معروف فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو مالی طور پر غیر ذمہ دار قرار دینا درست نہیں بلکہ مہنگائی، کم آمدنی اور غیر یقینی معاشی حالات نے ان کے لیے گھر اور دیگر اثاثے خریدنا مشکل بنا دیا ہے۔
معروف فیشن ڈیزائنر عامر عدنان کی صاحبزادی پریشے عدنان نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کو درپیش معاشی مشکلات اور مختلف نسلوں کے طرزِ زندگی میں پائے جانے والے فرق پر اظہارِ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران فریحہ الطاف نے کہا کہ ملینیل نسل کے افراد سابقہ نسلوں کے مقابلے میں جائیداد خریدنے میں کم دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس پر پریشے عدنان نے سوال اٹھایا کہ اگر نوجوان گھر خریدنا چاہتے بھی ہیں تو موجودہ معاشی حالات میں ایسا کیسے ممکن ہے؟
انہوں نے اپنے والد عامر عدنان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کی عمر میں ان کے والد چند ماہ کی آمدنی سے گھر کی پیشگی ادائیگی کر سکتے تھے جبکہ ایک سال کی کمائی سے نئی گاڑی خریدنا بھی ممکن تھا۔ اس کے برعکس آج نوجوانوں کی اوسط ماہانہ آمدنی 60 ہزار سے 80 ہزار روپے کے درمیان ہونے کی صورت میں گھر یا گاڑی خریدنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیویارک فیشن ویک سے پلٹنے والی ڈیزائنر سے جم لباس پر سوال، نادیہ خان کڑی تنقید کی زد میں
پریشے عدنان نے کہا کہ متعدد اداروں میں کم از کم اجرت کے ضوابط پر بھی عمل نہیں کیا جاتا جس سے نوجوانوں کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کا کرائے کے گھروں کو ترجیح دینا لازماً جائیداد خریدنے میں عدم دلچسپی کا نتیجہ نہیں بلکہ اکثر یہ ان کی مالی استطاعت کی مجبوری ہوتی ہے۔
نسلوں کے درمیان فرق پر بات کرتے ہوئے پریشے عدنان نے کہا کہ ملینیل نسل مسلسل کام کرنے اور زیادہ محنت کرنے کے دباؤ میں رہتی ہے کیونکہ کام نہ کرنے کی صورت میں اسے احساسِ جرم ہونے لگتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بشریٰ انصاری کی فلمی دنیا میں واپسی، فہد مصطفیٰ کے ساتھ بڑے منصوبے کا اعلان
ان کے مطابق جین زی نے یہ سمجھ لیا ہے کہ زندگی میں ہر وقت کام کرتے رہنا ضروری نہیں۔ انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی مسلسل کام کرنے کے دباؤ کا سامنا کرتی ہیں جبکہ ان کی چھوٹی بہن نسبتاً زیادہ پُرسکون رہتی ہے۔
پریشے عدنان نے پاکستان میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک، لباس، رہائش، پانی، گیس اور بجلی جیسی بنیادی ضروریات پوری نہ ہونے کے باعث لوگوں میں ذہنی دباؤ اور بے چینی بڑھتی ہے جس سے ان کے رویوں اور صبر و برداشت پر بھی اثر پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’میکسنگ‘ 2026 کا لفظ قرار، ہر چیز کو بہترین بنانے کی دوڑ نوجوانوں میں مقبول
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بنیادی طور پر برے نہیں، لیکن جب زندگی کی بنیادی ضروریات ہی پوری نہ ہوں تو انسان مسلسل مسائل میں الجھا رہتا ہے اور روزمرہ معاملات میں بھی اس کا صبر جواب دینے لگتا ہے۔
ان کے مطابق سڑکوں پر پیش آنے والی مشکلات اور روزمرہ زندگی کے دباؤ کا اثر گھر پہنچنے کے بعد بھی برقرار رہتا ہے۔ یہ صورتِ حال صرف غریب طبقے تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کے تمام طبقات اس سے متاثر ہوتے ہیں۔
پریشے عدنان کا کہنا تھا کہ اگر لوگوں کو بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنا دی جائے تو معاشرے میں پائی جانے والی بے چینی، ذہنی دباؤ اور تناؤ میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔











