ناروے نے سائبر حملوں میں اضافے اور بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتِحال کے پیش نظر ملک میں سائبر خطرات کی سطح بڑھا کر ہائی کردی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی سائبر حملہ آوروں کے لیے سافٹ ویئر کی کمزوریوں کی نشاندہی اور ان سے فائدہ اٹھانا آسان بنا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:سائبر سیکیورٹی کے سنگین خطرات، دنیا بھر میں متعدد ویب سائٹس بند
ناروے کی قومی سلامتی اتھارٹی کے سربراہ آرنے کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ڈیجیٹل دفاع کو مضبوط بنائیں اور سافٹ ویئر کی معلوم کمزوریوں کو فوری دور کریں۔ ان کے مطابق اداروں کے پاس ان خامیوں کو دور کرنے کے لیے دنوں یا ہفتوں کے بجائے صرف چند گھنٹے ہیں۔
اتھارٹی نے ناروے کی کمپنیوں کے لیے 21 حفاظتی اقدامات کی سفارشات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ وزیر انصاف و ہنگامی تیاری آسٹری آس ہینسن نے بھی کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے معلوماتی نظام کی سیکیورٹی کا جائزہ لیں اور موجودہ کمزوریوں کو تیزی سے دور کریں۔
قومی سلامتی اتھارٹی کے سربراہ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ناروے کے کاروباری اداروں کو نشانہ بنانے والی کامیاب سائبر کارروائیوں کی تعداد تین گنا ہوگئی ہے، جبکہ بعض حملوں کے سنگین نتائج سامنے آئے ہیں۔ ایسے ہی ایک واقعے میں لورنسکوگ بلدیہ سے بڑی مقدار میں ڈیٹا چوری کیا گیا، جسے بعد ازاں ڈارک ویب پر فروخت کردیا گیا۔
مزید پڑھیں:اینتھروپک کے جدید اے آئی ماڈل کے ممکنہ سائبر خطرات، برطانیہ کے ریگولیٹرز الرٹ ہوگئے
حکام کے مطابق سائبر خطرات کی سطح بلند کرنے کا فیصلہ ڈیجیٹل نظام میں موجود کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے حملہ آوروں کی کارروائیوں میں تیزی آنے کے باعث کاروباری اداروں کو اپنی سائبر سیکیورٹی بہتر بنانے اور ممکنہ حملوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔











