کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ہے جس میں دنیا کے 150 ممالک سے فنکار شرکت کریں گے۔ 25 روز تک جاری رہنے والے اس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں موسیقی، فلم، تھیٹر اور فنونِ لطیفہ سمیت مختلف شعبوں کی نمائندگی کی جائے گی۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ نے فیسٹیول کے ابتدائی تعارف کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد ثقافت اور فن کے ذریعے مختلف ممالک اور قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔ ان کے مطابق فیسٹیول میں امریکا، روس، ایران اور فلسطین سمیت متعدد ممالک کے فنکار شرکت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں 16ویں عالمی اردو کانفرنس کا آغاز، اس بار کیا دیکھنے کو ملے گا؟
احمد شاہ نے بتایا کہ رواں برس فیسٹیول کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال گوئٹے انسٹی ٹیوٹ اور الائنس فرانسیز سمیت تقریباً چھ بین الاقوامی ادارے آرٹس کونسل کے ساتھ تعاون کر رہے تھے جبکہ اس مرتبہ یہ تعداد بڑھ کر 72 ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول میں گریمی ایوارڈ یافتہ موسیقاروں اور آسکر کے لیے نامزد فنکاروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر سے منتخب کی گئی 80 سے زائد فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی جنہیں مجموعی طور پر 6 ہزار فلموں میں سے منتخب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمزاختتام پذیر، چین 341 تمغوں کے ساتھ سرِفہرست، جاپان دوسرے، پاکستان کس نمبر پررہا؟
صدر آرٹس کونسل نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مختلف ممالک کے درمیان تنازعات اور کشیدگی کے باوجود فن اور ثقافت دنیا کو جوڑنے کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔ اسی سوچ کے تحت مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ فیسٹیول کے دوران فنونِ لطیفہ سے متعلق نشستوں میں جدید دور میں تخلیقی سرگرمیوں کے مستقبل سمیت اہم موضوعات پر پینل مباحثے منعقد کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا جانے والے 130 سے زائد پاکستانی طلبا کے لیے ایجوکیشن یو ایس اے کی پری ڈیپارچر ورکشاپس
احمد شاہ کے مطابق عالمی امن کا فروغ بھی اس فیسٹیول کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے حوالے سے پاکستان کا کردار دنیا میں امن کے قیام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں معاونت کرنے والی نوجوان ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ 22 سرکاری محکمے بھی فیسٹیول کے انتظامات اور انعقاد میں تعاون کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی ریکارڈ کا حامل پاکستانی ڈاک ٹکٹ
احمد شاہ نے گزشتہ برس کے فیسٹیول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2025 میں یہ میلہ 39 روز تک جاری رہا تھا جس میں 140 ممالک نے شرکت کی تھی، جبکہ رواں سال شرکا کی تعداد بڑھا کر 150 ممالک تک پہنچائی گئی ہے۔ تاہم اس مرتبہ فیسٹیول کا دورانیہ 25 روز رکھا گیا ہے اور شرکا کے انتخاب میں زیادہ توجہ معیار پر دی گئی ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے فنکاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فن کی کوئی زبان یا سرحد نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں دنیا بھر کی حکومتوں میں سے کسی ایک کا اختیار حاصل ہو تو وہ ویزا نظام ختم کرکے فنکاروں کو دنیا کے کسی بھی حصے میں آزادانہ سفر کی اجازت دے دیں۔
پریس کانفرنس کے بعد معروف قوال حمزہ اکرم کی قوالی کا اہتمام بھی کیا گیا، جبکہ فیسٹیول کی باضابطہ سرگرمیوں کا آغاز جمعے سے ہوگا۔











