عمان سے مائع پیٹرولیم گیس یعنی ایل پی جی لے کر آنے والے 2 بحری جہاز پورٹ قاسم پہنچ گئے، جس کے بعد ملک میں ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہونے اور قیمتوں میں کمی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں بحری جہاز مجموعی طور پر 7 ہزار 603 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پاکستان پہنچے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا نجی کمپنیوں کو براہ راست ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دینے پر غور
ان میں سے پریانیس نامی جہاز نے ایس ایس جی سی کے ٹرمینل پر 4 ہزار 250 میٹرک ٹن جبکہ الیسا ون نامی جہاز نے اینگرو ٹرمینل پر 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی آف لوڈ کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے سرحدی راستے سے بھی ایل پی جی کی معطل ترسیل کل سے بحال ہونے کا امکان ہے، جس سے مقامی مارکیٹ میں گیس کی دستیابی مزید بہتر ہوسکتی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سپلائی میں اضافے کے باعث کل سے قیمتوں میں کمی متوقع ہے، تاہم قیمتوں میں کمی کی حتمی صورت حال کا انحصار مارکیٹ میں رسد اور طلب پر ہوگا۔











