سہ ملکی سیریز: کچھ کھلاڑی کارکردگی نہیں دکھا رہے، امید ہے کہ فائنل میں رنز بنائیں گے، سلمان علی آغا

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سہ ملکی کرکٹ سیریز میں کچھ کھلاڑی توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا رہے، امید ہے کہ فائنل میں اچھے رنز بنائیں گے، قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے اب تک بہترین کرکٹ نہیں کھیلی اور جیتے ہوئے میچز میں بھی خامیاں رہی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ سہ ملکی سیریز میں پچز مختلف رہی ہیں، انگلینڈ کے خلاف میچ ہمیں آسانی سے جیتنا چاہیے تھا، تاہم کچھ کھلاڑی توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا رہے۔ امید ہے کہ فائنل میں اچھے رنز بنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ہیری بروک نے ہم سے میچ چھین لیا، سلمان علی آغا

بابر اعظم کی فارم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے پاکستان کو کئی میچز اور سیریز جتوائی ہیں، وہ سینیئر کھلاڑی ہیں اور انہیں خود بھی معلوم ہے کہ اپنی کارکردگی میں بہتری کے لیے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ کرکٹ میں بعض اوقات کھلاڑی پوری کوشش کرتے ہیں لیکن چیزیں ان کے حق میں نہیں جاتیں، امید ہے کہ بابراعظم فائنل میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے حوالے سے سلمان علی آغا نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل رنز بنانا آسان نہیں ہوتا۔ اگر کوئی نوجوان کھلاڑی یا سینیئر کرکٹر ناکام ہوتا ہے تو اسے اپنی ناکامی سے نکلنے اور کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملنا چاہیے۔ گزشتہ 5 سے 6 سال سے پاکستان کے لیے پرفارم کرنے والے سینیئر کھلاڑیوں کو بھی مناسب مواقع دینے چاہئیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں خود کو منوانے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، اس لیے مواقع کی کوئی مخصوص تعداد مقرر نہیں کی جاسکتی۔

نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عرفات منہاس، حسن نواز اور دیگر نوجوان کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ ان سے بات چیت ہوتی رہتی ہے اور وہ مسلسل نئی چیزیں سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم پر سوال مت کریں، ’بی بی ایل‘ میں ان کی کارکردگی ہمارے لیے اہم نہیں، سلمان علی آغا

ان کا کہنا تھا کہ صرف اچھی کارکردگی دکھانا کافی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں اور کھیل میں بہتری لاتے رہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے کے بعد کھلاڑیوں کو مزید سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں پر کام کرنے کے مواقع ملتے ہیں، جس کا انہیں مستقبل میں فائدہ ہوتا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف اہم میچ میں شاداب خان کے ساتھ شراکت داری اور ٹیم کے ماحول سے متعلق سوال پر سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم میں ایسا کھلاڑی ہونا ضروری ہے جو بیٹنگ کے دوران دوسرے کھلاڑیوں کو اعتماد دے سکے۔ اس میچ میں تمام کھلاڑی ایک جگہ بیٹھے تھے اور مل کر مقابلے کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ نسیم شاہ بھی مسلسل حوصلہ دے رہے تھے اور کھلاڑیوں کو تحمل سے کھیلنے اور میچ پر قابو رکھنے کا کہہ رہے تھے۔ سلمان علی آغا کے مطابق ایسے مقابلے کھلاڑیوں کے کیریئر اور پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں اور انہیں ایسے میچز کا حصہ بننے پر فخر ہے۔

سری لنکا کے خلاف فائنل اور حریف ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم یہاں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، تاہم کرکٹ میں صرف اعداد و شمار اہمیت نہیں رکھتے بلکہ میدان میں کارکردگی فیصلہ کن ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز: 5ویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دے دی، انگلینڈ فائنل کی دوڑ سے باہر

انہوں نے کہا کہ فائنل میں دباؤ ضرور ہوگا، لیکن جو ٹیم بہتر کرکٹ کھیلے گی وہی کامیاب ہوگی۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنی مضبوط صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں۔ پاکستانی ٹیم میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اگر کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو فائنل باآسانی جیت سکتے ہیں۔

اپنی بولنگ کے حوالے سے سلمان علی آغا نے کہا کہ پنڈی میں انہوں نے 5 اوورز بھی کیے تھے، تاہم موجودہ پچ اور کھیل کی صورتحال کے باعث بیک وقت 2 ایسے کھلاڑیوں سے بولنگ کروانا مشکل ہوتا ہے جو مستقل بولرز نہیں ہیں۔ ایک جانب سے باقاعدہ بولر کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث انہیں بولنگ کا موقع نہیں ملا، تاہم جب بھی ٹیم کو ضرورت ہوئی وہ بولنگ کے لیے تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp