وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق آج ایک اور اچھی خبر ملے گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کریں گے۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا معاملہ، حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کی تاریخ طے
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایل پی جی پر ناجائز منافع خوری کی گئی ہے، تاہم حکومت صارفین کو کم سے کم قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق، جہاں تک ممکن ہو، اپنی معاشی حقیقتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کمزور اور غریب عوام کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔علی پرویز ملک https://t.co/jQMUE9zv3R
— WE News (@WENewsPk) November 3, 2026
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ مغربی سرحد پر سپلائی متاثر ہونے کے بعد بعض عناصر نے صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ حکومت کو ایل پی جی کی قیمتوں پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حالانکہ ایل پی جی کی قیمت حکومت مقرر نہیں کرتی۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ ملک میں ایل پی جی کی سالانہ کھپت 24 لاکھ ٹن ہے۔ پاکستان میں گیس کے ایک کروڑ کنکشن موجود ہیں، جبکہ دیگر شہری اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایل پی جی استعمال کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت سردیوں کے دوران صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ موسم سرما میں صارفین کو کھانا پکانے کے تینوں اوقات میں گیس دستیاب ہو۔
علی پرویز ملک کے مطابق خطے میں جاری چیلنجز کے باعث ایل این جی کی درآمد میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ علاقائی صورتحال کی وجہ سے دنیا اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ ریفائنریوں کی مدد سے روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ موجودہ معاشی مشکلات کے دوران جہاں تک ممکن ہو، کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
علی پرویز ملک کے مطابق حکومت نے عوام کو ریلیف اسکیم کے تحت 130 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور کم سے کم قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
ایل پی جی کی درآمد مسابقتی بنیادوں پر کھولنے کا فیصلہ، 50 سال سے چند افراد کا گٹھ جوڑ ہے، عطااللہ تارڑ
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہاکہ حکومت نے ایل پی جی کی درآمد مسابقتی بنیادوں پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس شعبے میں مسابقت کو فروغ دیا جاسکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کے شعبے میں گزشتہ 50 سال سے چند افراد کا گٹھ جوڑ قائم ہے، تاہم وزیراعظم نے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی غرض سے اس شعبے میں مسابقت بڑھانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سیکٹر میں مسابقتی عمل کو فروغ دینے کے اس اقدام کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
عطااللہ تارڑ کے مطابق اس وقت پوری دنیا توانائی کے بحران سے گزر رہی ہے اور عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کے حساب سے ایل پی جی کی قیمت 450 روپے فی کلو بنتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے توانائی کے پورے بحران کے دوران عوامی مفادات کے تحفظ کو سب سے زیادہ اہمیت دی اور عوام پر کسی قسم کا بوجھ نہیں پڑنے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ابتدائی طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی فراہم کی، جس کی بدولت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیا گیا۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ اب حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت فیول ریلیف اسکیم چلائی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ریفائنریوں سے حاصل ہونے والا منافع عوام کو منتقل کیا، جو ملکی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی ممکن نہیں ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: لاہور: پیٹرول سے بچنے کے لیے شہری سائیکلوں پر آگئے، اب سائیکل چوروں سے کون بچائے؟
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ توانائی بحران کے دوران عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں۔
عطااللہ تارڑ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی مفادات کا تحفظ ہمیشہ وزیراعظم کی اولین ترجیح رہا ہے اور حکومت اسی پالیسی کے تحت ایل پی جی کے شعبے میں مسابقت کو فروغ دینے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔









