بلوچستان اسمبلی: سرداری نظام کے خاتمے کی قرارداد پر اپوزیشن لیڈر اور مولانا ہدایت الرحمان آمنے سامنے، معاملہ کیا ہے؟

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان اسمبلی میں سرداری نظام کے خاتمے اور سردار و نواب کے القابات کے استعمال پر پابندی سے متعلق جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کی قرارداد اسپیکر نے نمٹا دی۔ اس دوران اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری اور مولانا ہدایت الرحمان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچتے پہنچتے رہ گئی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں شامل قرارداد پر کارروائی کے دوران اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق 1976 میں قانون سازی ہو چکی ہے، جبکہ اس معاملے پر بلوچستان ہائیکورٹ کی جانب سے 3 آئینی درخواستوں میں دیے گئے فیصلے بھی موجود ہیں، جنہیں رواں سال 6 مارچ کو وفاقی آئینی عدالت نے برقرار رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: سرداری نظام کے خلاف جدوجہد: ام رباب چانڈیو تہرے قتل کیس کے تمام ملزمان بری، ہائیکورٹ میں اپیل کا اعلان

اسپیکر نے موجودہ قانونی اور عدالتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قرارداد نمٹا دی۔

بعد ازاں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ وہ قرارداد میں ضروری تصحیح کرکے اسے دوبارہ ایوان میں پیش کریں گے۔

اس موقع پر قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے اعتراض اٹھایا کہ اسپیکر کی جانب سے قرارداد نمٹائے جانے کے بعد اس معاملے پر مزید بات نہیں کی جا سکتی۔

اس پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور میر یونس عزیز زہری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ دونوں ارکان ایک دوسرے کو سخت جواب دیتے رہے، تاہم دیگر ارکان کی مداخلت کے باعث نوبت ہاتھا پائی تک پہنچنے سے بچ گئی۔ اس دوران حکومتی ارکان نے بھی قائد حزب اختلاف کے مؤقف کی حمایت کی۔

پارلیمانی سیکریٹری آغا عمر احمدزئی نے کہا کہ سرداری نظام ہزاروں سال سے رائج ہے اور کسی ایک شخص کے لیے پورے نظام کو غلط قرار دینا مناسب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سردار ظلم یا ناانصافی کرتا ہے تو اس کی نشاندہی ضرور ہونی چاہیے، تاہم تمام سرداروں کو ایک ہی نظر سے دیکھنا درست نہیں۔

پارلیمانی سیکریٹری نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا کہ قرارداد نمٹائے جانے کے بعد اس معاملے پر مزید بحث نہیں ہونی چاہیے۔ اگر کوئی رکن اس حوالے سے بات کرنا چاہتا ہے تو اسے دوبارہ قرارداد پیش کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: غیرت کے نام پر قتل،جرگہ سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد نمٹائے جانے کے باوجود مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو موجودہ قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے بات کرنے کی اجازت دینے میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ وہ پہلے سے موجود قانون پر عملدرآمد کا ہی مطالبہ کر رہے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp