’تعویز بھی بندھواؤگے جب۔۔۔‘: نوجوان آن لائن جادوگرنیوں کے پاس کیوں جا رہے ہیں؟

منگل 3 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محبت میں کامیابی ہو، قسمت بدلنے کی خواہش یا پھر دولت اور ترقی کا حصول اب ان سب مقاصد کے لیے کچھ نوجوان آن لائن جادوگرنیوں سے رجوع کر رہے ہیں جو مختلف قسم کے منتر اور تعویذ فروخت کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جادو ٹونا کرنے یا اس کی تشہیر پر سخت سزا اور جرمانہ، سینیٹ میں بل منظور

آن لائن خرید و فروخت کے معروف پلیٹ فارم ’ایٹسی‘ پر خود کو جادوگرنی یا روحانی علوم کی ماہر قرار دینے والی خواتین کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ یہ خواتین خوش قسمتی سے لے کر موسم کی تبدیلی تک، مختلف مقاصد کے لیے منتر پڑھنے اور جادوئی عملیات کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لوگوں میں اس رجحان کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔ ایٹسی کے مطابق رواں سال اس پلیٹ فارم پر موسم سے متعلق منتر اور جادوگرنیوں کی تلاش میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

لیکن آخر لوگ ان آن لائن جادوگرنیوں سے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں اور نوجوان نسل ان سے مدد لینے میں کیوں دلچسپی رکھتی ہے؟

دولت اور کامیابی کے لیے جادوئی تعویذ

اسکاٹ لینڈ کے علاقے ایرسکائن سے تعلق رکھنے والی ایلیشیا کاہل خود کو ایک روحانی علوم کی ماہر قرار دیتی ہیں۔ وہ آن لائن مختلف خدمات فراہم کرتی ہیں، جن میں روحانی رہنمائی، مبینہ طور پر مرحوم عزیزوں کی جانب سے پیغامات پر مشتمل خطوط، کرسٹل اور تعویذ شامل ہیں۔

وہ اب تک اپنی آن لائن خدمات کے ذریعے 2 ہزار سے زائد فروخت کر چکی ہیں۔

بظاہر توقع کی جا سکتی ہے کہ ان کے گاہک سب سے زیادہ محبت کے حصول کے لیے منتر خریدتے ہوں گے لیکن ان کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد دولت اور خوشحالی حاصل کرنے کے لیے بھی ان سے رجوع کرتی ہے۔

مزید پڑھیے: نائجیرین نژاد برطانوی مصنفہ جو اپنی ہی لکھی کہانیاں پڑھ کے ڈر جاتی ہیں

ان کے بقول لوگ ایسے منتر اور تعویذ خریدتے ہیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ پیسہ، کامیابی اور نئے مواقع حاصل کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

ایلیشیا کاہل کا دعویٰ ہے کہ موناکو سے تعلق رکھنے والے ایک امیر ٹیکنالوجی سرمایہ کار کی دولت میں اس وقت نمایاں اضافہ ہوا جب اس نے ان سے خوشحالی کے لیے ایک تعویذ خریدا۔

آن لائن ایسے ہی دیگر فروخت کنندگان کی خدمات پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ تقریباً ہر موقع کے لیے کوئی نہ کوئی منتر دستیاب ہے۔ کہیں شادی کے دن بارش رکوانے کے لیے منتر فروخت کیے جا رہے ہیں تو کہیں کسی مشہور اور مکمل طور پر فروخت ہو جانے والے کنسرٹ کے ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے جادوئی عمل کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

ایٹسی کے ترجمان نے بی بی سی اسکاٹ لینڈ کو بتایا کہ شادیوں جیسے خاص مواقع پر جادوئی خدمات اور اشیا میں لوگوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے

ان کے مطابق شادی کے دن دھوپ اور اچھے موسم کو یقینی بنانے سے متعلق منتروں کی تلاش میں 206 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ شادی سے متعلق عمومی منتروں اور جادوگرنیوں کی تلاش میں 105 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تاہم یہ منتر اور عملیات حقیقت میں کتنے مؤثر ہیں یہ ایک الگ سوال ہے۔ خود ایٹسی کے قواعد کے مطابق اس پلیٹ فارم پر فروخت کیے جانے والے منتروں اور جادوئی خدمات کو صرف تفریحی مقاصد کے لیے پیش کیا جانا چاہیے۔

نوجوان جادو پر یقین کیوں کرنے لگے؟

ایلیشیا کاہل کے نزدیک ان کا کام محض کاروبار نہیں بلکہ لوگوں کو جذباتی سہارا فراہم کرنا بھی ہے۔

24 سالہ ایلیشیا کا کہنا ہے کہ آج کے نوجوان اگرچہ منطقی انداز میں سوچنے کے عادی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ کسی ایسی چیز پر یقین کرنا چاہتے ہیں جس میں کچھ غیرمعمولی اور جادوئی پہلو موجود ہو۔

مزید پڑھیں: کیا سردیاں رومانس کا موسم لے آتی ہیں، اس دوران رومانٹک موڈ کے پیچھے کیا سائنس ہے؟

ان کے مطابق بہت سے نوجوان تنہائی کا شکار ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کے پاس آنے والے افراد خود کو محفوظ محسوس کریں اور انہیں کسی حد تک ذہنی سکون مل سکے۔

ایلیشیا کہتی ہیں کہ انسان ہونے کے ناتے ہمیں کسی ایسی قوت یا چیز پر یقین رکھنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے جو ہماری اپنی ذات سے بڑی ہو اور کسی غیرمعمولی چیز کے بارے میں جاننے کا تجسس فطری ہے۔

ان کے بقول، اکثر لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں، لیکن وہ اپنے فیصلوں اور خواہشات کے بارے میں کسی سے محض تھوڑی سی یقین دہانی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر جادو حقیقت نہیں بھی ہے، لیکن اس پر یقین کرنے سے کسی شخص کا اعتماد بڑھتا ہے تو پھر اس میں نقصان ہی کیا ہے؟

محبت اور ملازمت کے لیے بھی منتر

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو سے تعلق رکھنے والی اداکارہ لورا بلیئر نے بھی اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک منتر خریدا۔

29 سالہ لورا نے بی بی سی اسکاٹ لینڈ کو بتایا کہ انہوں نے ملازمت اور پیشہ ورانہ کامیابی کے لیے ایک منتر خریدا تھا، جس کے بعد انہیں ایک جادوگرنی سے منسلک کر دیا گیا۔

اس کے لیے انہیں اپنا پورا نام اور دیگر تفصیلات فراہم کرنا پڑیں، جس کے بعد متعلقہ خاتون نے انہیں ایک ویڈیو بھیجی جس میں وہ ان کے لیے مبینہ طور پر جادوئی عمل کرتی دکھائی دے رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے: محبت اور کرپٹو سرمایہ کاری کے نام پر اربوں ڈالر کے فراڈ، اقوام متحدہ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لورا کے مطابق اگرچہ اس عمل سے انہیں بالکل وہ نتیجہ نہیں ملا جس کی وہ توقع کر رہی تھیں، تاہم اس کے بعد ان کے اداکاری کے کیریئر میں مثبت تبدیلی ضرور آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ منتر کروانے کے بعد انہیں اداکاری کے کئی مواقع ملے اور اس وقت وہ اپنے پورے کیریئر کے مقابلے میں سب سے زیادہ مصروف ہیں۔

 

تاہم ہر کسی کا تجربہ اتنا خوشگوار نہیں رہا۔

گلاسگو ہی کی 22 سالہ چلو نے بھی ایک منتر خریدا تھا لیکن وہ اس کے نتائج سے مطمئن نہیں ہوئیں۔

ان کے مطابق یہ وقت اور پیسے کا ضیاع تھا، کیونکہ جس مقصد کے لیے انہوں نے منتر خریدا تھا وہ پورا نہیں ہوا۔

چلو کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کا اپنے ساتھی سے رشتہ ختم ہوا تھا اور وہ چاہتی تھیں کہ ان کا سابق ساتھی دوبارہ ان کی زندگی میں واپس آجائے لیکن اب انہیں لگتا ہے کہ شاید اس رشتے کا دوبارہ جڑنا بہتر نہ ہوتا۔

روحانیت بھی کاروبار کی شکل اختیار کر رہی ہے

لیڈز بیکٹ یونیورسٹی سے وابستہ مذہب کی سماجیات کی محقق الیگزینڈریا آرتھر ہیسٹی کے مطابق آن لائن جادوگرنیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دراصل معاشرے میں مذہب اور روحانیت سے متعلق بدلتے رجحانات کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لوگ روایتی مذہبی طریقوں سے ہٹ کر روحانیت کی ایسی شکلوں کی طرف بڑھ رہے ہیں جنہیں وہ اپنی ذاتی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق اختیار کر سکتے ہیں۔

ان کے مطابق جس طرح زندگی کے دیگر شعبے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل ہو چکے ہیں اسی طرح جادو اور روحانی عملیات کا آن لائن فروغ بھی حیران کن نہیں۔

الیگزینڈریا آرتھر ہیسٹی اسے روحانیت کو تجارتی مصنوعات میں تبدیل کرنے کے عمل کا تازہ ترین مرحلہ قرار دیتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ’سبرینا دی ٹین ایج وِچ‘ اور ’چارمڈ‘ جیسے ٹی وی پروگراموں نے جادو کو عام لوگوں میں مقبول بنانے میں کردار ادا کیا جب کہ آج سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان بآسانی جادو اور اس سے متعلق مختلف تصورات سے واقف ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: فیس بک رومانس: پاکستانی نوجوان شادی کے لیے بنگلہ دیش پہنچ گیا

تاہم ان کے مطابق اس رجحان کی مقبولیت کے پیچھے صرف تفریح یا تجسس نہیں بلکہ اس سے کہیں گہری وجوہات بھی موجود ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ بعض نوجوان جب زندگی کے غیر یقینی حالات، رشتوں کی پیچیدگیوں، کیریئر کے مسائل یا مستقبل کے خدشات کا سامنا کرتے ہیں تو جادو اور روحانی عملیات کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔

ان کے بقول لوگ انٹرنیٹ پر اپنے مسائل کے حل تلاش کرتے ہیں اور درحقیقت انہیں کسی ایسے سہارے کی ضرورت ہوتی ہے جو ان کی پریشانی کم کر سکے اور انہیں سکون دے۔

الیگزینڈریا آرتھر ہیسٹی کے مطابق جدید دور کی بہت سی جادوگرنیاں خود کو کوئی پراسرار یا مافوق الفطرت شخصیت سمجھنے کے بجائے ایک ایسے فرد کے طور پر پیش کرتی ہیں جو اپنی اور دوسروں کی مدد کرنے کے ساتھ معاشرے کی بہتری کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔

مزید پڑھیے: ’میں منٹو نہیں ہوں‘ ڈرامے میں استاد اور طالبہ کے رومانس پر ہمایوں سعید کا مؤقف کیا ہے؟

ان کا کہنا ہے کہ ان میں سے کئی افراد اپنے کام کو ایک ایسا خدمت کا شعبہ تصور کرتے ہیں جو کسی حد تک مشاورت اور ذہنی و جذباتی رہنمائی سے مشابہت رکھتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp