درختوں پر جھولے اچھے لگتے ہیں، لاشیں نہیں

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
author image

صنوبر ناظر

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لائبہ کو دنیا سے گزرے کئی روز گزر چکے ہیں۔ اب تو یہ واقعہ بھی رفتہ رفتہ لوگوں کی یادداشت سے محو ہونے لگا ہے۔ چند دن کا شور، سوشل میڈیا پر چند اداس پوسٹیں، کچھ مذمتی بیانات اور پھر وہی روزمرہ کی مصروفیات۔ جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہوـ مگر سوال آج بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ آخر ایک ہونہار، گولڈ میڈلسٹ لڑکی کو اس مقام تک پہنچانے میں ہمارا کتنا ہاتھ تھا؟

اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کی اس ذہین طالبہ نے امریکا جانے کا خواب دیکھا ۔ جب کہ یونی ورسٹی کی جانب سے اسے سعودی عرب میں اسکالرشپ مل رہی تھی۔ بیٹی کے خواب پورے کرنے کی خاطر اس کے پھل فروش باپ نے اپنی جمع پونجی ہی نہیں، اپنا گھر تک داؤ پر لگا دیا۔ ماں نے زیورات گروی رکھ دیے۔ خاندان نے اپنی استطاعت سے بڑھ کر اس امید پر لاکھوں روپے قربان کر دیے کہ بیٹی کا مستقبل سنور جائے گا۔

کیا اس خواب کے پیچھے صرف لائبہ تھی؟ کیا ہمارے معاشرے کی نئی نسل اسی خواب کی اسیر نہیں ہے؟

 آپ کو اپنے بچوں کے لیے اس طرز کے مشورے اکثر سننے کو ملتے ہوں گے ـ

’اپنے بچوں کو یہاں سے بھیج دو‘۔

’یہاں رکھا ہی کیا ہے؟‘

’باہر جا کر مستقبل بن جائے گا‘۔

’امریکا بھیج دو، برطانیہ روانہ کر دو، فلاں ملک، ڈھماکا ملک، جہاں بھی بَس چلے، بھیج دو۔ ملک سے باہر، بس پاکستان سے دور‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’ان چوزن‘: شخصی آزادی جن کا مقدر نہ بن سکی

یہ پٹی ہمارے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں میں بھی شدومد کے ساتھ پڑھائی جاتی ہے۔ باقاعدہ اس کام کے لیے اچھی تنخواہوں پر کاؤنسلر رکھے جاتے ہیں، جو بچوں کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے سنہری خواب دکھاتے ہیں۔ خواب دکھانے میں بھلا خرچ ہی کیا ہوتا ہے؟ اصل خرچہ تو ان خوابوں کو پورا کرنے والوں کا ہوتا ہے۔ یہ سوچے بغیر کہ کتنے والدین ان خوابوں کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں اور کتنے اپنی عمر بھر کی جمع پونجی لگا بھی دیں تو تعبیر نہیں مل پاتی۔

اور اگر والدین بچوں کو سپورٹ نہیں کر پاتے تو اسکول انتظامیہ انہیں ولن بنا کر ایسے پیش کرتے ہیں جیسے بیرونِ ملک بھیجنے کی استطاعت نہ رکھنا کوئی معاشی مجبوری نہیں، بلکہ اولاد کے مستقبل سے دشمنی ہوـ  پھر پیئر پریشر بھی، دوسروں کو دیکھ کر پیچھے رہ جانے کا خوف بھی۔ فلاں کا بچہ امریکہ چلا گیا، فلاں کی بیٹی برطانیہ پہنچ گئی، اور ہمارے بچے ابھی تک یہیں ہیں۔ جیسے زندگی کوئی مسلسل دوڑ ہو اور اس میں پیچھے رہ جانے والوں کے لیے کوئی جگہ ہی نہ ہو۔

یہی وہ عوامل ہیں جو لائبہ جیسے بچوں کو ایسے فیصلوں کی طرف دھکیل سکتے ہیں جن کا انجام کبھی موت اور کبھی والدین کی عمر بھر کی جمع پونجی کی بربادی کی صورت میں نکلتا ہے۔

بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنا یقیناً اچھی بات ہے، بشرطیکہ آپ صاحبِ استطاعت ہوں یا آپ کے ہاتھ میں اسکالرشپ ہو۔ بچوں کو ضرور بھیجیے، دنیا دیکھنے، تجربہ حاصل کرنے اور ایکسپوژر کے لیے۔ اس سے اعتماد بڑھتا ہے، سوچ میں وسعت آتی ہے اور انسان کو اپنی ذات اور دنیا کو نئے زاویوں سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ بنا چھان بین کیے کسی بھی ایجنٹ کے ہاتھ لاکھوں روپے تھما دیے جائیں، اس یقین کے ساتھ کہ اب مستقبل سنورنے ہی والا ہے۔

مزید پڑھیے: گر آنکھ چھلک پڑے تو …… معاف کرنا

بیرونِ ملک جانا ایک موقع ضرور ہے، لیکن کامیابی کی ضمانت نہیں۔ اور اپنے ملک میں رہنا ناکامی ہرگز نہیں۔

ایکسپوژر ضروری ہے، مگر اس کے لیے خاندان کی ساری جمع پونجی داؤ پر لگانا  دانش مندی نہیں ـ  بچوں کو دنیا دکھائیے، لیکن انہیں یہ احساس مت دیجیے کہ ان کا اپنا ملک، اپنا گھر اور اپنی مٹی ان کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ ایک بہتر مستقبل کی تلاش میں اپنے حال سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں۔

مسئلہ باہر جانے میں نہیں، مسئلہ اس سوچ میں ہے جو ہمیں اپنے ہی ملک سے مایوس اور باہر کی دنیا سے غیر حقیقی امیدیں وابستہ کرنا سکھاتی ہے۔

بیرون ملک جانے کا مشورہ دینے والے ذرا یہ بھی بتا دیں کہ پچیس کروڑ آبادی میں سے ملک کے کتنے نوجوان باہر جا سکتے ہیں ؟

مانا ہمارے ملک کے حالات ناسازگار اور روزگار کے مواقع محدود ہو رہے ہیں۔ نوجوان فرسٹریشن کا شکار ہیں۔

لیکن کیا آپ نے یورپ میں ہونے والے مظاہروں اور پرتشدد واقعات کی ویڈیوز نہیں دیکھیں؟ یورپ کے نوجوان نے وہاں کے معاشرتی اور معاشی مسائل پر کتنے ہی سوالات اٹھادیے ہیں۔

 یورپ امریکا کینیڈا بھی اب کوئی پھولوں کی سیج نہیں رہے۔

برین ڈرین روکنا حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ جس کے لیے ضروری ہے کہ  دھوکے باز ایجنٹوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کے بجائے اس مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ بیرونِ ملک تعلیم کے نام پر ہونے والے فراڈ کی روک تھام ہو سکےـ ساتھ ہی نوجوانوں کے لیے بہتر تعلیم کے مواقع اور روزگار کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔

کچھ تھوڑی سی ہماری بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے بچوں کے ذہنوں میں مایوسی نہ بھریں۔ ہر وقت یہ دہائی دینا کہ یہاں کچھ نہیں رکھا، دراصل نئی نسل کو یہ باور کرانا ہے کہ اس کے اپنے ملک میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ پھر ہم حیران ہوتے ہیں کہ بچے یہاں رہنا کیوں نہیں چاہتے اور برین ڈرین کیوں ہو رہا ہے؟

بیرون ملک تعلیم اور روزگار کے مواقع ہمارے یہاں سے زیادہ ہیں، لیکن وہاں بھی تنہائی ہے، معاشی دباؤ شدید ہے، روزگار کی غیر یقینی صورتِ حال مسلسل بڑھ رہی ہے اور اپنی جگہ بنانے کے لیے ایک طویل جدوجہد کا سامنا ہے۔ باہر کی دنیا کوئی ایسی جنت نہیں جہاں پہنچتے ہی تمام مسائل ختم ہو جاتے ہوں۔ وہاں بھی  زندگی اپنے تمام تر مسائل سمیت موجود ہے۔

دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ یورپ ، امریکا اور کینیڈا میں روزگار، رہائش اور اخراجات کے مسائل زیرِ بحث ہیں۔ گلف کی ریاستوں کو محفوظ مستقبل کی ضمانت سمجھنے کا تصور بھی حالیہ جنگ نے کئی لوگوں کے لیے سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔ مگر ہمارے ہاں بیرونِ ملک کا خواب بیچنے والوں کے اشتہار میں ان مشکلات کا ذکر کم ہی ملتا ہے۔ وہاں صرف کامیابی کی چمکتی ہوئی تصویر دکھائی جاتی ہے، اس تصویر کے پیچھے چھپی قیمت نہیں۔

لائبہ جیسے نوجوانوں کی موت کے ذمہ دار صرف وہ ایجنٹ نہیں بلکہ پورا نظام ہے۔

ہمیں اس سوچ کا بھی محاسبہ کرنا ہوگا جو نوجوانوں کو یہ یقین دلاتی ہے کہ ان کے خواب صرف پاکستان سے باہر پورے ہو سکتے ہیں۔

ہمیں اپنے بچوں کو بیرونِ ملک جانے سے نہیں روکنا، بلکہ انہیں یہ سمجھانا ہے کہ ان کی زندگی، ان کی صلاحیت اور ان کی کامیابی کسی ایک ملک یا ایک خواب کی محتاج نہیں۔ خواب ٹوٹ جائیں تو زندگی ختم نہیں ہوتی۔ راستے بدلتے ہیں، منزلیں بدلتی ہیں، مگر زندگی قیمتی رہتی ہے۔

اور شاید یہی بات ہم اپنے بچوں کو سمجھانا بھول گئے ہیں کہ امریکا پہنچ جانا کامیابی کی آخری منزل نہیں، اور پاکستان میں رہ جانا زندگی کی آخری ناکامی نہیں۔

مزید پڑھیں: اے ٹی ایم مشین 

لائبہ واپس نہیں آئے گی، لیکن اس کی کہانی ہمیں اپنے رویوں پر نظرِ ثانی کرنے پر مجبور ضرور کر سکتی ہے۔ ورنہ چند دن بعد یہ واقعہ بھی ہماری یادداشت سے محو ہو جائے گا، اور ہم کسی دوسرے بچے کو وہی خواب دکھانے لگیں گے، وہی مشورے دینے لگیں گے، وہی پٹی پڑھانے لگیں گے۔

لیکن یہ بھی یاد رکھیے کہ درختوں پر جھولے لٹکتے اچھے لگتے ہیں، لاشیں نہیں۔

ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

صنوبر ناظر ایک متحرک سیاسی و سماجی کارکن ہیں۔ تاریخ میں ماسٹرز کر رکھا ہے جبکہ خواتین کی فلاح اور مختلف تعلیمی پراجیکٹس پر کام کر چکی ہیں۔ کئی برس سے قومی و بین الاقوامی میڈیا اداروں کے لیے باقاعدگی سے لکھتی ہیں۔

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp