بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، 17 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید

منگل 3 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یکم نومبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے شہر میں سڑک بند کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔

اس کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا۔

کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں علاقوں میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی۔

بیان کے مطابق ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp