شرح سود میں اضافے کی وجوہات کیا بنیں اور اس کے اثرات کیا ہوں گے؟

پیر 26 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کے اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ملک میں شرح سود بڑھ کر 12 فیصد ہو گئی ہے۔

مرکزی بینک کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشیدگی کے سبب عالمی سطح پر پیٹرول، ڈیزل اور گیس جیسے توانائی کے وسائل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، جس کے کوئی فوری تدارک کے امکانات نظر نہیں آ رہے۔

اس عالمی صورتحال سے پاکستان کی معیشت اور توانائی کے شعبے کی قیمتیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق شرح سود میں اضافے کا مقصد ملک میں بڑھتی ہوئی افراطِ زر (مہنگائی) پر قابو پانا ہے تاکہ مہنگائی کی شرح کو مرکزی بینک کے مقرر کردہ 5 سے 7 فیصد کے ہدف کے اندر لایا جا سکے اور معاشی منظرنامے کو مزید بگاڑ سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:50 بیسز پوائنٹس کا اضافہ، اسٹیٹ بینک نے شرح سود 11.5 سے بڑھا کر 12 فیصد کرنے کا اعلان کردیا

معاشی ماہر شہریار بٹ  کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ غیر متوقع نہیں تھا، کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی کشیدگی کے باعث عالمی سپلائی لائن شدید متاثر ہوئی ہے۔

شہریار بٹ کے مطابق سپلائی میں خلل کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر ٹریڈ کر رہا ہے۔

 عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا براہِ راست اثر پاکستان کی معیشت اور مہنگائی پر پڑ رہا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران خاص طور پر فوڈ انفلیشن (خوراک کی مہنگائی) اور فوڈ باسکٹ کی اشیا، مثلاً چکن اور ٹماٹر کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹیشن چارجز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

حکومت پیٹرولیم لیوی کی شرح بلند ہونے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے سے قاصر ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام اور پالیسی

ایس بی پی نے آئی ایم ایف پروگرام کی پابندی کرتے ہوئے شرح سود کو مارکیٹ کی بنیاد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر جنگی کشیدگی جاری رہی تو معاشی دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔

اسٹاک مارکیٹ پر اثرات

شہریار بٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج پہلے ہی ان عوامل کو کسی حد تک ان کارپوریٹ  کر چکی تھی۔ گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں 4,000 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ اس سے قبل بھی مسلسل 3 ہفتے مارکیٹ منفی زون میں رہی۔

آج شرح سود میں اضافے کا امکان ہونے کے باوجود اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور 100 انڈیکس میں 663 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

مختلف شعبوں پر اثرات

معاشی ماہر محسن مسیڈیا کے مطابق شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کے اس اضافے سے ہاؤسنگ لونز، کار فائنینسنگ، اور سائیکلیکل سیکٹر (مثلاً سیمنٹ اور اسٹیل انڈسٹری) پر اثر پڑے گا۔

مزید پڑھیں:شرح سود بڑھائی جائے یا برقرار رکھی جائے؟ اسٹیٹ بینک آج فیصلہ کرے گا

تعمیراتی قرضوں کی لاگت بڑھنے سے تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، تاہم پاکستان جیسے اعلیٰ افراطِ زر والے ملک میں اس اضافے سے کوئی بہت بڑا منفی اثر پڑنے کا امکان نہیں ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر آنے والے دنوں میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں نیچے آتی ہیں تو شرح سود میں دوبارہ کمی دیکھی جا سکے گی۔

معاشی ماہر جنید خان کے مطابق اس وقت پاکستان میں مہنگائی کا بنیادی سبب ’کاسٹ پش‘ یعنی توانائی اور اشیاء کی پیداوری لاگت کا بڑھنا اور سپلائی سائیڈ پر دباؤ ہے، نہ کہ طلب میں اضافہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ مانیٹری پالیسی کے ذریعے افراطِ زر کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن اس کے نتیجے میں کاروباری اور ذاتی فائنانسنگ کی لاگت (کیپیٹل کاسٹ) میں اضافہ ہو جائے گا۔

شرح سود بڑھنے سے تاجروں، سرمایہ کاروں، کسانوں اور عام شہریوں کے لیے بینکوں سے حاصل کیے جانے والے تمام تر قرضے بشمول بزنس لون، ایگریکلچر لون، آٹو (گاڑی) لون اور ہاؤسنگ لون زیادہ مہنگے ہو جائیں گے۔

معاشی ماہر تنویر ملک کے مطابق اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور بڑھتے ہوئے تنازع کے باعث عالمی سطح پر توانائی کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار

پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی عالمی قیمتیں اونچی سطح پر برقرار ہیں جس سے پاکستان کی معیشت بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

تنویر ملک کے مطابق شرح سود میں اضافے کا بنیادی مقصد افراطِ زر (مہنگائی) پر قابو پانا اور اسے اسٹیٹ بینک کے مقرر کردہ 5 سے 7 فیصد کے ہدف کے اندر رکھنا ہے تاکہ مہنگائی کے منظرنامے کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔

ان کا مزید کا کہنا ہے کہ مانیٹری پالیسی کے اس اقدام سے شرح سود میں اضافہ تو ہو جائے گا لیکن اس کا براہِ راست اثر فائنانسنگ کاسٹ اور سرمایہ کاری پر پڑے گا۔

بینکوں سے لیے جانے والے تجارتی، زرعی، ہاؤسنگ اور آٹو لونز سمیت تمام اقسام کی مالیاتی سہولیات مزید مہنگی ہو جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp