ملک میں 28ویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث جاری ہے، ایسے میں اراکین پارلیمنٹ کی رائے بھی سامنے آگئی ہے۔ بعض ارکان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت بنتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس سے صحت، تعلیم، پولیس اور عدالتی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچانے میں مدد ملے گی، جبکہ انتظامی ذمہ داریوں کا تعین بھی آسان ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے صوبوں کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے چھوٹے انتظامی یونٹس بنانا ضروری ہے اور موجودہ ڈویژنوں کو بھی صوبوں کا درجہ دینے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب بعض اراکین پارلیمنٹ کا مؤقف ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم کا متن دیکھے بغیر اس کے بارے میں رائے دینا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق ترمیم کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ اس کی اصل تجاویز سامنے آنے کے بعد ہی کیا جا سکتا ہے۔










