واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرکے صارفین کے دوستوں اور عزیزوں سے جعلی پیغامات کے ذریعے رقم بٹورنے کے واقعات میں اضافے کے بعد سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موبائل فون اور ایپس کا سافٹ ویئر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ نہ کرنا صارفین کے لیے خطرات بڑھا سکتا ہے۔ ماہرین نے صارفین کو 2 مرحلوں پر مشتمل تصدیقی نظام فعال رکھنے اور مشکوک روابط سے محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
سائبر حملہ آور واٹس ایپ اکاؤنٹس تک غیرقانونی رسائی حاصل کرنے کے بعد اصل صارفین کے گفتگو کرنے کے انداز کی نقل کرتے ہیں اور ان کے رابطوں کو پیغامات بھیج کر فوری ضرورت کے نام پر بینک اکاؤنٹس میں رقم منتقل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ ہیکنگ کے بڑھتے واقعات، پی ٹی اے نے عوامی آگاہی کے لیے معلوماتی ویڈیو جاری کردی
استنبول کامرس یونیورسٹی کے سائبر سیکیورٹی پروگرام کے سربراہ ابراہیم گوندوذگل نے بتایا کہ ہیکرز جعلی روابط کے ذریعے معلومات چرانے اور صارفین کو دھوکا دینے کی مختلف تکنیکیں استعمال کرکے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ پرانی ایپس یا موبائل فون کے نظام میں موجود حفاظتی خامیوں سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
ان کے مطابق یہ خطرہ صرف واٹس ایپ تک محدود نہیں بلکہ ٹیلی گرام اور اسی نوعیت کی دیگر ایپس کے فعال اکاؤنٹس اور سیشنز بھی ہیکرز کے نشانے پر آسکتے ہیں۔ ان حملوں میں تکنیکی خامیوں کے ساتھ صارفین کی لاپروائی بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سائبر سیکیورٹی ماہر نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ واٹس ایپ سمیت پیغام رسانی کی دیگر ایپس میں دو مرحلوں پر مشتمل تصدیقی نظام فعال کریں اور موبائل پیغامات یا کسی دوسرے ذریعے سے موصول ہونے والے تصدیقی کوڈز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ صارفین اپنی ایپس میں منسلک آلات اور فعال سیشنز کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور کسی ایسے آلے کی نشاندہی ہونے پر جسے وہ نہیں پہچانتے، فوری طور پر اس کی رسائی ختم کردیں۔ اگر کسی صارف کو شبہ ہو کہ اس کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے تو اسے فوری طور پر اکاؤنٹ کی بحالی کا عمل شروع کرنے کے ساتھ اپنے قریبی رابطوں کو بھی آگاہ کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کا واٹس ایپ ہیک
ماہرین نے خبردار کیا کہ اگر کوئی جاننے والا اچانک رقم منتقل کرنے کی درخواست کرے تو اس پر فوری اعتماد کرنے کے بجائے کسی دوسرے ذریعے سے اس کی شناخت کی تصدیق کی جائے۔
ابراہیم گوندوذگل کے مطابق اکاؤنٹس ہیک ہونے کا خطرہ صرف اینڈرائیڈ یا آئی او ایس میں سے کسی ایک نظام تک محدود نہیں، تاہم حالیہ رپورٹس میں پرانے سافٹ ویئر پر چلنے والے آئی فونز میں بھی ایسی خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غیر محفوظ کمپیوٹرز پر واٹس ایپ ویب کے کھلے سیشنز، نقصان دہ سافٹ ویئر اور جعلی کیو آر کوڈز کے ذریعے بھی ہیکرز صارفین کے اکاؤنٹس تک غیر قانونی رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ صارفین بظاہر اپنے موبائل پر معمول کے مطابق ایپ استعمال کرتے رہتے ہیں، لیکن حملہ آور کسی دوسرے آلے سے ان کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔ اس لیے موبائل فون کے ساتھ اکاؤنٹ سے منسلک کمپیوٹرز اور دیگر آلات کی سیکیورٹی بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔
دوسری جانب استنبول کامرس یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر پروگرامنگ کے سربراہ صبری اردمیر نے کہا کہ اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ ہیک ہوجائے تو اسے مشکوک پیغامات کے اسکرین شاٹس، روابط، فون نمبرز، رقم طلب کرنے کے لیے استعمال کیے گئے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، رقم منتقلی کی رسیدیں اور واقعے کی تاریخ و وقت محفوظ کرلینا چاہیے تاکہ یہ ریکارڈ تحقیقات میں مدد دے سکے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ ہیکنگ اور سائبر فراڈ سے بچاؤ، پی ٹی اے کی صارفین کو ہشیار رہنے کی ہدایت
انہوں نے خبردار کیا کہ متاثرہ موبائل فون کا انٹرنیٹ بند کردینا ہیکنگ روکنے کے لیے کافی نہیں، کیونکہ حملہ آور کسی دوسرے آلے سے اکاؤنٹ تک رسائی برقرار رکھ سکتا ہے۔ اسی طرح فون کو فیکٹری ری سیٹ کرنے یا ایپس حذف کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے، کیونکہ ایسا کرنے سے حملے اور دھوکا دہی سے متعلق اہم شواہد ضائع ہوسکتے ہیں۔
صبری اردمیر نے کہا کہ اگر کسی صارف کو مالی نقصان پہنچا ہو تو اسے فوری طور پر متعلقہ بینک سے رابطہ کرنا چاہیے، جبکہ مالی نقصان نہ ہونے کی صورت میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی اطلاع دینی چاہیے تاکہ محفوظ کیے گئے شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور مزید فراڈ کی روک تھام ممکن ہوسکے۔
راشد علی کے مطابق دوپہر کے وقت گھر واپس پہنچنے پر بھی ان کے دونوں بچوں کو دوپہر کا کھانا درکار ہوتا ہے، اس لیے وہ دوبارہ رکشہ لے کر سڑکوں پر نکل جاتے ہیں اور رات گئے تک سواریوں کی تلاش میں رہتے ہیں، تاکہ بچوں کے لیے رات کا کھانا خریدنے کے لیے کچھ رقم جمع کرسکیں۔











