم کی قیادت بھی مناسب انداز میں کررہے ہیں، لیکن ان کی رائے میں شاہین شاہ آفریدی میں کپتانی کی صلاحیت زیادہ ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ اگر صاحبزادہ فرحان کو مستقبل کے لیے تیار کرنا مقصود ہے تو انہیں شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ نائب کپتان بنایا جاسکتا ہے۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کے 3 ٹائٹل جتوا چکے ہیں اور ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی کررہے ہیں۔

انہوں نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ میچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی نے بہترین کپتانی کی، خصوصاً بولنگ میں تبدیلیوں کے فیصلے مؤثر ثابت ہوئے۔

ان کے مطابق میچ کے اختتام پر کمنٹیٹرز نے بھی شاہین کی کپتانی اور بولنگ میں تبدیلیوں کو سراہا۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ شاہین آفریدی کرکٹ کی اچھی سمجھ رکھتے ہیں اور ایک مضبوط کپتان پاکستان ٹیم کو دوبارہ بہتر مقام پر لاسکتا ہے۔

’بابر اعظم کو ٹیسٹ کپتانی سے آزاد کرکے روحیل نذیر کو موقع دیا جاسکتا ہے‘

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے ماجد بھٹی نے کہا کہ بابر اعظم کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیکن وہ خود اپنی بیٹنگ فارم کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، اس لیے سوال پیدا ہوتا ہے کہ وہ کپتانی کی اضافی ذمہ داری کیسے نبھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بابر اعظم کو اپنی بیٹنگ پر مکمل توجہ دینے کا موقع فراہم کرنا ہے تو ان سے کپتانی واپس لینے پر غور کیا جاسکتا ہے۔

ماجد بھٹی نے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے آزمانے کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے روحیل نذیر اچھے بلے باز اور وکٹ کیپر ہیں، جبکہ پاکستان اے ٹیم اور انڈر 19 ٹیم کی کپتانی بھی کرچکے ہیں۔

ان کے مطابق دنیا کی کرکٹ میں ایسے کھلاڑیوں کی مثالیں موجود ہیں جنہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر ہی ٹیم کی قیادت کی، جن میں نیوزی لینڈ کے لی جرمون بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روحیل نذیر کو مستقل بنیادوں پر نہیں تو مختصر مدت کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بناکر آزمایا جاسکتا ہے۔

تاہم ماجد بھٹی نے کہا کہ اگلے ماہ سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے، اس لیے فوری طور پر کپتان کی تبدیلی کا امکان انہیں نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ کیپنگ کے شعبے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ماجد بھٹی کے مطابق برمنگھم ٹیسٹ میں غازی غوری کو موقع دیا گیا، لیکن وہ وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں مشکلات کا شکار رہے۔

انہوں نے کہا کہ سعد بیگ بھی پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں، اس لیے قومی کرکٹ کو ایسے نئے قائدین تلاش کرنے چاہییں جو نہ صرف پاکستان ٹیم بلکہ عالمی کرکٹ کو بھی اپنی کارکردگی سے متاثر کرسکیں۔

’روحیل نذیر سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، تجویز ذاتی رائے ہے‘

ماجد بھٹی نے روحیل نذیر کو ٹیسٹ کپتان بنانے کی تجویز کے حوالے سے وضاحت بھی پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی 2 یا 3 پروگراموں میں روحیل نذیر کا نام تجویز کرچکے ہیں، لیکن ان کی آج تک اس کھلاڑی سے ملاقات نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے روحیل نذیر کے بارے میں اس کی کارکردگی اور دیگر لوگوں سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر رائے قائم کی ہے۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ بعض اوقات میڈیا سے وابستہ افراد پر مخصوص کھلاڑیوں کی حمایت یا ذاتی ایجنڈے کے تحت بات کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے، لیکن روحیل نذیر سے ان کا کوئی ذاتی تعلق نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ان کی ذاتی تجویز ہے، جس سے کوئی اتفاق یا اختلاف کرسکتا ہے۔

ماجد بھٹی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو ایسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں اور مضبوط قیادت کی ضرورت ہے جو ٹیم کو مسلسل کامیابیاں دلا سکیں اور عالمی سطح پر پاکستان کرکٹ کا مقام بہتر بنا سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp