پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کرنے کے منصوبے پر سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی ایئرلائن ’سعودیہ‘ وقت کی پابندی میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگئی
محسن نقوی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ تھیم پارک منصوبے کے لیے سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے اور سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تھیم پارک ایک اہم اور دور رس اثرات کا حامل منصوبہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں سعودی عرب میں پاکستان کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کے لیے روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
اس موقع پر شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
تقریب میں سی ڈی اے کے ارکان اور سعودی وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔










