89 سال پرانا راز  فاش ہونے کے قریب؟  امریکی مہم بحرالکاہل کے دور افتادہ جزیرے پر پہنچ گئی

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بحرِ الکاہل کے انتہائی مغرب میں واقع ایک چھوٹے سے جزیرے کی طرف بحری ماہرینِ آثارِ قدیمہ کی ایک امریکی ٹیم روانہ ہو چکی ہے۔ اس مہم کا مقصد بیسویں صدی کی سب سے بڑے غیر حل شدہ معمہ یعنی 1937ء میں نامور ہوا باز امیلیا ایئرہارٹ کی پراسرار گمشدگی سے متعلق ملنے والے تازہ ترین اور پرامید ثبوتوں کا معائنہ کرنا ہے۔

پرڈیو یونیورسٹی کے تعاون سے (جس کا امیلیا ایئرہارٹ اور ان کی یادگاروں سے گہرا تعلق رہا ہے) شروع کی جانے والی اس مہم کا بنیادی مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ 6 سال قبل جزیرے کی جھیل (Lagoon) میں سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے نظر آنے والی زیرِ آب شے واقعی ایئرہارٹ کے 2 انجن والے ‘لاک ہیڈ الیکٹرا 10-ای’ طیارے کا ملبہ ہے یا نہیں۔

اگر یہ کوشش کامیاب ہو جاتی ہے تو اس سے ان محققین کا موقف سچ ثابت ہو جائے گا جن کا ماننا ہے کہ ایئرہارٹ اور ان کے نیویگیٹر فریڈ نونان نے ایندھن بھروانے کے طے شدہ مقام سے سینکڑوں میل دور اس مرجانی جزیرے (Coral Atoll) پر یا اس کے قریب ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی اور وہیں بے یار و مددگار پھنس کر ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے تاریکی، ملبہ اور بھوک، سرنگ میں پھنسے نیپالی شہری نے 10 روز کیسے گزارے؟

رواں ماہ کے آغاز میں لاس اینجلس سے سفر شروع کرنے کے بعد، اس ٹیم کی منگل کے روز جزائرِ فینکس کے غیر آباد جزیرے ’نائیکومارورو‘ پہنچنے کی توقع تھی، جو جمہوریہ کیریباتی کے جزائر کا حصہ ہے۔

مہم کی قیادت کرنے والے ‘آرکیالوجیکل لیگیسی انسٹی ٹیوٹ’ کے سربراہ رچرڈ پیٹی گرو نے بیان میں کہا ’امیلیا ایئرہارٹ کے الیکٹرا طیارے کو تلاش کرنا زندگی کی سب سے بڑی دریافت ہوگی۔‘

اسی مہم کے رکن اور پرڈیو یونیورسٹی کے جنرل کونسل سٹیو شلٹز نے ایک انٹرویو میں بتایا ’یہ ہوابازی کی تاریخ اور بیسویں صدی کے سب سے بڑے رازوں میں سے ایک کو حل کرنے کے مترادف ہوگا۔‘

درخت یا طیارہ؟

تاہم اس مہم سے متعلق کچھ تحفظات اور شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ ان میں سب سے اہم مخالف نقطہ نظر رِک گلیپسی کا ہے، جو ایئرہارٹ کی تلاش کرنے والی ایک اور تنظیم ‘ٹی آئی جی ایچ اے آر’ (TIGHAR) کے شریک بانی اور 2024ء کی کتاب ’ون مور گڈ فلائٹ: دی امیلیا ایئرہارٹ ٹریجڈی‘ کے مصنف ہیں۔

گلیپسی گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران اس جزیرے پر ایک درجن کے قریب مہمات کی قیادت کر چکے ہیں اور وہ نائیکومارورو میں ایئرہارٹ کے پھنس کر ہلاک ہونے کے نظریے کے سب سے بڑے حامی رہے ہیں۔ لیکن ان کی پیشگوئی ہے کہ پیٹی گرو اور پرڈیو کی ٹیم کو وہاں طیارے کا ملبہ یا کوئی اور اہم چیز نہیں مل سکے گی۔

دوسری طرف پرڈیو کی ٹیم کا ماننا ہے کہ گلیپسی نے ہی اس نظریے کی بنیاد رکھی جسے وہ اب ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹیم ان متعدد شواہد کا حوالہ دیتی ہے جو گلیپسی نے سالوں کے دوران جمع کیے ہیں، جن میں 1930ء کی دہائی کی چھائیوں کی کریم (Freckle cream) کا شیشے کا جار اور ایک چاقو کے باقیات شامل ہیں جو امیلیا اپنے ساتھ رکھتی تھیں۔

گلیپسی کی تحقیقات میں 1940ء کی دہائی میں جزیرے سے ملنے والے انسانی ڈھانچے کی جدید فارنسک رپورٹس، گمشدگی کے فوراً بعد موصول ہونے والی ایمرجنسی ریڈیو کالز کے ریکارڈز، اور ماہ بعد لی گئی ساحل کی وہ تصویر بھی شامل ہے جس میں نظر آنے والی شے کو گلیپسی طیارے کا لینڈنگ گیئر قرار دیتے ہیں۔

تاہم، گزشتہ ہفتے روئٹرز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گلیپسی نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ طیارہ اب تاریخ کے صفحات میں کہیں ضائع ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق طیارہ ساحلی چٹان پر محفوظ لینڈنگ کے بعد لہروں کی نذر ہو کر سمندر کی گہرائیوں میں ڈوب کر تباہ ہو چکا ہے۔

گلیپسی نے مزید بتایا کہ اس سے قبل سمندر میں ملبے کی تلاش کی 2 کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جن میں 2019ء میں ٹائٹینک کا ملبہ دریافت کرنے والے معروف ماہر بحری آثارِ قدیمہ رابرٹ بیلارڈ کا آپریشن بھی شامل تھا۔ سمندر کی تہہ میں سونار (Sonar) کے ذریعے ملنے والی طیارے کی شکل کی ایک تصویر بعد میں پتھروں کا ڈھیر نکلی تھی۔

گلیپسی نے کہا ’میں بھی اس طیارے کو تلاش کرنا چاہتا ہوں، لیکن ایسا ہونا اب ممکن نہیں لگتا۔‘

یہ بھی پڑھیے شرلاک ہومز کا اصل کردار کون تھا؟ اسکاٹ لینڈ کے سرجن کی حیران کن کہانی سامنے آگئی

لیکن پیٹی گرو اور ان کی ٹیم کی سوچ مختلف ہے۔ ان کے مطابق 2020ء کی سیٹلائٹ تصویر میں دکھائی دینے والی شاخوں جیسی شکل طیارے کے باڈی اور پروں سے مشابہت رکھتی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ شے 1938ء کی پرانی فضائی تصاویر میں بھی اسی جھیل میں دیکھی جا سکتی ہے۔

اس کے برعکس گلیپسی کا مؤقف ہے کہ وہ تصویر دراصل ایک گرے ہوئے ‘پینڈانس’ درخت کی ہے جو پانی کے بہاؤ کے ساتھ جھیل میں آ گیا تھا۔ انہوں نے کہا ’تصویر میں جڑیں اور شاخیں صاف دیکھی جا سکتی ہیں۔ وہ ایک درخت ہے، لوگ وہی دیکھتے ہیں جو وہ دیکھنا چاہتے ہیں۔‘

’ایندھن ختم ہو رہا ہے‘

امریکی حکومت کا سرکاری مؤقف طویل عرصے سے یہی رہا ہے کہ ایئرہارٹ کا طیارہ ایندھن ختم ہونے کے باعث ‘ہاؤلینڈ جزیرے’ کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہوا، جو نائیکومارورو (جسے پہلے گارڈنر جزیرہ کہا جاتا تھا) سے تقریباً 400 میل شمال مغرب میں واقع ہے۔

امیلیا ایئرہارٹ کو آخری بار 2 جولائی 1937ء کو پاپوا نیو گنی سے پرواز بھرتے دیکھا گیا تھا۔ وہ دنیا کے گرد پرواز کرنے والی پہلی خاتون پائلٹ بننے کی تاریخ ساز کوشش کے دوران گارڈنر جزیرے کی طرف جا رہی تھیں۔

اگلے ہی دن 39 سالہ ایئرہارٹ کا آخری ریڈیو پیغام موصول ہوا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ایندھن ختم ہو رہا ہے‘، جس کے بعد ان کا رابطہ ہمیشہ کے لیے منقطع ہو گیا۔

اس گمشدگی کے بعد امریکی حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا تلاشی آپریشن شروع کیا، لیکن الیکٹرا طیارے یا اس کے عملے کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

پرڈیو یونیورسٹی کے 9 لاکھ ڈالر کی لاگت سے شروع ہونے والے اس مشن میں 17 افراد شامل ہیں جو نائیکومارورو میں 5 دن قیام کریں گے اور اس کے بعد کیریباتی کے دارالحکومت تراوا  واپس لوٹیں گے۔

انڈیانا میں واقع پرڈیو یونیورسٹی ایئرہارٹ کا جائے مسکن رہی ہے جہاں وہ 2 سال تک ویمن کیریئر کونسلر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں۔ یونیورسٹی نے ان کے طیارے کے لیے ریسرچ گرانٹ بھی فراہم کی تھی جسے امیلیا اپنی ’اڑتی ہوئی لیبارٹری‘ کہا کرتی تھیں۔

پرڈیو کے وکیل شلٹز نے واضح کیا کہ اگر طیارہ مل بھی جاتا ہے تو اس مہم کے دوران کوئی بھی چیز وہاں سے نہیں ہٹائی جائے گی۔ طیارے کے ملبے کو باہر نکالنے کے لیے کیریباتی حکومت سے باقاعدہ مزید اجازت حاصل کرنا ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp