بابر اعظم کی بیٹنگ میں تکنیکی خامی کی نشاندہی، محمد یوسف نے اہم مسئلہ بتا دیا

منگل 27 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی بیٹنگ میں تکنیکی خامی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دایاں کندھا کھلا رہنے کی وجہ سے انہیں گیند کی لائن اور سوئنگ کا درست اندازہ لگانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز میں بابر اعظم اب تک 3 اننگز میں 45، 34 اور 10 رنز بنا سکے ہیں۔ وہ اچھی شروعات کے باوجود بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، جس کے باعث ان کی بیٹنگ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے بابر اعظم کی وجہ سے استعفیٰ دینا پڑا، سابق کپتان محمد یوسف کا حیران کن انکشاف

محمد یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بابر اعظم گیند کی لائن کے مطابق اپنا بایاں کندھا رکھنے کے بجائے دایاں کندھا کھلا رکھتے ہیں، جس سے انہیں گیند کی لائن اور سوئنگ سمجھنے میں دشواری ہوتی ہے۔ ان کے مطابق بابر پہلے ایسی گیندوں کو ایکسٹرا کور کے اوپر سے اعتماد کے ساتھ کھیلتے تھے، لیکن اب ان کی بیٹنگ میں وہ سابقہ روانی دکھائی نہیں دیتی۔ محمد یوسف نے اسے بابر جیسے معیار کے کھلاڑی کے لیے افسوس ناک قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیے شاہین، بابر اور شاداب خان کی جگہ نئے پرفارمرز کو موقع دیا جائے، محمد یوسف

بابر اعظم محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کے نمایاں بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں، تاہم حالیہ عرصے میں اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر پانا ان کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ قریب آنے کے پیش نظر بابر کو اپنی تکنیک بہتر بنانے اور فارم بحال کرنے کی ضرورت ہوگی، کیونکہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے عالمی ایونٹ میں بیٹنگ کے لیے مشکل حالات ان کے امتحان کا سبب بن سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp