دنانیر مبین اور رومیسہ خان کی کامیابی کے پیچھے کون؟ میرب علی نے راز بتا دیا

بدھ 4 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی اداکارہ میرب علی نے سوشل میڈیا کو شوبز انڈسٹری کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پلیٹ فارم نے دنانیر مبین اور رومیسہ خان جیسی باصلاحیت شخصیات کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور اداکاری کے شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔

حسن چوہدری کے پروگرام ’بز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے میرب علی کا کہنا تھا کہ بعض افراد میں سوشل میڈیا انفلوئنسر اور اداکار کے درمیان فرق ختم ہو جاتا ہے کیونکہ اصل اہمیت کسی بھی شخص کی صلاحیت اور فن کی ہوتی ہے۔

انہوں نے دنانیر مبین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ سوشل میڈیا انہیں شوبز انڈسٹری میں لے کر آیا کیونکہ دنانیر ایک انتہائی باصلاحیت اداکارہ ہیں۔میرب علی کے مطابق اگر سوشل میڈیا موجود نہ ہوتا تو ان جیسے نوجوانوں کے لیے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں جگہ بنانا اور اپنے کیریئر کو آگے بڑھانا خاصا مشکل ہوتا۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا اسٹار سے اداکارہ بننے والی رومیسہ خان کی بھی تعریف کی اور انہیں ایک خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں اداکاری کی مختلف صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے رومیسہ خان کے تاثرات اور آنکھوں کی اداکاری کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ میرب علی کو اچانک سرجری کیوں کروانا پڑی؟ اصل وجہ سامنے آگئی

میرب علی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا نے انڈسٹری کو ایسے نئے فنکار دیے ہیں جنہیں روایتی ذرائع سے شاید آگے آنے کا موقع نہ مل پاتا۔ گفتگو کے دوران میرب علی نے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری (Nepotism) کی موجودگی کا بھی اعتراف کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقربا پروری کے ذریعے کسی شخص کو دو یا زیادہ سے زیادہ تین منصوبوں میں کام کرنے کا موقع مل سکتا ہے تاہم طویل عرصے تک انڈسٹری میں برقرار رہنے کے لیے اپنی صلاحیتیں ثابت کرنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈراما سیریل ’درِ نجات‘ میں رومیسہ خان کی اداکاری نے ناظرین کے دل جیت لیے، سوشل میڈیا پر تعریفیں

انہوں نے انڈسٹری میں نئے چہروں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض اداکار مسلسل اسکرین پر نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے ناظرین انہیں بار بار دیکھ کر اکتا سکتے ہیں چاہے وہ اچھے فنکار ہی کیوں نہ ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp