پاکستان میں ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نام سنتے ہی بہت سے لوگوں کے ذہن میں پیچیدہ کاغذی کارروائی، ٹیکس کنسلٹنٹ کی فیس اور دفاتر کے چکر لگانے کا تصور آتا ہے تاہم اب تنخواہ دار افراد کو اپنا ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے لیے ان مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں۔ وہ گھر بیٹھے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے آن لائن پورٹل ’آئی آر آئی ایس‘ کے ذریعے خود بھی یہ کام کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں پھر توسیع کر دی
ڈان میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں تفصیلی طور پر اس طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس عمل کے لیے کسی ٹیکس کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنا لازمی نہیں اور ضروری دستاویزات پہلے سے تیار ہوں تو عموماً ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ریٹرن جمع کرایا جاسکتا ہے۔
ٹیکس سال 2026 کے لیے ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر ہے۔ اس لیے تنخواہ دار افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے اپنی آمدن اور اثاثوں کی تفصیلات مرتب کرکے یہ عمل مکمل کرلیں۔
ٹیکس ریٹرن جمع کرانا کیوں ضروری ہے؟
ٹیکس ریٹرن کو پورے سال کی آمدن اور اخراجات کا حساب سمجھا جاسکتا ہے۔ جس طرح کوئی دکاندار اپنے کھاتے میں درج لین دین کا حساب برابر کرتا ہے اسی طرح ٹیکس ریٹرن میں بھی یہ دیکھا جاتا ہے کہ ایک سال کے دوران کتنی آمدن ہوئی، کتنا ٹیکس ادا کیا گیا اور آیا مزید کوئی رقم واجب الادا ہے یا نہیں۔
تنخواہ دار افراد کے معاملے میں عموماً آجر ہر ماہ تنخواہ سے ٹیکس کاٹ کر حکومت کو جمع کراتا ہے، لیکن اس کے باوجود ملازم کو اپنا سالانہ ٹیکس ریٹرن خود جمع کرانا ہوتا ہے۔
ریٹرن جمع ہونے اور متعلقہ شرائط پوری ہونے کے بعد فرد کا نام ایف بی آر کی ’ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ‘ (اے ٹی ایل) یعنی فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل ہوجاتا ہے۔ عام زبان میں ایسے شخص کو فائلر کہا جاتا ہے۔
فائلر ہونے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ نان فائلرز کے مقابلے میں بینکنگ لین دین، گاڑی اور جائیداد کی خریداری سمیت متعدد مالی معاملات پر کم شرح سے ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔
مزید پڑھیے: ایف بی آر نے انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے آن لائن ریٹرنز جمع کرانے کے نئے قواعد متعارف کرا دیے
اس سال تاخیر سے ریٹرن جمع کرانے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ یکم مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد ایک فرد کو دوبارہ فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے 25 ہزار روپے سرچارج ادا کرنا ہوگا، جبکہ گزشتہ سال یہ رقم ایک ہزار روپے تھی۔
کن افراد کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کرانا ضروری ہے؟
یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 کے دوران درج ذیل میں سے کوئی ایک شرط پوری ہونے پر ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی ضرورت پیش آسکتی ہے: اگر سالانہ تنخواہ 6 لاکھ روپے سے زیادہ ہو، یعنی ماہانہ آمدن 50 ہزار روپے سے زائد ہو، اگر آپ کے پاس ایک ہزار سی سی سے زیادہ انجن کی گاڑی ہوم اگر آپ کے نام 500 مربع گز یا اس سے بڑے رقبے کا پلاٹ یا مکان ہو یا کسی شہر میں فلیٹ ہو، اگر آپ کو کرائے، بینک میں جمع رقم پر منافع، حصص سے منافع یا کاروبار کے ذریعے آمدن حاصل ہوتی ہو یا اگر آپ بینکنگ، جائیداد یا گاڑی کے معاملات میں فائلرز کے لیے مقررہ ٹیکس کی شرح سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہوں۔
ایک عام غلط فہمی یہ ہے کہ اگر آجر ہر ماہ تنخواہ سے ٹیکس کاٹ رہا ہے تو ملازم کو الگ سے ریٹرن جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آجر ٹیکس ادا کرتا ہے لیکن سالانہ ریٹرن جمع کرانے کی ذمے داری ملازم کی اپنی ہوتی ہے۔ ریٹرن جمع نہ کرانے کی صورت میں اس کا نام فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل نہیں ہوگا۔
یہ بھی یاد رکھیں کہ اگر آپ پر کوئی ٹیکس واجب الادا نہیں تب بھی صفر ٹیکس کی تفصیلات کے ساتھ ریٹرن جمع کرانے سے فائلر بننے میں مدد مل سکتی ہے۔
ٹیکس سال 2026 سے کیا مراد ہے؟
یہ اصطلاح اکثر لوگوں کو الجھن میں ڈال دیتی ہے۔ ٹیکس سال 2026 سے مراد وہ آمدن ہے جو یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 کے دوران حاصل کی گئی۔
یعنی اکتوبر 2026 میں جمع کرایا جانے والا ٹیکس ریٹرن دراصل گزشتہ مالی سال کی تنخواہ اور دیگر آمدن کی تفصیلات پر مشتمل ہوگا۔
ٹیکس ریٹرن جمع کرانے سے پہلے کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی؟ آن لائن پورٹل کھولنے سے پہلے چند اہم دستاویزات اور معلومات اپنے پاس رکھ لیں تاکہ دورانِ کارروائی بار بار انہیں تلاش نہ کرنا پڑے۔
کون سی چیزیں تیار رکھیں؟
قومی شناختی کارڈ: اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی)۔
مزید پڑھیں: ٹیکس دہندگان کے لیے بڑی رعایت، انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
موبائل نمبر اور ای میل: ایسا موبائل نمبر جو آپ کے اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ ہو اور ایک فعال ای میل ایڈریس۔
تنخواہ کا سرٹیفکیٹ: آجر یا ادارے کے شعبہ انسانی وسائل (ایچ آر) یا اکاؤنٹس سے سالانہ تنخواہ اور کٹوتی کیے گئے ٹیکس کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
دیگر ٹیکس کٹوتیوں کا ریکارڈ: موبائل فون اور انٹرنیٹ بلوں، گاڑی کے ٹوکن ٹیکس اور بینک میں جمع رقم پر حاصل ہونے والے منافع پر کٹوتی کیے گئے ٹیکس کی تفصیلات جمع کریں۔ بینک سے ودہولڈنگ ٹیکس سرٹیفکیٹ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات: 30 جون 2026 کو آپ کے پاس موجود جائیداد، گاڑی، نقد رقم، بینک بیلنس، سونا اور دیگر اثاثوں کے ساتھ قرضوں کی تفصیلات بھی تیار رکھیں۔
سالانہ اخراجات: گھر کے کرائے، بجلی و گیس کے بلوں، بچوں کی فیس، سفر اور دیگر گھریلو اخراجات کا اندازہ لگائیں۔
گزشتہ سال کا ٹیکس ریٹرن: اگر پہلے بھی ریٹرن جمع کرایا ہے تو اس کی نقل اپنے پاس رکھیں، کیونکہ اس سے اثاثوں کی تفصیلات مرتب کرنا آسان ہوجائے گا۔
بہتر ہے کہ تمام اعداد و شمار پہلے کسی کاپی یا کمپیوٹر کی اسپریڈ شیٹ میں لکھ لیں تاکہ انہیں بعد میں آن لائن پورٹل پر درج کرنے میں آسانی ہو۔
پورٹل پر ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا طریقہ
پہلی مرتبہ رجسٹریشن کیسے کریں: اگر آپ پہلے کبھی ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کراچکے تو سب سے پہلے ایف بی آر کے آن لائن پورٹل iris.fbr.gov.pk پر جائیں۔
وہاں ’رجسٹریشن فار اَن رجسٹرڈ پرسن‘ کے آپشن پر کلک کریں۔ اپنا شناختی کارڈ نمبر، نام، موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس درج کریں۔ شناختی کارڈ نمبر لکھتے وقت درمیان میں ڈیش نہ لگائیں۔ موبائل نمبر آپ کے اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ ہونا چاہیے۔ کسی رشتہ دار یا دوسرے شخص کے نام پر رجسٹرڈ سم استعمال کرنے سے رجسٹریشن میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کی رازداری کا حکم برقرار، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایف بی آر کی درخواست مسترد کردی
ایف بی آر آپ کے موبائل نمبر پر ایس ایم ایس اور ای میل پر الگ الگ تصدیقی کوڈ بھیجے گا۔ دونوں کوڈ درج کریں۔ اس کے بعد آپ کو لاگ اِن کرنے کے لیے پاس ورڈ موصول ہوگا۔ شناختی کارڈ نمبر کو صارف نام کے طور پر استعمال کرتے ہوئے پورٹل میں داخل ہوں۔
رجسٹریشن کے لیے فارم 181 پُر کریں جس میں اپنا پتا اور آمدن کا ذریعہ بتانا ہوگا۔ اگر آپ تنخواہ دار ہیں تو اپنے ادارے کا نام اور نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) بھی درج کرنا ہوگا جو ادارے کا شعبہ انسانی وسائل فراہم کرسکتا ہے۔
فارم جمع ہونے اور قبول کیے جانے کے بعد آپ کا شناختی کارڈ نمبر ہی این ٹی این کے طور پر استعمال ہوگا۔
دوسرا مرحلہ: ٹیکس ریٹرن کا فارم کھولیں
اگر آپ پہلے سے رجسٹرڈ ہیں تو نیا اندراج کرنے کی ضرورت نہیں۔
آئی رس پورٹل پر اپنے شناختی کارڈ نمبر اور پاس ورڈ کے ذریعے لاگ اِن کریں۔
اوپر موجود مینو میں ’ڈیکلریشن‘ پر کلک کریں اور پھر انکم ٹیکس ریٹرن کا انتخاب کریں۔
ٹیکس کی مدت کے طور پر 2026 منتخب کریں۔
اگر آپ کی مجموعی آمدن کا نصف سے زیادہ حصہ تنخواہ پر مشتمل ہے تو فارم 114(I) منتخب کریں۔ یہ تنخواہ دار افراد کے لیے نسبتاً آسان فارم ہے۔
رجسٹریشن کے دوران فراہم کی گئی ذاتی معلومات پہلے سے درج ہوں گی۔ انہیں اچھی طرح چیک کرلیں۔
تیسرا مرحلہ: اپنی تنخواہ کی تفصیلات درج کریں
اس مرحلے پر اپنے آجر کی جانب سے فراہم کردہ سالانہ تنخواہ اور ٹیکس کٹوتی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوگی۔
اس میں درج دو بنیادی اعداد و شمار حاصل کریں ایک پورے سال کے دوران حاصل ہونے والی مجموعی تنخواہ دوسرا آجر کی جانب سے تنخواہ سے کاٹا اور جمع کرایا گیا مجموعی ٹیکس۔
مزید پڑھیں: سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن نظام میں ہوٹل، ریسٹورنٹس اور ٹیکسی سروس بھی شامل
یہ دونوں اعداد و شمار آئی رس کے متعلقہ حصے میں بالکل اسی طرح درج کریں جس طرح سرٹیفکیٹ میں موجود ہیں۔ ان میں اپنی طرف سے کوئی اندازہ یا ردوبدل نہ کریں، کیونکہ یہ معلومات آجر کی جانب سے ایف بی آر کو فراہم کردہ ریکارڈ سے مطابقت رکھنی چاہییں۔
چوتھا مرحلہ: دیگر ذرائع سے ادا کیا گیا ٹیکس کیسے شامل کریں؟
سال بھر میں تنخواہ کے علاوہ بھی مختلف معاملات پر آپ سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ اسے ودہولڈنگ ٹیکس کہا جاتا ہے جس کی بعض اقسام کو سالانہ ٹیکس میں ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔
اس میں عام طور پر درج ذیل شامل ہیں:
موبائل فون کے بلوں پر کٹوتی کیا گیا ٹیکس۔
انٹرنیٹ کے بلوں پر ٹیکس۔
گاڑی کے ٹوکن ٹیکس پر کٹوتی۔
آئی آر آئی ایس پورٹل بعض اوقات ان ٹیکس کٹوتیوں کی تفصیلات خود ہی فراہم کردیتا ہے۔ تاہم آپ کو ہر رقم اپنے بلوں اور ٹیکس سرٹیفکیٹس سے ملانی چاہیے اور اگر کوئی تفصیل موجود نہ ہو تو اسے شامل کرنا چاہیے۔
پانچواں مرحلہ: ویلتھ اسٹیٹمنٹ یعنی اثاثوں کی تفصیلات
یہ ٹیکس ریٹرن کا ایک اہم حصہ ہے جس میں بتایا جاتا ہے کہ 30 جون 2026 کو آپ کے پاس کتنے اثاثے تھے اور آپ پر کتنا قرض یا واجبات تھے۔
اس میں 3 بنیادی چیزیں درج کرنا ہوتی ہیں:
اثاثے: مکان، پلاٹ، گاڑی، بینک میں موجود رقم، گھر میں نقدی، سونا، زیورات اور سرمایہ کاری وغیرہ۔
واجبات: مکان یا گاڑی کے قرضے اور کسی دوسرے شخص سے لیا گیا ادھار۔
ذاتی اخراجات: سال بھر کے دوران گھر کا کرایہ، یوٹیلیٹی بل، بچوں کی تعلیمی فیس، سفر اور دیگر اخراجات۔
اس مرحلے پر آئی رس پورٹل آپ کی مالی تفصیلات کا باہمی موازنہ کرتا ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ آپ کی آمدن، اخراجات اور اثاثوں میں کوئی تضاد تو نہیں۔
اس کا بنیادی حساب یہ ہے
گزشتہ سال کے اثاثے + رواں سال کی آمدن – سالانہ اخراجات = موجودہ سال کے اثاثے
اگر یہ حساب برابر نہ ہو تو پورٹل ’اَن ریکن سائلڈ اماؤنٹ‘ یعنی غیرمطابقت رکھنے والی رقم ظاہر کرے گا۔ ریٹرن جمع کرانے سے پہلے اس فرق کو صفر کرنا ضروری ہے۔
ایسا ہونے کی صورت میں اپنے اعداد و شمار دوبارہ چیک کریں۔ ممکن ہے کوئی اثاثہ یا خرچ درج ہونے سے رہ گیا ہو یا کوئی رقم غلط لکھی گئی ہو۔
اس مرحلے پر درست معلومات فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ گائیڈ کے مطابق اس سال اثاثے چھپانے یا گمراہ کن معلومات دینے پر عائد جرمانوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس لیے اپنے تمام اثاثے درست طور پر ظاہر کرنا ہی بہتر ہے۔
چھٹا مرحلہ: معلوم کریں کہ کتنا ٹیکس واجب الادا ہے
تمام معلومات درج کرنے کے بعد آئی رس پورٹل میں ’کیلکولیٹ‘ کے آپشن پر کلک کریں۔ نظام آپ کی مجموعی آمدن کے مطابق ٹیکس کا حساب لگائے گا اور اس کا موازنہ پہلے سے ادا کیے گئے ٹیکس سے کرے گا۔
اس کے بعد عموماً 3 میں سے ایک نتیجہ سامنے آئے گا
زیرو: اگر آجر نے آپ کی تنخواہ سے درست مقدار میں ٹیکس کاٹ کر جمع کرایا ہے تو مزید کوئی رقم واجب الادا نہیں ہوگی۔
ریفنڈ ایبل: اگر آپ نے واجب الادا ٹیکس سے زیادہ رقم ادا کی ہے تو اضافی رقم واپس لینے کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔
پے ایبل: اگر آپ پر مزید ٹیکس واجب الادا ہے تو اسے جمع کرانا ہوگا۔
ٹیکس سال 2026 کے لیے تنخواہ دار افراد کی سالانہ آمدن اور اندازاً ٹیکس کی چند مثالیں
ماہانہ تنخواہ سالانہ تنخواہ سالانہ ٹیکس
50 ہزار روپے 6 لاکھ روپے صفر
ایک لاکھ روپے 12 لاکھ روپے 6 ہزار روپے
2 لاکھ روپے 24 لاکھ روپے ایک لاکھ 62 ہزار روپے
اگر آجر باقاعدگی سے درست مقدار میں ٹیکس کاٹتا رہا ہے تو عموماً یہ رقم پہلے ہی ادا ہوچکی ہوتی ہے۔
7واں مرحلہ: اگر مزید ٹیکس ادا کرنا ہو تو کیا کریں؟
اگر حساب کے بعد کوئی رقم واجب الادا ظاہر ہو تو پورٹل کے ذریعے ادائیگی کی سلپ بنائیں۔ اس سلپ کو پیمنٹ سلپ آئی ڈی (پی ایس آئی ڈی) کہا جاتا ہے۔
بعد ازاں اپنے بینک کی موبائل ایپ، انٹرنیٹ بینکنگ یا بینک برانچ کے ذریعے پی ایس آئی ڈی کی ادائیگی کریں۔ ادائیگی کے بعد آپ کو کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (سی پی آر) نمبر ملے گا۔ یہ نمبر اپنے ٹیکس ریٹرن میں درج کریں تاکہ ایف بی آر کے نظام میں ادائیگی کا ریکارڈ شامل ہوجائے۔
8واں مرحلہ: ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں
ریٹرن جمع کرانے سے پہلے ایک مرتبہ پھر تمام تفصیلات اور غیرمطابقت رکھنے والی رقم چیک کریں۔ یہ رقم صفر ہونی چاہیے۔
اس کے بعد ’سبمٹ‘ کے آپشن پر کلک کریں۔ رجسٹریشن کے وقت بنایا گیا اپنا پن (پن نمبر) درج کریں۔ ریٹرن جمع ہونے کے بعد آئی رس کی جانب سے ایک تصدیقی رسید جاری کی جائے گی۔
اس رسید کو ڈاؤن لوڈ کرکے محفوظ کرلیں اور اپنے جمع کرائے گئے ٹیکس ریٹرن کی نقل بھی اپنے پاس رکھیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہوگی کہ آپ نے اپنا ریٹرن جمع کرا دیا ہے۔
کیسے معلوم ہوگا کہ آپ فائلر بن گئے ہیں؟
ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے بعد یہ بھی چیک کرنا ضروری ہے کہ آپ کا نام فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست (اے ٹی ایل) میں شامل ہوگیا ہے یا نہیں۔
اس کے لیے 2 طریقے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
ایس ایم ایس کے ذریعے: اپنے موبائل سے ATL لکھیں، اس کے بعد ایک اسپیس دے کر اپنا 13 ہندسوں کا شناختی کارڈ نمبر درج کریں اور اسے 9966 پر بھیج دیں۔
آن لائن طریقے سے: ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ کے حصے میں جاکر اپنا شناختی کارڈ نمبر تلاش کریں۔
اگر ایف بی آر کا پورٹل سست ہو یا بار بار خرابی ظاہر کرے تو کیا کریں؟
احتیاطی تدابیر
ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے دنوں میں پورٹل پر صارفین کی تعداد بڑھنے کے باعث نظام سست ہوسکتا ہے۔ اس لیے چند احتیاطی تدابیر اختیار کرنا مفید ہے۔
آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد ریٹرن جمع کرائیں۔
ویب سائٹ استعمال کرنے کے لیے صبح سویرے یا رات گئے کا وقت منتخب کریں، جب صارفین کی تعداد نسبتاً کم ہوتی ہے۔
معلومات درج کرتے ہوئے بار بار ’سیو‘ کا بٹن دبائیں۔ اس سال خودکار طور پر معلومات محفوظ ہونے کی سہولت ختم کردی گئی ہے، اس لیے محفوظ نہ کی گئی معلومات ضائع ہوسکتی ہیں۔
تمام اعداد و شمار پہلے کسی کاپی یا اسپریڈ شیٹ میں لکھ لیں تاکہ تکنیکی خرابی کی صورت میں انہیں دوبارہ درج کرنا آسان ہو۔
اگر کوئی خرابی سمجھ نہ آئے تو اس کا اسکرین شاٹ لے کر ایف بی آر کی ہیلپ لائن یا کسی ٹیکس ماہر سے رابطہ کریں۔
ٹیکس ریٹرن سے متعلق عام غلط فہمیاں اور ان کی حقیقت
بعض غلط فہمیاں جو لوگوں کو ریٹرن جمع کرانے سے روک دیتی ہیں
غلط فہمی: میرا آجر تنخواہ سے ٹیکس کاٹتا ہے اس لیے مجھے ریٹرن جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔ حقیقت: آجر آپ کی تنخواہ سے ٹیکس کاٹ کر حکومت کو جمع کراتا ہے لیکن سالانہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانا آپ کی اپنی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم آسان اور اختیاری ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
غلط فہمی: میری آمدن اتنی کم ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ حقیقت: اگر آپ پر کوئی ٹیکس واجب الادا نہیں تب بھی صفر ٹیکس ظاہر کرکے ریٹرن جمع کرانے سے آپ کا نام فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے جس سے مختلف مالی معاملات میں فائدہ ہوتا ہے۔
غلط فہمی: اگر میں نے اپنی گاڑی یا پلاٹ ظاہر کردیا تو ایف بی آر کی جانب سے نوٹس آجائے گا۔ حقیقت: اثاثے چھپانا یا غلط معلومات فراہم کرنا مشکلات پیدا کرسکتا ہے اس لیے اپنی ملکیت کی تمام چیزیں درست طور پر ظاہر کرنا ضروری ہے۔
غلط فہمی: ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے لیے لازماً کسی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہیں۔ حقیقت: اگر آپ صرف تنخواہ دار ہیں اور آمدن کے ذرائع سادہ ہیں تو ضروری دستاویزات کی مدد سے خود بھی ٹیکس ریٹرن جمع کراسکتے ہیں۔
کن حالات میں ٹیکس ماہر کی مدد لینی چاہیے؟
اگرچہ سادہ آمدن رکھنے والے تنخواہ دار افراد خود ریٹرن جمع کراسکتے ہیں تاہم بعض صورتوں میں ٹیکس ماہر یا کنسلٹنٹ کی مدد لینا بہتر ہوتا ہے۔
اگر آپ کی تنخواہ کے علاوہ کاروبار یا فری لانسنگ سے بھی آمدن ہے۔
اگر آپ کے پاس ایک سے زیادہ جائیدادیں ہیں یا کرائے کی آمدن حاصل ہوتی ہے۔
اگر آپ نے سال کے دوران کوئی جائیداد یا حصص فروخت کیے ہیں۔
اگر بیرون ملک آمدن یا اثاثے موجود ہیں۔
ایسی صورتوں میں ٹیکس کے معاملات نسبتاً پیچیدہ ہوسکتے ہیں اس لیے کسی ماہر سے رہنمائی لینا بہتر ہے۔
ٹیکس ریٹرن جمع کرانا آپ کے اپنے مالی مفاد میں ہے
ٹیکس ریٹرن جمع کرانا محض حکومت کی ذمہ داری پوری کرنے کا معاملہ نہیں بلکہ اپنے مالی معاملات کو منظم رکھنے اور مستقبل میں بڑی خریداریوں کے دوران اضافی ٹیکس سے بچنے کا ایک طریقہ بھی ہے۔
مزید پڑھیں: کیا آپ نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروادیے؟ بھاری جرمانوں سے بچنے کی کل آخری تاریخ ہے
لہٰذا ضروری دستاویزات جمع کریں، کچھ وقت نکالیں اور مقررہ تاریخ سے پہلے اپنا سالانہ حساب مکمل کرلیں۔ اس طرح نہ صرف آپ کا مالی ریکارڈ درست رہے گا بلکہ آئندہ برسوں میں ٹیکس ریٹرن جمع کرانا بھی نسبتاً آسان ہوجائے گا۔











