سعودی عرب میں پاکستان کے سابق سفیر ایڈمرل (ر) ہشّام بِن صدیق نے وی نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی ممالک جو آپس میں اسٹریٹجک تعاون رکھتے ہیں وہ مل کر امن قائم کر سکتے ہیں۔ مکّہ معاہدے کے تحت ترکیہ کی ٹیکنالوجی، پاکستان کی خدمات، ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور سعودی بھائیوں کی اپنی پیشہ ورانہ مہارت ان سب چیزوں کو مِلا کر یمن میں حوثیوں کے مسئلے پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ اور جب تک خطے میں طاقت کا توازن قائم نہیں ہو گا اُس وقت تک امن نہیں ہو سکتا۔
اُنہوں نے کہا کہ سفارتی لحاظ سے اگر بات کی جائے تو 2 ممالک کے درمیان وہ تعلقات کامیاب ہوتے ہیں جو ہمہ جہت ہوں۔ جس میں سماجی، ثقافتی اور سب سے اہم معاشی تعلق ہے۔
مکّہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سب سے اچھی چیز ہے
مکّہ معاہدہ خاص طور پر پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے ضِمن میں ہونے والی سب سے اچھی چیز ہے اور ترکیے کے ساتھ بھی عمومی طور پر۔ سعودی عرب، تُرکیے اور چین کے ساتھ ہمارے آزمودہ، اسٹریٹجک اور قابلِ اعتماد تعلقات ہیں۔ ہم اِس کو اسٹریٹجک شراکت داری کہہ سکتے ہیں اور پاکستان کو جب بھی ضرورت پڑی ان تینوں ممالک نے مدد کی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر مشتعمل ہیں۔ اُن کے ساتھ ہمارے بہترین دفاعی، سیاسی اور عوامی تعلقات ہیں۔ پاکستان کے لوگ سعودی عرب کو مذہبی لحاظ سے اور سعودی بھائیوں کے روّیے کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 1982 سے دفاعی تعلقات ہیں جن کا اظہار مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں اور دیگر چیزوں میں ہوتا رہتا ہے۔ اس ساری صورتحال میں یہ اچھا ہو گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو ایک فریم ورک مل گیا جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ ساتھ ترکیے کے لوگ کسی بھی مُشکل میں ایک دوسرے کی مدد کر سکتے ہیں۔ ان تینوں ممالک کو اس خطّے کے اندر ایک ہی جیسے خطرات کا بھی سامنا ہے اور میرا خیال ہے کہ یہ مکہ دفاعی معاہدہ اسلاموفوبیا کے خلاف بھی ایک مزاحمتی قوّت بن کے سامنے آئے گا۔
مکّہ معاہدہ ایک ہمہ جہت معاہدہ ہے
ایڈمرل ہشّام بن صدیق نے کہا کہ جیسا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے مکمل حمایت فراہم کرے گا۔ اس بات کے تناظر میں اب یہ سعودی عرب پر منحصر ہے کہ وہ پاکستان سے کس قسم کی مدد چاہتے ہیں۔ پاکستانی افواج دُنیا میں اپنی صلاحیت اور پروفیشنلزم کے حوالے سے ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔ سعودی عرب کو حوثی باغیوں کو سمندر کی جانب سے بحری ناکہ بندی کے حوالے سے روکنے کی ضرورت ہے، اس کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے اپنی زمینی سرحدات کو محفوظ بنانا ہے اور تیسرے نمبر پر حوثیوں کی وہ صلاحیت جو سعودی عرب کے لیے خطرہ ہے وہ اُن کے بیلسٹک اور کروز میزائل ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اُن کی ڈرون صلاحیت کا بھی مقابلہ کرنا ہے تاکہ یمن میں امن میں قائم کیا جا سکے۔
اِن ضروریات کو مدّنظر رکھتے ہوئے، مکّہ معاہدے کے تحت ترکیہ کی ٹیکنالوجی، پاکستان کی خدمات، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت اور سعودی بھائیوں کی اپنی پیشہ ورانہ مہارت ان سب چیزوں کو مِلا کر یمن میں حوثیوں کے مسئلے پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
بدر معاہدے کے ذریعے خطے کے ممالک دفاعی پیدوار میں خودانحصاری حاصل کر پائیں گے
دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے حصول کے لیے بدر معاہدہ ایک اچھا قدم ہے۔ آج کل کے دور میں اقوام اپنے آپ کو تب محفوظ بنا سکتی ہیں جب وہ خود اپنے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتی ہوں۔ حالیہ جنگوں میں آپ نے دیکھا کہ غیر مُلکی طاقتوں حتیٰ کہ سپر طاقتوں پر بھی مُلکی سالمیت کے لئے اںحصار نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے ضروری ہو گیا ہے کہ وہ ملک جن کے اہداف مشترک ہیں وہ ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے اور اُن پر غیر ملکی انحصار کم کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ پاکستان، انڈونیشیا، قطر اور ترکیے کے درمیان بدر کا معاہدہ ایک اور بہت بڑا اور اہم معاہدہ ہے اور ان ممالک کے مفادات بھی ایک جیسے ہیں۔ ترکیے کے پاس مغربی ٹیکنالوجی، پاکستان کے پاس چینی ٹیکنالوجی اور اپنی صلاحیت بھی ہے۔ یہ چاروں ملک مل کر مغربی ٹیکنالوجی کے مقابلے میں ایک اچھا متبادل فراہم کر سکتے ہیں۔
ان معاہدات سے پاکستان کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے
ایڈمرل ہشام بن صدیق نے کہا کہ سعودی عرب کا دفاعی بجٹ 80 ارب ڈالر ہے۔ پاکستان کی جے ایف 17 تھنڈر، الخالد ٹینک، اٹانومس وہیکل، اور دیگر سائبر سیکیورٹی آلات بنانے کی اپنی صلاحیت ہے۔ پاکستان اور ترکیے مل کر نہ صرف قطر اور انڈونیشیا بلکہ خطّے کے دیگر ممالک کی دفاعی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔ اس چیز کو ذہن میں رکھتے ہوئے دیکھیں تو پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اِضافہ ہو سکتا ہے۔
بھارت کا بطور نیٹ سیکیورٹی پرووائڈر سارا بیانیہ زیرو ہو گیا ہے اس لیے مکہ معاہدے کے خلاف پروپیگنڈا کرتا ہے
ایڈمرل ہشام بن صدیق نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں بھارت کو چین کو روکنے کے لئے استعمال کیا گیا اور اُس کو ایک نیٹ سیکیورٹی پرووائڈر کے طور پر پیش کیا گیا لیکن گزشتہ 2 برس میں اُس کا سارا بیانیہ زیرو ہو گیا ہے، بھارت کے بیانیے کو سب سے زیادہ زِک مئی 2025 کی جنگ میں پہنچی جس نے پاکستان کو ایک نئی اسٹریٹجک اسپیس ملی۔ جس سے بھارت کو شدید پریشانی لاحق ہو گئی ہے اور اُس کی پوری کوشش ہے کہ اس معاہدے کو ناکام کرے اور ہمیں اُس سے ایسی ہی توقع ہے لیکن ہمیں پوری طرح سے تیار رہنا چاہیے۔










